زبُور صادِق کی خُوشحالی

ہلّلُویاہ 1 ۔مُبارَک وہ آدمی ہَے جو خُداوند سے ڈرنے والا ہَے۔ اَور جِسے اُس کے اَحکام نہایت عزیز ہَیں۔ 2 ۔ اُس کی نسل زمین پر طاقتور ہو گی۔ صادِقوں کی پُشت مُبارَک ہو گی۔ 3 ۔ اُس کے گھر میں مال اَور دولت ہو گی۔ اَور اُس کی سخاوت اَبد تک رہے گی۔ 4 ۔ وہ راستکاروں کے لئے تارِیکی میں گویانُور طُلُوع ہوتا ہَے۔ وہ مہربان اَور رحیم اَور صِدیق ہَے۔ 5 ۔کیاہی سعادت مند وہ آدمی ہَے جو مہربان ہو کر قرض دے۔ اَور صداقت سے اپنے مال کی مختاری کرے۔ 6 ۔ اُسے کبھی بھی جُنبِش نہ ہو گی۔ صادِق کا ذِکر اَبد تک رہے گا۔ 7 ۔ وہ بُری خبر سے نہ ڈرے گا۔ اُس کا دِل خُداوند پر توکُّل کر کے مُستحکم ہَے۔ 8 ۔ اُس کا دِل بر قرار ہَے۔ وہ ڈرے گا نہیں۔ جب تک اپنے دُشمنوں کی رُسوائی نہ دیکھے۔ 9 ۔ وہ بکھیر کر مِسکینوں کو دیتا ہَے۔ اُس کی سخاوت اَبد تک رہے گی۔ اُس کا سِینگ جلال کے ساتھ بُلند ہو گا۔ 10 ۔شریر دیکھ گا۔ اَور جَل جائے گا۔ وہ دانت پیِس پیِس کر پگھل جائے گا۔ شریروں کی تمناّ نابُود ہو جائے گی۔