باب

1 ۔ لاویوں کے شہر پھر موآب کے کھیتوں میں یریحو کے مقُابل یردن کے کنارے پر خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ بنی اِسرائیل کو حکم کر ۔ کہ وہ اپنی ملکیت کی میِراث میں سے لاویوں کو رہنے کے لئے شہر دیں ۔ اور شہروں کا گرِدونواح بھی اُنہیں دیں۔ 3 ۔ تو شہر اُن کے بسنے کے لئے ہوں گے ۔ اور شہروں کی نواحی اُن کے جانوروں اور مویشیوں اور اُن کے سب حیوانوں کے لئے ہوگی۔ 4 ۔ اور شہروں کی نواحی جو تم لاویوں کو دو گے ۔ شہر کی دیوار سے کو چاروں طرف ہزار ہزار قدم ہوگی۔ 5 ۔تو اُس کی پیمائش شہر سے باہر مشرق کی جانب دو ہزار ہاتھ اور جنُوب کی طرف کی پیمائش دو ہزار ہاتھ اور مغرب کی طرف کی پیمائش دو ہزار ہاتھ اور شمال کی طرف کی پیمائش دو ہزار ہاتھ ہو گی اور شہر درمیان میں ہوگا۔یہ اُن کے لئے شہروں کی نواحی ہوگی۔ 6 ۔ اور جو شہر تم لاویوں کو دو گے اُن میں سے چھ شہرپناہ کے لئے ہوں گے ۔ اُنہیں تم الگ کرو ۔ تاکہ خُونی اُن میں پناہ لیں۔ اور اُن کے علاوہ تم اُنہیں بیالیس شہر اور دو۔ 7 ۔ تو سب شہر جو تم لاویوں کو دو گے اُن کی نواحی کے سمیت اڑتالیس شہر ہوں گے۔ 8 ۔ اور یہ شہر جو تم اُنہیں بنی اِسرائیل کی ملکیت میں سے دو گے۔ جن کے پاس تھوڑے ہیں ۔ اُن سے تھوڑے لو ۔ اور جن کے پاس تھوڑے ہیں۔ اُن سے تھوڑے لو۔ہر ایک اپنے شہروں میں سے اپنی میِراث کے مطُابق جو اُس نے پائی لاویوں کو دے۔ 9 ۔ پناہ کے شہر اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 10 ۔بنی اِسرائیل کو حکم کر ۔ اور اُن سے کہہ ۔ کہ جب تم یردن سے گزُر کر ملک کِنعان میں جاؤ۔ 11 ۔تو اپنے لئے شہر مقُرر کرو ۔ جو تمہارے لئے پناہ کے شہر ہوں ۔ تاکہ وہ خُونی جس نے سہواً خُون کیِا وہاں پناہ لے ۔ 12 ۔تو یہ شہر تمہارے مقتُول کے ولی سے جائے پناہ ہوں گے ۔ اور کوئی خُونی جب تک وہ جماعت کے سامنے فیصلہ کے واسطے کھڑا نہ ہو۔ قتل نہ کیِا جائے۔ 13 ۔اور وہ شہر جِنہیں تم پناہ گاہ کے لئے الگ کرو گے ۔ تمہارے لئے چھ شہر ہوں گے۔ 14 ۔اُن میں سے تین یردن کے پار اور تین کِنعان کے ملک میں پناہ کے شہر ہوں گے۔ 15 ۔بنی اِسرائیل کے لئے اور پردیسی کے لئے اور مسُافر کے لئے جو تمہارے درمیان رہتا ہے۔ یہ چھ شہر جائے پناہ ہوں گے تاکہ جس کسی نے سہواً خُون کیِا ۔ وہاں پناہ لے۔ 16 ۔اگر کسی نے لوہے کے ہتھیار سے مارا اور وہ مر گیا ۔ تو وہ خُونی ہے۔ خُونی ضُرور مار ڈالا جائے۔ 17 ۔اور اگر اُس نے ہاتھ سے پتّھر مارا کہ جس سے کو ئی مر سکتا ہے۔ اور وہ مر گیا ۔ تو وہ خُونی ہے ۔ خُونی ضُرور مار ڈالا جائے۔ 18 ۔اور اگر اُس نے لکڑی کی کسی چیز سے ہاتھ مارا جس سے کوئی مر سکتا ہے اور وہ مر گیا ۔ تو وہ خونی ہے۔ خونی ضرور مار ڈالاجائے۔ 19 ۔ مقتُول کا ولی خُونی کو قتل کرے ۔ جس وقت اُسے ملے اُسے مار ڈالے۔ 20 ۔اور اگر وہ اُسے دُشمنی کے باعث دھکیلے یا گھات لگا کر اُس پر کوئی چیز پھینکے اور وہ مر جائے۔ 21 ۔یا عداوت کے سبب اُسے ہاتھ سے مارے ۔ اور وہ مر جائے تو مارنے والا قتل کیِا جائے کیونکہ وہ خُونی ہے ۔مقتُول کا ولی جس وقت قاتِل کو پائے۔ اُسے مار ڈالے۔ 22 ۔اور اگر وہ اُسے بغیر عداوت کے ناگہانی دھکیلے یا بِلا قصد اُس پر کوئی چیز پھینکے۔ 23 ۔یا ایسا پتّھر جس سے کوئی مر سکتا ہے۔ بِن دیکھے اُس پر گرائے ۔اور وہ مر جائے اور وہ اُس سے عداوت نہ رکھتا تھا اور نہ اُس کی بدی چاہتا تھا۔ 24 ۔تو جماعت اُن احکام کے مطُابق قاتل اور مقتُول کے وَلی کے درمیان فیصلہ کرے۔ 25 ۔اور جماعت قاتل کو مقتُول کے وَلی کے ہاتھ سے چھڑائے اوراُسے پناہ کے شہر میں جہاں اُس نے پناہ لی تھی ۔ پھر بھیج دے ۔ تو وہ وہاں رہے ۔ جب تک کہ سردار کاہِن جو مقُدس تیل سے مسح کیِا گیا ہے وفات نہ پائے۔ 26 ۔اور اگر قاتل پناہ کے شہر کی حد سے جہاں وہ پناہ لینے گیا باہر نکلے ۔ 27 ۔ اور مقتُول کا وَلی پناہ کے شہر کی حد سے باہر اُسے پائے ۔ اور مقتُول کا وَلی قاتل کو مار ڈالے ۔ تو وہ خُون کرنے کا مجُرم نہ ہوگا۔ 28 ۔کیونکہ لازم تھا کہ وہ قاتل اپنے پناہ کے شہر میں سردار کاہِن کی وفات تک رہتا ۔ اور سردار کاہِن کی وفات کے بعد قاتل اپنی ملکیت کی زمین کو واپس آئے۔ 29 ۔او ر تمہارے سب مَسکنوں میں پُشت در پُشت یہ قانوُنی فرائض ہوں گے۔ 30 ۔ اگر کوئی کسی کو مار ڈالے ۔ تو گواہوں کی گواہی سے قاتِل مار ڈالا جائے ۔ پر اگر ایک ہی گواہ ہو۔ تو اُس کی گواہی سے کوئی مارا نہ جائے۔ 31 ۔اور جس قاتل پر قتل کا فتوی ٰ دِیا گیا ہے ۔ تم اُس سے دِیت مت لو۔ وہ قتل کیِا جائے۔ 32 ۔اور تم اُس قاتل سے جس نے پناہ کے شہر میں پناہ لی ہو اِس غرض سے دِیت نہ لو کہ وہ سردار کاہِن کی موت سے پہلے اپنی سرزمین میں پھر قیام کرنے کے لئے لوٹنے پائے۔ 33 ۔ تم ملک کو جس میں تم ہو ناپاک نہ کرو کیونکہ خُون زمین کو ناپاک کرتا ہے۔ اور جو خُون اُس پر بہایا گیا ہو ۔ اُس کا کَفارہ نہیں ہوسکتا ۔ سِوائے اِس کے کہ خُون بہانے والے کا خون بہایا جائے۔ 34 ۔پس اُس ملک کو جس میں تم رہتے ہوناپاک نہ کرو ۔ اور میَں اُس کے بیچ میں مقُیم ہوں۔ کیونکہ میَں خُداوند بنی اِسرائیل کے درمیان مقُیم ہوں۔