زبُور بَدگو دُشمن کے خلاف دُعا

[موسیقی کےلئے۔ از داؔؤد ۔ مزمُور] 1 ۔اَے خُدا تُو جس کی مَیں حمد کرتا ہوتا ہُوں۔ خاموش نہ رہ۔ 2 ۔کیونکہ بے دِین اَور دغا باز کا مُنہ مُجھ پر کُھل گیا ہَے۔ اُنہوں نے جُھوٹی زُبان سے میرے ساتھ کلام کِیا۔ 3 ۔اَور کِینہ کی باتوں سے مُجھے گھیر لِیا۔ اورناحق مُجھ سے لڑائی کی۔ 4 ۔اُنہوں نے میری مُحّبت کے عوِض مُجھ پر تُہمت لگائی۔ لیکن میں دُعا کرتا رہا۔ 5 ۔اُنہوں نے مُجھے نیکی کا بَدی سے۔ اَور میری محُبت کا نفرت سے بَدلہ دِیا۔ 6 ۔ تُو اُس کے خلاف شریر کو برپا کر۔ اَور مخُالف اُس کی دہنی طرف کھڑا رہے۔ 7 ۔جب اُس کی عدالت کی جائے تو وہ مُجرم نِکلے۔ اَور اُس کی فریاد باطِل رہ جائے۔ 8 ۔اُس کے ایّام کم ہو جائیں۔ اُس کا عُہدہ کوئی دوسرا لے لے۔ 9 ۔اُس کے بچّے یِتیم ہو جائیں۔ اَور اُس کی بیوی بیوہ بنے۔ 10 ۔اُس کے بچّے آوارہ پھریں اَور بھیک مانگا کریں۔ اَور اپنے وِیران مقاموں سے بھی نِکال دیئے جائیں۔ 11 ۔سُود خور اُس کا سب کُچھ رہن رکھے۔ اَور اُس کی محِنت کا ثمر بیگانے لوگ لُوٹ لیں۔ 12 ۔کوئی اُس پر رحم نہ کرے۔ اَور نہ کوئی اُس کے یِتیموں پر ترس کھائے۔ 13 ۔اُس کی نسل کٹ جائے۔ اَور اگلی پُشت میں اُس کا نام و نشان مِٹ جائے۔ 14 ۔اُس کے اَجداد کی تقِصیر خُداوند کے حضُور یاد رہے۔ اُس کی ماں کی خطا مِٹائی نہ جائے۔ 15 ۔بلکہ یہ ہر وقت خُداوند کے سامنے رہیں۔ وہ اُن کا ذِکر زمین پر سے نابُود کرے۔ 16 ۔کیونکہ اُس نے رحم کرنے سےغفلت کی۔ بلکہ غریب و مِسکین شخص اَور شکستہ دِل کو ستایا۔ تاکہ اُسے قتل کرے۔ 17 ۔وہ لعنت کا مُشتاق تھا۔ پس یہ اُس پر آپڑے۔ برکت کی اُسے خواہش نہ تھی۔ پس یہ اُس سے دُور ہو۔ 18 ۔وہ لباس کی طرح لعنت کو پہنے۔ یہ پانی کی طرح اُس کی اَنتڑیوں میں۔ اَور تیل کی مانند اُس کی ہَڈّیوں میں داخِل ہو۔ 19 ۔یہ اُس کے لئے گویا پوشاک ہو جو اُسے ڈھانپے۔ اَور پٹکے کی طرح ہو جس سے وہ ہر وقت کمَر بستہ رہے۔ 20 ۔جو مُجھ پر اِلزام لگاتے ہَیں۔ اَور جو میرے خلاف بَدی سے بات کرتے ہَیں۔ اُن کے لئے خُداوند کی طرف سے یہ اَجر ہو۔ 21 ۔لیکن تو اَے مالِک خُداوند اپنے نام کی خاطِر میری طرف ہو۔ چونکہ تیری رحمت شِفیق ہَے مُجھے رِہائی دے۔ 22 ۔کیونکہ مَیں غریب اَور مِسکین ہُوں۔ اورمیرا دِل میرے اندر زخمی ہَے۔ 23 ۔مَیں ڈھلتے سائے کی طرح غائب ہو تا ہُوں۔ اَور مَیں ٹِڈی کی مانند اُڑایا جاتا ہُوں۔ 24 ۔فاقےکے سبب سے میرے گھُٹنے ڈگمگا رہے ہَیں۔ اور میرا گوشت فربہی سے محُروم ہو گیا ہَے۔ 25 ۔میں اُن کے نزدیک باعثِ ملامت ٹھہرا ہوُں۔ وہ میری طرف دیکھ کر سر ہِلاتے ہَیں۔ 26 ۔اَے خُداوند میرے خُدا میری مدد کر۔ اپنی رحمت کے مُطابِق مُجھے رہائی دے۔ 27 ۔ اوروہ جان لیں کہ یہ تیرا ہی ہاتھ تھا۔ اور کہ تُو ہی نے اَے خُداوند یہ کِیا۔ 28 ۔وہ لعنت کریں۔ پر تُو برکت دے۔ وہ میرےخلاف اُٹھ کر شرمنِدہ ہوں۔ پر تیرا بندہ شادمانی کرے۔ 29 ۔وہ مُجھ پراِلزام لگاتے ہَیں وہ رُسوائی سے مُلبْس ہوں۔ اَور اپنی شرمنِدگی کو جُبّہ کی طرح اَوڑھیں۔ 30 31 ۔تو مَیں اپنے مُنہ سے خُداوند کا بے حد شکُر کرُوں گا۔ اَور کثِیرلوگوں کے درمیان اُس کی تعریف کرُوں گا۔ کیونکہ وہ مِسکین کی دہنی طرف کھڑا رہا۔ تاکہ اُسے فتویٰ دینے والوں سے بچائے۔