پہلا تھِسلنُیکیوں باب ۱

1 ۱۔ پولس، سِلوانُس اور تیمتھیُس کی طرف سے تھِسلنُیکیوں کی کلیسیا کو خدا باپ اور خداوند یسوع مسیح میں فضل اور اطمینان حاصل ہوتا رہے۔ 2 ۲۔ ہم ہمیشہ اپنی دعائوں میں تم سب کے لئے خدا کا شکر کرتے ہیں۔ 3 ۳۔ ہم بِلا ناغہ خدا اور باپ کے سامنے تمہارے ایمان کے کاموں اور محبت کی محنت، اور اُس اُمید کے صبر کو یاد کرتے ہیں جو خداوند یسوع مسیح میں ہے۔ 4 ۴۔ خدا میں پیارے بھائیو، ہم تمہاری بلاہٹ کو جانتے ہیں، 5 ۵۔ کہ خوش خبری کیسے تم تک پہنچی، صرف لفظی طور پر ہی نہیں بلکہ پاک روح کی قدرت اور پورے اعتماد کے ساتھ، اور اِسی طرح تم بھی جانتے ہو کہ ہم تمہارے درمیان تمہارے لئے کیسے رہے۔ 6 ۶۔ اور تم نے خدا کے کلام کو مصیبت میں پاک روح کی خوشی کے ساتھ قبول کر کے ہماری اور خداوند کی پیروی کی ہے۔ 7 ۷۔ اِس طرح تم مکدونیہ اور اخیہ کے ایمان داروں کے لئے مثال بن گئے ہو۔ 8 ۸۔اور تمہارے ہاں سے مکدونیہ اور اخیہ میں نہ صرف خداوند کا کلام پھیلا بلکہ تمہارا ایمان بھی ایسا مشہور ہو گیا کہ ہمارے بتانے کی ضرورت ہی نہ رہی۔ 9 ۹۔ کیونکہ وہ خود ہمارا کام بیان کرتے ہیں کہ تمہارے درمیان ہمارا آنا کیسا تھا۔ وہ بتاتے ہیں کہ تم کیسے بتوں سے کنارا کر کے زندہ اور سچے خدا کی طرف پھر آئے ہو۔ 10 ۱۰۔ اُنہوں نے بتایا کہ تم خدا کے بیٹے کے آسمان پر سے آنے کے منتظر ہوجسے اُس نے مُردوں میں سے جِلایا۔ یہ یسوع ہے جو ہمیں آنے والے غضب سے بچاتا ہے۔