باب

1 ۔ ریکابیوؔں کا نیک نمُونہ یہ وہ کلام ہَے جو یرمیاہ نے شاہ یہُوداہ یہویقیم بِن یوسیاہ کے ایّام میں خُداوند سے پایا جب اُس نے کہا کہ۔ 2 ۔ تُو ریکابیوؔں کے گھر جا اَور اُن سے کلام کر ۔اَور اُنہیں خُداوند کے گھر کی ایک کوٹھڑی کےاندر لا اَور اُنہیں مَے پِلا۔ 3 ۔ تب مَیں نے یا زنیاہ بِن یرمیاہ حننیاہ اَور اُس کے بھائیوں اَور اُس کے تمام بیٹوں اَور ریکابیؔوں کے سارے گھرانے کو لِیا۔ 4 ۔ اَور مَیں اُنہیں خُداوند کے گھر میں یونان بِن حنان بِن یجدلیاہ مَرد خُدا کی کوٹھڑی کے اندر لایا جو سرداروں کی کوٹھڑی کے نزدِیک معسیاہ بِن سلوم دربان کی کوٹھڑی کے اُوپر تھی۔ 5 ۔ اَور مَیں نے ریکابیوؔں کے گھرانے کے بیٹوں کے آگے مَے سے بھری ہُوئی صُراحیاں اَور پیالے رکھّ دیئے اَور اُن سے کہا کہ مَے پِیو۔ 6 ۔ تو اُنہوں نے کہا ہم مَے نہیں پیئیں گے۔ کیونکہ یوناداؔب بِن ریکاؔب ہمارے باپ نے ہمیں حُکم دے کر کہا ۔کہ تُم اَور تُمہارے بیٹے ہرگز مَے نہ پیئیں ۔ 7 ۔ اَور تُم گھر نہ بناؤ اَور نہ کھیت بوؤ ۔اَور نہ تاکِستان لگاؤ ۔اَور نہ اُن کے مالِک ہو بلکہ تُم اپنے تمام ایّام خَیموں میں رہو ۔تاکہ تُم رُوئے زمین پر جس میں تُم مُسافر ہو بہُت دِنوں تک جیتے رہو 8 ۔ چُنانچہ ہم نے اپنے باپ یوناداؔب بِن ریکاؔب کے حُکم کی ہر ایک بات میں اُس کی سُنی۔ ہم اَور ہماری بیویاں اَور ہمارے بیٹے اَور بیٹیاں عُمر بھر کبھی مَے نہیں پیتے۔ 9 ۔ اَور ہم اپنے رہنے کے لئے نہ گھر بناتے ۔اَور نہ تاکِستان اَور نہ کھیت اَور نہ بیج رکھتے ہَیں ۔ 10 ۔ اَور ہم خیموں میں رہتے ہَیں ۔اَور سب کُچھ جس کا ہمارے باپ یونا داؔب نے ہمیں حُکم دِیا ہم نے مانا اَور اُس پر عمل کِیا۔ 11 ۔ لیکن جب شاہ بابؔل نُبوکد نِضؔر اِس مُلک پر چڑھ آیا ۔تو ہم نے کہا۔ آؤ ہم کسدیوں کے لشکر کے سامنے سے اَور اَراؔم کے لشکر کے سامنے سے یرُوشلیِؔم کو جائیں۔ لہذا ہم یرُوشلیِؔم میں بسنے لگے۔ 12 ۔ تب خُداوند یرمیاہ سے ہم کلام ہُؤا اَور کہا۔ 13 ۔ ربُّ الا فواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَےکہ جا اَور مَر دان ِ یہُوداہ اَور باشِندگان یرُوشلیِؔم سے کہہ۔ کیا تُم تنبیہ قبُول نہ کرو گے کہ تُم میری باتیں سُنو؟(ٰ یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) ۔ 14 ۔ یوناداؔب بِن ریکؔاب کی باتیں قائم رکھّی گئیں۔جس نے اپنی اولاد کو حُکم دِیا تھا کہ مَے نہ پیئیں۔پس اُنہوں نے آج کے دِن تک نہیں پی کیونکہ اُنہوں نے اپنے باپ کا حُکم مانا۔ پر مَیں تُم سے برقت ہمیشہ کہتا رہا اَور تُم شَنَوا نہ ہُوئے۔ 15 ۔ اَور مَیں اپنے تمام بندوں یعنی انبیاء کو تُمہارے پاس بَروقت بھیجتا رہا ۔تاکہ کہا کریں کہ تُم ہر ایک اپنی بُری راہ سے باز آؤ۔ اَور اپنے اَعمال کو سَدھارو۔ پرستش کرنے کے لئے دُوسرے مَعبُودوں کی پیروی نہ کرو۔ تو تُم اِس مُلک میں بستے رہو گے جو مَیں نے تُمہیں اَورتُمہارے باپ دادا کو عطا کِیا۔ پر تُم نے اپنے کان نہ لگائے اَور میرے شَنَوا نہ ہُوئے۔ 16 ۔جب کہ بنی یونا داؔب بِن ریکاؔب اُس حُکم پر قائم رہے جو اُن کے باپ نےاُنہیں دِیاتھا۔ پر یہ اُمّت میری نہیں سُنتی۔ 17 ۔ اِس لئے خُداوند لشکروں کا خُدا ۔اِسرائیّل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ کہ مَیں یہُوداہ پر اَور تمام باشِندگان یرُوشلیِؔم پر وہ پُوری آفت لائؤں گاجس سے مَیں نے اُنہیں پہلے آگاہ کِیا تھا۔ کیونکہ مَیں نے اُن سے کلام کِیا پر اُنہوں نے نہ سُنا اَور مَیں نے اُنہیں بُلایا۔پر اُنہوں نے جَواب نہ دِیا۔ 18 ۔اَور یرمیاہ نے ریکاؔبیوں کے گھرانے سے کہا ربُّ الا فواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرما تا ہَے۔چُونکہ تُم نے اپنے باپ یوناداؔب کا حُکم سُنا اَور اُس کے سب حُکموں کو مانا۔ اَور اُس سب پر جس کا اُس نے تُمہیں حُکم دِیا تُم نے عمل کِیا۔ 19 ۔ اِس لئے ربُّ الا فواج اِسرئیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَےکہ یونادؔاب بِن ریکؔاب کے لئے ایسے مَرد کی کبھی کمی نہ ہوگی جو میرے حضُور کھڑا ہو۔