باب ۵

1 ۱۔اور جو تَخْت پر بَیٹھا تھا مَیں نے اُس کے دَہْنے ہاتھ میں ایک طُومار دیکھا۔ جو اندر اور باہِر سے لِکھا ہُوا تھا اور سات مُہریں لگا کر بند کِیا گیا تھا۔ 2 ۲۔اور مَیں نے ایک زور آور فرِشتے کو دیکھا جو بڑی آواز سے یہ پُکارتا تھا کہ کون اِس لائِق ہَے کہ اِس طُومار کو کھولے اور اِس کی مُہریں توڑے؟ 3 ۳۔اور کوئی شخْص آسمان پر یا زمِین پر یا زمِین کے نِیچے اُس طُومار کو کھولنے یا اُس پر نَظَر کرنے کے لائِق نہ نِکلا۔ 4 ۴۔اِس پر مَیں زاروقِطار رونے لگا کہ اُس طُومار کو نہ تو کوئی کھولنے اور نہ ہی دیکھنے کے لائِق نِکلا۔ 5 ۵۔تب اُن بزُرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے کہا کہ رو مَت۔ دیکھ، یہُوداہؔ کے قبِیلہ کا وہ بَبر جو داؤُدؔ کی اَصْل ہَے اُس طُومار اور اُس کی ساتوں مُہروں کو کھولنے کے لیے غالِب آیا۔ 6 ۶۔اور مَیں نے تَخْت اور چاروں جانداروں اور بزُرگوں کے درمیان گویا ذَبح کِیاہُوا ایک برّہ کھڑا دیکھا ۔ اُس کے سات سِینگ اور سات آنکھیں تھیں۔ یہ خُدا کی وہ سات رُوحیں ہَیں جو تمام رُوئے زمِین پر بھیجی گَئی ہَیں۔ 7 ۷۔چُنان٘چِہ وہ آیا اور اُس نے تَخْت پر بَیٹھے ہُوئے شخْص کے دَہْنے ہاتھ سے طُومار لے لِیا۔ 8 ۸۔اور جب اُس نے طُومار لے لِیا تووہ چاروں جاندار اور چَوبِیس بزُرگان برّے کے آگے گِر پڑے اور ہر ایک کے پاس ایک ایک بربَط اور خُوشبُو سے بھرے ہُوئے سونے کے پیالے تھے یہ مُقَدّسِین کی دُعائیں ہَیں۔ 9 ۹۔اور وہ ایک نیا گِیت یُوں گانے لگے کہ تُو ہی اِس طُومار کو لینے اور اِس کی مُہریں توڑنے کے لائِق ہَے ۔ کِیُونکہ تُو ذَبح کِیا گیا ہَے اور تُونے اپنے خُون سے ہر قبِیلے، زُبان، اُمّت اور ہر قوم میں سے لوگوں کو خُدا کے لیے خرِید لِیا ہَے۔ 10 ۱۰۔اور اُنھیں ہمارے خُدا کے واسطے ایک سَلْطنَت اور کاہِن بنا دِیا اور وہ زمِین پر بادشاہی کریں گے۔ 11 ۱۱۔پِھر مَیں نے نَظَر کی اور تَخْت اور جانداروں اور بزُرگان کے چَوگِرد بُہت سے فرِشتگان کی آواز سُنی جِن کا شُمار لاکھوں اور کروڑوں میں تھا۔ 12 ۱۲۔اور وہ بُلند آواز سے کہتے تھے کہ ذَبح کِیا ہُوا برّہ ہی قُدرت، دَولت ، حِکمت ، طاقت ، عِزّت ، تمجِید اور حَمْد کے لائِق ہَے۔ 13 ۱۳۔ پِھر مَیں نے آسمان اور زمِین اور زمِین کے نِیچے کی اور سمُندر کی سب مخلُوقات کو یَعنی سب چِیزوں کو جو اُن میں ہَیں یہ کہتے سُنا کہ جو تَخْت پر بَیٹھا ہَے اُس کی اور بَرّے کی حَمْد اور عِزّت اور تمجِید اور سَلْطنَت اَبدُالآباد رہے۔ 14 ۱۴۔اور چاروں جانداروں نے کہا، آمِین۔ اور بزُرگوں نے گِر کر سِجدَہ کِیا۔