باب ۴

1 ۱۔اِن باتوں کے بعد جو مَیں نے نَظَر کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان پر ایک دروازَہ کُھلا ہُوا ہَے اور نرسِنگے کی سی جو آواز مَیں نے پہلے سُنی تھی اُسی نے مُجھ سے فرمایا کہ یہاں اُوپر آجا اور اُسی آواز کے حامِل نے کہا کہ مَیں تُجھے وہ باتیں دِکھاؤں گا جِن کا اِن باتوں کے بعد وُقوع پذیر ہونا ضرُور ہَے۔ 2 ۲۔سو مَیں فی اَلفْور رُوح میں آگیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان پر ایک تَخْت لگا ہَے اور کوئی اُس تَخْت پر بیٹھا ہُوا ہَے۔ 3 ۳۔اور جو اُس پر بَیٹھا ہَے وہ سنگِ یشب اور عقِیق سا دِکھتا ہَے اور اُس تَخْت کے چوگِرد زمُرّد کی سی ایک قَوسِ قُزَح دِکھائی دیتی ہَے۔ 4 ۴۔اور اُس تَخْت کے چَوگِرد چَوبِیس تَخْت ہَیں اور اُن تختوں پر سفید پوشاک پہنے ہُوئے چَوبِیس بزُرگان بَیٹھے ہَیں اور اُن کے سروں پر سونے کے تاج ہَیں۔ 5 ۵۔اور اُس تَخْت میں سے بِجلِیاں اور آوازیں اور گرجیں نِکلتی ہَیں اور اُس تَخْت کے آگے سات چراغ جَل رہے ہَیں یہ خُدا کی سات رُوحیں ہَیں۔ 6 ۶۔اور اُس تَخْت کے سامنے بلّور کی مانِن٘د شیشے کا ایک سمُندر ہَے اور تَخْت کے بِیچوں بِیچ اور تَخْت کےچوگِرد چار جاندار ہَیں جِن کے آگے پِیچھے آنکھیں ہی آنکھیں ہَیں ۔ 7 ۷۔پہلا جاندار بَبر کی مانِن٘د ہَے اور دُوسرا بچھڑے کی مانِن٘د اور تِیسرے کا چہرہ آدمی کا سا ہَے اور چوتھا اُڑتے ہُوئے عُقاب کی طرح۔ 8 ۸۔اور اُن چاروں جانداروں کے چھے چھے پَر ہَیں اور اُن کے چاروں طرف اور اندر آنکھیں ہی آنکھیں ہَیں اور وہ دِن رات یہ پُکارنے سے باز نہیں آتے کہ قُدُّوس۔ قُدُّوس۔قُدُّوس۔ خُداوَند خُدا قادِرِ مُطلِق۔ جو تھا اور جو ہَے اور جو آنے والا ہَے۔ 9 ۹۔اور جب بھی وہ جاندار اُس کی تمجِید اور عِزّت اور شُکْر گُزاری کریں گے جو تَخْت پر بَیٹھا ہَے اور اَبدُالآباد زِندہ رہے گا۔ 10 ۱۰۔تو چَوبِیس بزُرگ اُس کے سامنے جو تَخْت پر بَیٹھا ہَے گِر پڑیں گے اور اُس کو سِجدَہ کریں گے جو اَبدُالآباد زِندہ رہے گا اور اپنے تاج یہ کہتے ہُوئے اُس تَخْت کے سامنے ڈال دیں گے کہ 11 ۱۱۔اَے خُداوَند ہمارے خُدا تُو ہی تمجِید اور عِزّت اور قُدرت کے لائِق ہَے۔ کِیُونکہ تُو ہی نے سب چِیزوں کو خَلْق کِیا اور وہ تیری ہی مرضی سے تِھیں اور وجُود میں آئِیں۔