مکاشفہ باب ۱۴

1 ۱۔ میں نے نگاہ کی اور کیا دیکھا کی بّرہ وہاں صیون پر میرے سامنے کھڑا ہے۔ اور اُس کے ساتھ ۱۴۴،۰۰۰ لوگ تھے جن کے ماتھے پر اُس کا اور اُس کے باپ کا نام درج تھا۔ 2 ۲۔میں نے آسمان سے ایک ایسی آواز سُنی جو زور کے پانی اور بڑی گرج کی سی تھی اور جو آواز میں نے سُنی وہ ایسی تھی جیسے بربط نواز بربط بجاتے ہیں۔ 3 ۳۔ اُنہوں نے تخت کے سامنے، چاروں جانداروں او ربزرگوں کے سامنے نیا گیت گایااور ۱۴۴،۰۰۰ آدمیوں جو کہ زمین سےلائے گئے تھے اُن کے سوا کوئی یہ گیت نہ سیکھ سکا۔ 4 ۴۔ یہ وہ ہیں جنہوں نے عورتوں کے ساتھ خود کو آلودہ نہ کیا، اُنھوں نے جسمانی طور پر خود کو پاک رکھا۔ یہ وہ ہیں جو برّہ کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں جدھر وہ جاتا ہے۔ یہ خدا اور برّہ کے لئے پہلے پھل ہونے کے لئے خرید لئے گئے۔ 5 ۵۔ اُن کے منہ سے کبھی جھوٹ نہ نکلا تھا، وہ بے عیب ہیں۔ 6 ۶۔میں نے ایک اور فرشتہ آسمان کے بیچ میں اُڑتا ہوا دیکھا، جس کے پاس، ہرقوم، ہر قبیلےاور ہر زبان کے لوگوں کے لئے جو زمین پر ہیں سُنانے کے لئے ابدی خُوشخبری ہے۔ 7 ۷۔ اُس نے بلند آواز سے پُکارا، ’’ خدا سے ڈرو اور اُس کی تمجید کرو‘‘ اُس کی عدالت کی گھڑی آپہنچی۔ اُس کی ستائش کرو جس نے زمین، آسمان، سمندر، چشمے اور پانی کو پیدا کیا۔‘‘ 8 ۸۔ پھر اِس کے بعد ایک اور بھی دوسرا فرشتہ یہ کہتے ہوئے آیا’’ گر پڑا، عظیم شہر بابل گر پڑا، جس نے اپنی حرام کاری کی مے تمام قوموں کو پلائی۔‘‘ 9 ۹۔ پھر اِس کے بعد تیسرا فرشتہ اُن کے پیچھے بلند آواز سے کہتے ہوئے آیا ’’ اگر کوئی حیوان اور اُس کے بُت کی پرستش کرے اور اُس کا نشان اپنے ماتھے یا اپنے ہاتھ پر لگوائے‘‘۔ 10 ۱۰۔ تو وہ خدا کے قہر کے پیالے کوبھی پئے گا جو اُس کے غضب سے بھرا ہوا ہے، جوشخص یہ پئے گاوہ فرشتوں اور برّہ کے سامنے آگ اور گندھک میں میں ڈالا جائے گا۔ 11 ۱۱۔ اُن کے غضب کا دُھواں ہمیشہ بڑھتا جائے گا، وہ جنہوں نے حیوان اور اُس کے بُت کی پرستش کی اور اُس کا نشان لگایا وہ دن رات آرام نہیں کریں گے۔ 12 ۱۲۔ یہ (ایمانداروں) مقدسوں کے صبر کا وقت ہے۔ اُن کا جو خدا کے حکموں کی تابعداری کرتے اور مسیح پر ایمان رکھتے ہیں۔‘‘ 13 ۱۳۔ میں نے آسمان سے یہ آواز سُنی: یہ لکھ ’’مبارک ہیں وہ فرد جو خداوند میں موئے ۔‘‘ ’’ہاں، رُوح کہتا ہے ’’ کہ اپنی محنتوں سے آرام پائیں گے،کیونکہ اُن کے اعمال اُن کے ساتھ ہوں گے۔‘‘ 14 ۱۴۔ میں نے نگاہ کی اور دیکھا کہ کوئی سفید بادل میں بیٹھا ابنِ آدم جیسا بیٹھا تھا اُس کے سر پر سونے کا تاج تھا اور ہاتھ میں تیز درانتی تھی۔ 15 ۱۵۔ پھرہیکل سے ایک اور فرشتہ آیا جو بادل پر بیٹھا تھا اُس نے بلند آواز سے پُکارا، ’’ اپنی درانتی لے اور کٹائی شروع کر کہ کٹائی کا وقت آپہنچا اور زمین کی فصل پک گئی ہے‘‘۔ 16 ۱۶۔ پھر جو بادل پر بیٹھا تھا اُس نے درانتی زمین پر لہرا دی اور زمین کی فصل کٹ گئی۔ 17 ۱۷۔ پھر ایک اور فرشتہ ہیکل سے آسمان میں آیا، اُس کے پاس بھی تیز درانتی تھی۔ 18 ۱۸۔ پھر ایک اور فرشتہ مذبح پر بُخورسے آیا، یہ وہ فرشتہ تھا جس کا آگ پر اختیار تھا اُس نے اُس فرشتہ کو جس کے ہاتھ میں درانتی تھی بلند آواز سے پکار کر کہا، ’’ اپنی تیز درانتی لے اور زمین سے انگور کے گچھے کاٹ کیونکہ انگور پک چُکے ہیں۔ ‘‘ 19 ۱۹۔ فرشتے نے اپنی تیز درانتی زمین پر لہرائی اور انگور کی فصل اکٹھی کر کے خدا کے قہر کے حوض میں ڈال دی۔ 20 ۲۰۔ اور شہر کے باہر اُس حوض میں انگور روندے گئے اور حوض سے اتنا خون نکلا کہ گھوڑوں کی لگاموں تک جاپہنچا اور سولہ سو فرلانگ(296کلومیٹر) تک پہنچا۔