باب

1 ۔ چاندی کے نرسنگے اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ کہ اپنے لئے چاندی کے دو نرسنگے بنا ۔ دونوں گھڑے ہُوئے ہوں اور وہ تیرے لئے جماعت کو بُلانے اور ڈیروں کے کُوچ کے لئے ہوں گے۔ 3 ۔ جب وہ دونوں بجائے جائیں تو کل جماعت تیرے پاس خیمہ اجتماع کے دروازے کے نزدیک جمع ہوجائے۔ 4 ۔اور جب ایک بجایا جائے تو فقط رئیس یعنی بنی اِسرائیل کے قبائل کے سردار تیرے پاس جمع ہوں۔ 5 ۔اور جب لمبی آواز میں وقفہ کے ساتھ بجائے جائیں تو مشرق کی طرف ڈیرے کُوچ کریں۔ 6 ۔اور جب ایسی ہی آواز سے دُوسری دفعہ بجائے جائیں تب جنُوب کی طرف کے ڈیرے کُوچ کریں۔ اور جب تیسری بار بجائے جائیں تب مغرب کی طرف کے ڈیرے کُوچ کریں اور جب چوتھی بار بجائے جائیں تو شمال کی طرف کے ڈیرے کُوچ کریں ۔ اُن کے کُوچ کے وقت وہ وقفہ کی آواز سے بجائے جائیں۔ 7 ۔ اور جماعت کو جمع کرنے کے لئے وہ بِلاوقفہ آواز سے بجائے جائیں۔ 8 ۔اور ہارون کے بیٹے جو کاہِن ہیں نرسنگے بجائیں گے۔اور یہ ابدی فرض تمہاری پُشتوں میں ہوگا۔ 9 ۔اور جب تم اپنے ملک میں دُشمنوں کے خلاف جو تم پر حملہ کریں لڑائی کے لئے نکلو۔ تو لمبی آواز سے وقفہ کے ساتھ نرسنگے بجاؤ۔ تو تم اپنے خُداوند کے سامنے یاد کئے جاؤ گےاور تم اپنے دُشمنوں سے چھڑائے جاؤ گے۔ 10 ۔اور تم اپنی خُوشی کے دِن اور اپنی عیدوں میں اور اپنے مہینوں کے شروع میں اپنی سوختنی قُربانیوں اور اپنی سلامتی کی قُربانیوں پر نرسنگے بجاؤ۔تو وہ تمہارے لئے تمہارے خُدا کے سامنے یادگار ہوگی۔ میَں خُداوند تمہارا خُدا ہوں۔ 11 ۔سیِنا سے روانگی اور یُوں ہُؤاکہ دُوسرے سال کے دُوسرے مہینے کے بیسویں روز شہادت کے مَسکن سے بادل اُونچا ہو گیا۔ 12 ۔تو بنی اِسرائیل دشتِ سیِنا سے اپنی منزلوں میں روانہ ہُوئے ۔ اور بادل دشتِ فاران میں ٹھہر گیا۔ 13 ۔ خُدواند کے حکم موُافق جو موسیٰ کی زُبان سے تھا اُنہوں نے پہلی منزل کُوچ کیِا۔ 14 ۔ تو پہلے بنی یہوُداہ کے لشکر کا جھنڈا بڑھا۔ اور وہ جوق در جوق روانہ ہُؤا۔ اور یہوُداہ کے لشکر پر نحسون بِن عمینداب سردار تھا ۔ 15 ۔اور بنی اشکار کے قبیلہ کے لشکر نتنی ایل بِن ضُغر تھا۔ 16 ۔اور بنی زبولون کے قبیلہ کے لشکر پر الیاب بِن حیلون تھا۔ 17 ۔پھر مَسکن اُتارا گیا ۔ تو بنی جیرسون اور بنی مراری مَسکن کو اُٹھا کر روانہ ہُوئے ۔ 18 ۔ تب بنی روبن کے لشکر کا جھنڈا آگے بڑھا۔ اور وہ جوق در جوق روانہ ہُؤا ۔ اور اُس کے لشکر پر الیصور بِن شدیور سردار تھا۔ 19 ۔ اور بنی شمعون کے قبیلہ کے لشکر پر سلومی ایل بِن صُوری شدی تھا۔ اور بنی جد کے لشکر پر الیاسف بِن دعوایل تھا۔ 20 ۔اور بنی جد کے قبیلہ کے لشکر پر الیاسف بن دعوئیل تھا۔ 21 ۔ پھر قہاتیوں نے پاک چیزیں اُٹھا کے کُوچ کیِا۔ اور وہ اُن کے آنے تک مَسکن کو کھڑاکر دیتے تھے۔ 22 ۔ تب بنی اِفرائیم کے لشکر کا جھنڈا آگے بڑھا۔ اور وہ جوق در جوق روانہ ہُؤا اور اُن کے لشکر پر الیسمع بِن عمیہود سردار تھا۔ 23 ۔اور بنی منّسی کے قبیلہ کے لشکر پر جملی ایل بِن فدا ہصُور تھا۔ 24 ۔اور بنی بنیمین کٍے قبیلہ کے لشکر پر ابدان بِن جدعُونی تھا۔ 25 ۔ آخرکار بنی دان کے لشکر کا جھنڈا آگے بڑھا اور وہ جوق در جوق روانہ ہُؤا۔ دان کے لشکر کا سردار اخیعزر بِن عمیشدی تھا۔ 26 ۔اور بنی آشر کے قبیلہ کے لشکر پر فجعی ایل بِن عکران تھا۔ 27 ۔ اور بنی نفتالی کے قبیلہ کے لشکر پر اخیرع بِن عینان تھا۔ 28 ۔یہ بنی اِسرائیل کی روانگی کی ترتیب ہوتی تھی جب وہ اپنے اپنے لشکروں کے مطُابق جوق در جوق کُوچ کرتے تھے۔ 29 ۔اور موسیٰ نے حوباب سے جو موسیٰ کے سُسر رعوایل مدیانی کا بیٹا تھا کہا۔ کہ ہم اُس جگہ کو جاتے ہیں ۔ جس کی بابت خُداوند نے فرمایا ہے کہ میں تمہیں دُوں گا۔ سو تُو ہمارے ساتھ آ۔ ہم تجھ سے نیکی کریں گے ۔کیونکہ خُداوند نے اِسرائیل کے ساتھ نیکی کا وعدہ کیِاہے۔ 30 ۔ تو اُس نے اُسے جواب دِیا ۔ نہیں میَں تیرے ساتھ نہیں جاؤں گا بلکہ میَں اپنے ملک اور اپنے خاندان کی طرف جاؤں گا۔ 31 ۔تو اُس نے کہا تُو ہمیں نہ چھوڑ۔ کیونکہ تُو بیِابان میں ٹھہرنے کی جگہوںکو جانتا ہے۔ سو تُو ہمارے لئے بجائے آنکھوں کے ہوگا۔ 32 ۔اور اگر تُو ہمارے ساتھ چلے۔ تو جو نیکی خُداوند ہمارے ساتھ کرے۔ ہم تیرے ساتھ کریں گے۔ 33 ۔سو اُنہوں نے خُداوند کے پہاڑ سے تین دِن کی راہ سفر کیِا۔ اور خُداوند کے عہد کا صندُوق تینوں دِن کے سفر میں اُن کے ساتھ چلتا رہا تاکہ اُن کے لئے قیام گاہ تلاش کرے۔ 34 ۔اور جب وہ ڈیرے سے کُوچ کرتے تو دِن کے وقت خُداوند کا بادل اُن کے اُوپر ہوتا تھا۔ 35 ۔اور صندُوق کے کوُچ کے وقت موسیٰ یہ کہتا تھا۔ اے خُداوند! اُٹھ ۔ تیرے دُشمن پراگندہ ہوں اور تیرے مخالف تیرے سامنے سے بھاگیں۔ 36 ۔اور اُس کے مقام کرنے کے وقت وہ کہتا تھا۔ اے خداوند ! تُو جو بادلوں پر سَوار ہوتا ہے۔ اَسرائیل کے لشکروں کے پاس پھر آ۔