زبُور حُکمران کی طرزِ زندگی

[از داؔؤد۔ مزمُور] 1 ۔ مَیں شفقت اَور عدالت کی بابت گاؤں گا۔ اَے خُداوند مَیں تیری ہی مَدح سرائی کرُوں گا۔ 2 ۔مَیں کامِل راہ میں چلتا رہُوں گا۔ تُو میرے پاس کب آئے گا؟ مَیں اپنے گھر میں۔ اپنے دِل کی بے گُناہی میں چلتا رہوُں گا۔ 3 ۔مَیں کِسی بدی کے اَمر کو۔ اپنے پیش نِگاہ نہ رکھُّوں گا۔ مَیں کَج رَو کے کام سے نفرت رکھتا ہُوں۔ وہ مُجھ سے تعلُّق نہ رکھّے گا۔ 4 ۔ٹیڑھا دِل مُجھ سے دُور رہے گا۔ شرارت کے کام کو مَیں نہیں پہچانوُں گا۔ 5 ۔جو پوشیدگی میں اپنے ہمسائے کی غیِبت کرتا ہَے۔ مَیں اُسے ہلاک کر دُوں گا۔ مَیں بُلند نظر اَور دِل کے مغروُر کی۔ برداشت نہیں کروُں گا۔ 6 ۔میری آنکھیں مُلک کے امانتداروں پر ہَیں۔ تاکہ وہ میرے ساتھ رہیں۔ جو کامِل راہ پر چلتا ہَے۔ وہی میری خدمت کرے گا۔ 7 ۔جو فریب کرتا ہَے۔ وہ میرے گھر میں نہیں رہے گا۔ جو جھُوٹی باتیں کرتا ہَے۔ وہ میری آنکھوں کے سامنے نہیں ٹھہرے گا۔ 8 ۔مَیں مُلک کے تمام شریروں کو۔ ہر صُبح فنا کِیا کرُوں گا۔ اَور خُداوند کے شہر میں سے ۔ سب بدکرداروں کو خارِج کر دُوں گا۔