باب

1 ۔ کامِل بحالی جس وقت یرمیاہ ہنُوز قید خانے کے صحن میں مُقیدّ تھا اُس نے دوبار خُداوند سے کلام پایا۔ جب اُس نے کہا کہ۔ 2 ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے جس نے زمین کو خلق کِیا اَور اُسے بنایا اَور قائم کِیا ہَے۔ اُس کا نام خُداوند ہَے۔ 3 ۔ مُجھے پُکار اَور مَیں تُجھے جواب دُوں گا۔ اَور وہ بڑی اَور مشکل باتیں تُجھے بتاؤں گا ۔جنہیں تُو نہیں جانتا ۔ 4 ۔ کیونکہ خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا اِس شہر کے گھروں کی بابت اَور یہُوداہ کے بادشاہوں کے اُن گھروں کی بابت جو قلعوں اَور تلوار کے مُقابلے میں مِسمار کئے گئے۔یُوں فرماتا ہَے۔ 5 ۔ حالانکہ کسدی اِس میں لڑنے آئے ہَیں۔تو یہ اِس لئے ہَے کہ یہ اُن آدمیوں کی نعشوں سے بھرجائے جنہیں مَیں نے اپنے غضب اَور قہر سے قتل کِیا ہَے۔ اَور اِس لئے کہ مَیں نے اِس شہر سے اُن کی تمام شرارت کے باعِث اپنا مُنہ موڑا ہَے۔ 6 ۔ دیکھ مَیں اُسے صحت اَور شِفا بخشوں گا۔اَور مَیں اُن پر سلامتی اَور صداقت کی فروانی ظاہر کرُوں گا۔ 7 ۔ اَور یہوداہ کی اسیری اَور اِسرائیؔل کی قِسمت بدل دُوں گا۔ اَور اُنہیں پہلے کی مانند بناؤں گا۔ 8 ۔ اَور اُنہیں اُس تمام بے دینی سے پاک کرُوں گا جس سے اُنہوں نے میرا گُناہ کِیا ہَے۔ اَور اُنہیں اُن کے وہ تمام گُناہ معاف کرُوں گا جِن سے اُنہوں نے میرے خلاف خطا کی ہَے اَور مُجھ سے سرکش ہُوئے ہَیں۔ 9 ۔ اَور یہ زمین کی تمام قوموں کے نزدِیک جو اُس تمام نیکی کی خبر سُنیں گی جو مَیں اُن سے کرُوں گا میرے لئے خُوشی اَور ستائش اَور فخر کا باعِث ہوگا۔ تو وہ اُس تمام نیکی اَور سلامتی کے سبب سے جو مَیں اُن کے لئے مُہیا کرُوں گا خوف زدہ اَور لرزاں ہوں گی۔ 10 ۔خُداوند یُوں فرما تا ہَے۔اِس جگہ میں ( جس کی بابت تُم کہتے ہو کہ وہ وِیران ہَے نہ اُس میں اِنسان ہَے اَور نہ حیوان ہَے) یعنی یہُوداہ کے شہروں اَور یرُوشلیِؔم کے کُوچوں میں ( جو تباہ شُدہ ہَیں اَور جِن میں نہ کوئی اِنسان نہ باشِندہ اَور نہ حیوان ہَے)۔ 11 ۔ خُوشی کی آواز اَور فرحت کی آواز اَور دُلہے کی آواز اَور دُلہن کی آواز بلکہ اُن کی آواز سنائی دے گی۔جوکہتے ہَیں " ربُّ الافواج کا شُکر کرو کیونکہ خُداوند نیک ہَے اَور اُس کی رحمت اَبد تک قائم ہَے۔"اَور اُن کی بھی جو خُداوند کے گھر میں شُکر گُزاری کی نَذَریں لائیں گے۔ کیونکہ مَیں اِس سَر زمین کی قِسمت کو پہلے کی طرح بدلُوں گا۔ (خُداوند فرماتا ہَے) 12 ۔ ربُّ الا فواج یُوں فرماتا ہَے۔ کہ اِس وِیران جگہ میں جس میں نہ اِنسان ہَے اَور نہ حیوان ہَے اَور اُس کے سب شہروں میں پھِر اُن چرواہوں کے مَسکِن ہوں گے جو اپنے گلّوں کو بٹھائیں گے۔ 13 ۔ کوہستان اَور نشیبی زمین اَور جنوب کے شہروں میں اَور بنیمین کی سَر زمین اَور یرُوشلیِؔم کی نواحی اَور یہُوداہ کے شہروں میں گننے والے کے ہاتھ کے نیچے سے پھِر گلّے گُزریں گے۔( خُداوند فرماتا ہَے) 14 ۔مسیح مَوعُود دیکھ۔ (ٰ یُوں خُداوند کا فرمان ہَے)۔وہ دِن آتے ہَیں کہ مَیں اُس نیک کلام کو پُورا کرُوں گا جو مَیں نے اِسرائیؔل کے گھرانے اَور یہُوداہ کے گھرانے کے حَق میں کہا تھا۔ 15 ۔ اُن دِنوں میں اَور اُس وقت میں مَیں داؤد کے لیے ایک صادِق کو نپل پیدا کرُوں گا اَور وہ زمین پر عدل اَور صداقت کا کام کرے گا۔ 16 ۔ اُنہی ایّام میں یہُوداہ نجات پائے گااَور یرُوشلیِؔم اِطمینان سے سکُونت کرے گا۔اُس کا نام یہ ہوگا کہ " خُداوند ہماری صداقت" ۔ 17 ۔ کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ کہ داؤد کے لئے اِسرائیؔل کے گھرانے کے تخت پر بیٹھنے کے لئے مَردکی کمی نہ ہوگی۔ 18 ۔اَور نہ لاوی کا نوں کے لئے میرے حضُور ایسے مَرد کی کمی ہوگی جو سوختنی قُربانی چڑھائے اَور نَذَروں کی خُوشبُو جَلائے اَور ہمیشہ کے لئے ذَبیحہ ذبح کِیا کرے۔ 19 ۔ اَور خُداوند یرمیاہ سے ہم کلام ہُؤا اَور کہا۔ 20 ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے کہ اگر یہ مُمکن ہو کہ جو میرا عہد دِن کے ساتھ ہَے اَور جو میرا عہد رات کے ساتھ ہَے تُم اُسے توڑو ۔ایسے کہ دِن اَور رات اپنے اپنے وقت پر نہ ہوں۔ 21 ۔ تو یہ بھی ممکن ہَے کہ جو میرا عہد میرے بندے داؤد کے ساتھ ہَے وہ ٹُوٹ جائے ۔ایسے کہ اُس کے تخت پر سَلطنَت کرنے کے لئے بیٹا نہ ہو ۔اَور یُوں ہی میرے خدمت گُزار لاوی کا نوں کے ساتھ۔ 22 ۔ جس طرح کہ آسمانی لشکر کا شُمار نہیں ہوسکتا اَور ساحِل کی ریت ناپی نہیں جا سکتی۔ اِسی طرح مَیں اپنے بندے داؤؔد کی نسل کو بڑھاؤں گا ۔اَور لاویوں کو بھی جو میری خدمت کرتے ہَیں۔ 23 ۔ اَور خُداوند یرمیاہ سے ہم کلام ہُؤا اَور کہا۔ 24 ۔ کیا تُو نے نہیں دیکھا ۔کہ یہ لوگ بات کرکے کیا کہتے ہَیں۔ یعنی یہ کہ اُن دو خاندانوں کو جنہیں خُداوند نے چُنا۔اُس نے اُنہیں رَدّ کِیا۔ تو وہ میری اُمّت کی حقارت کرتےہَیں یہاں تک کہ اُن کے نزدِیک پھِر وہ قوم نہیں رہی۔ 25 ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ کہ اگر میرا دِن اَور رات کے ساتھ عہد نہ ہو اَور اگر مَیں نے آسمان اَور زمین کے لئے نظام مُقرّر نہ کِیاہو۔ 26 ۔ تو مَیں یَعقُؔوب اَور اپنے بندے داؤؔد کی نسل کو بھی رَدّ کرُوں گا۔ کہ مَیں ابرہام اَور اضحاق اَور یَعقُوؔب کی نسل پر حاکِم ہونے کے لئے اُس کی اولاد میں سے کسی کو نہ لُوں۔ کیونکہ مَیں اُن کی قِسمت بدلُوں گا اَور اُن پر رحمِ کرُوں گا۔