زبُور الہٰی شفقت کی تحسین

[ازداؔؤد] 1 ۔ اَے میری جان خُداوند کو مُبارَک کہہ۔ اَو ر جو کُچھ مُجھ میں ہَے اُس کے قُدّوس نام کو مُبارَک کہے۔ 2 ۔اَے میری جان خُداوند کو مُبارَک کہہ۔ اَور اُس کی کِسی نعمت کو فراموش نہ کر۔ 3 ۔وہ تُجھے تیری تمام بَدیاں مُعاف کرتا ہَے۔ وہ تُجھے تیری تمام بیماریوں سے شِفا دیتا ہَے۔ 4 ۔وہ تیری زِندگی کو ہلاکت سے چُھڑاتا ہَے۔ وہ شفقت اور رحمت کا تاج تُجھ پر رکھتا ہَے۔ 5 ۔وہ تیری زِندگی کو اچھّی چیزوں سے آسوُدہ کرتا ہَے۔ تُو عُقاب کی مانند اَز سرِ نَو جوان ہوتا ہَے۔ 6 ۔خُداوند عدالت کا کام کرتا ہَے۔ اَور تمام مظلُوموں کے لئے اِنصاف کرتا ہَے۔ 7 ۔اُس نے اپنی راہیں مُوؔسیٰ کو۔ اَور اپنے کام بنی اِسرؔائیل کو دِکھائے ہَیں۔ 8 ۔خُداوند رحیم اَور مہربان ہَے۔ وہ قہر کرنے میں دھیما اَور نہایت شِفیق ہَے۔ 9 ۔وہ ہمیشہ کے لئے خفا نہ رہے گا۔ اَور نہ اَبد تک جھِڑکتا رہے گا۔ 10 ۔وہ ہمارے گُناہوں کے مُطابِق ہم سے سلُوک نہیں کرتا۔ اَور نہ ہمارے جرائم کے مُطابِق ہمیں بدلہ ہی دیتا ہَے۔ 11 ۔کیونکہ جس قدر آسمان زمین سے بُلند ہَے۔ اُسی قدر اُس کی رحمت اُس سے ڈرنے والوں پر ہَے۔ 12 ۔جس قدر مشرق مغرب سے دُور ہَے۔ وہ ہمارے گُناہ ہم سے اُتنی ہی دُور کر دیتا ہَے۔ 13 ۔جس طرح باپ اپنے بچّوں پر رحم کرتا ہَے۔ اُسی طرح خُداوند اپنے ڈرنے والوں پر رحم کرتا ہَے۔ 14 ۔کیونکہ وہ ہماری سرِشت کو جانتا ہَے۔ اُسے یاد رہتا ہَے کہ ہم خاک ہَیں۔ 15 ۔اِنسان کے ایّام گھاس کی مانند ہَیں۔ وہ میدان کے پھُول کی طرح کِھلتا ہَے۔ 16 ۔جُونہی ہَوا اُس پر چلتی ہَے وہ غائب ہو جاتا ہَے اَور اُس کا مقام اُس سے پھِر واقِف نہیں ہوتا۔ 17 ۔لیکن خُداوند کی رحمت اُس سے ڈرنے والوں پر ۔ اَزل سے اَبد تک ہَے۔ اَور اُس کا عدل نسل در نسل کے لئے ہَے۔ 18 ۔یعنی اُن کے لئے جو اُس کے عہد کے پابند ہوتے ہَیں۔ اَور اُس کے قواعد پر عمل کرنا یاد رکھتے ہَیں۔ 19 ۔خُداوند نے اپنا تخت آسمان میں نَصب کِیا ہَے۔ اَور اُس کی بادشاہی سب پر مُسِلّط ہَے۔ 20 ۔خُداوند کو مُبارَک کہو۔ اَے اُس کے فِرشتو۔ جو قُوّت میں زور آور ہو۔ اَور اُس کے کلام کی آواز سُن کر اُس کی بات پر عمل کرتے ہو۔ 21 ۔خُداوند کو مُبارَک کہو۔ اَے اُس کے تمام لشکرو۔ جو اُس کے خادِم ہو اَور اُس کی مرضی بجا لاتے ہو۔ 22 ۔خُداوند کو مُبارَک کہو۔ اَے اُس کی تمام مخلوقات اَے میری جان اُس کی حُکومت کے ہر مقام میں۔ خُداوند کو مُبارَک کہہ۔