زبُور خُرُوج کے وقت خُداوند کے مُعجزے

[ہلّلُویاہ] 1 ۔جب اِسرؔائیل مِصؔر سے۔ اَور یَعقُو ؔب کا گھرانا اجنبی زُبان والی قوم میں سے باہر نکلا۔ 2 ۔تُو یہُودؔاہ اُس کا مَقدِس بنا۔ اَور اَسرؔائیل اُس کی مَملُکَت۔ 3 ۔سمُندر نے دیکھا اَور بھاگ نِکلا۔ اَور یردؔن پچھلی طرف بہنے لگا۔ 4 ۔پہاڑ مینڈھوں کی مانند۔ اَور ٹِیلے بھیڑ کے بچّوں کی مانند اُچھلے۔ 5 ۔اَے سمُندر تُجھے کِیا ہُؤا کہ تُو بھاگ نِکلا۔ اَے یردؔن تُجھے کیا ہُؤا کہ تُو پچھلی طرف بہنے لگا۔ 6 ۔اَے پہاڑو تُمہیں کیا ہُؤا کہ تُم مینڈھوں کی مانند اُچھلے۔ اَے ٹِیلو تُمہیں کیا ہُؤا کہ تُم بھیڑ کے بچّوں کی مانند کوُدے؟ 7 ۔اَے زمین۔ خُداوند کے حضُور۔ یَعقُوبؔ کے خُدا کے حضُور لرزاں ہو۔ 8 ۔جس نے چٹان کو پانی کی جھیِل۔ اَور چقماق کو پانی کا چشمہ بنا دِیا۔