باب ۶

1 ۱۔کیا تُم میں سے کِسی کو یہ جُرأت ہَے کہ جب دُوسرے کے ساتھ قانُونی مُعاملہ ہو تو فیصلے کے لیے مُقَدّسوں کے پاس جانے کی بجائے بے دِینوں کے پاس جائے؟ 2 ۲۔یا کیا تُم نہیں جانتے کہ مُقَدّس لوگ دُنیا کا اِنصاف کریں گے؟ پس جب دُنیا کا اِنصاف بھی تُمھیں ہی کرنا ہَے تو کیا تُم چھوٹے چھوٹے جھگڑوں کے فیصلے کرنے کے لائِق نہیں ہو؟ 3 ۳۔کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم فِرشتوں کا اِنصاف کریں گے؟ تو کیا ہم دُنیَوی مُعامَلات کے فیصلے نہ کریں؟ 4 ۴۔پس اگر تُم میں عام دُنیَوی مُقدمات ہوں تو کیا اُنھیں مُنصِف ٹھہراؤ گے جو کلِیسِیا میں حقِیر سَمجھے جاتے ہَیں؟ 5 ۵۔مَیں تُمھیں شرمِندہ کرنے کے لیے یہ کہتا ہُوں!کیا واقعی تُم میں ایک بھی عَقْل مَند نہیں؟کیا کوئی ایک بھی نہیں جو اپنے بھائِیوں کے مُقدّمہ کا فیصلہ کر سکے؟ 6 ۶۔بلکہ بھائی کے خِلاف بھائی مُقدّمہ کرتا ہَےاور وہ بھی بے دِینوں کے آگے۔ 7 ۷۔بلکہ دَراصْل تُم میں بڑا نَقْص یہ ہَے کہ آپس میں مُقدّمہ بازی کرتے ہو۔ ظُلْم اُٹھانا کِیُوں نہیں بہتر جانتے؟ اپنا نُقصان کِیُوں قبُول نہیں کرتے؟ 8 ۸۔بلکہ تُم ہی ظُلْم کرتے اور نُقصان پَہُنچاتے ہو۔ اور وہ بھی بھائِیوں کو۔ 9 ۹۔کیا تُم جانتے نہیں کہ بَدکار خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے؟فریب نہ کھاؤ۔ نہ حَرام کار خُدا کی بادشاہی کے وارِث ہوں گے نہ بُت پرست،نہ زِنا کار، نہ عیاش۔ نہ لَونڈے باز۔ 10 ۱۰۔نہ چور، نہ لالچی، نہ نَشہ باز، نہ شَرابی۔ نہ گالِیاں بَکنے والے، نہ ظالِم ۔ 11 ۱۱۔اور تُم میں سے بعض اَیسے تھے بھی ۔مگر تُم خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کے نام سے اور ہمارے خُدا کے رُوح سے دُھل گَئے اور پاک ہُوئے اور راست باز بھی ٹھہرے۔ 12 ۱۲۔”سب چِیزیں میرے لیے رَوا تو ہَیں“، مگر سب چِیزیں مُفِید نہیں ۔”سب چِیزیں میرے لیے رَوا تو ہَیں“،لیکِن مَیں کِسی چِیز کا پابند نہ ہُوں گا۔ 13 ۱۳۔”کھانے پیٹ کے لیے ہَیں اور پیٹ کھانوں کے لیے“،لیکِن خُدا اُس کو اور اِن کو نیست کرے گا۔مگر بدَن حَرام کاری کے لیے نہیں بلکہ خُداوَند کے لیے ہَے اور خُداوَند بدَن کے لیے۔ 14 ۱۴۔اور خُدا نے خُداوَند کو بھی جِلایا اور ہمیں بھی اپنی قُدرت سے جِلائے گا۔ 15 ۱۵۔کیا تُم نہیں جانتے کہ تُمھارے بدَن مسِیح کے اَعضا ہَیں؟پس کیا مَیں مسِیح کے اَعضا لے کر کِسی کَسبی کے اَعضا بناؤں؟ہرگِز نہیں ۔ 16 ۱۶۔کیا تُم نہیں جانتے کہ جو کوئی کَسبی سے صُحبَت کرتا ہَے وہ اُس کے ساتھ ایک تَن ہوتا ہَے؟ کِیُونکہ وہ فرماتا ہَے کہ وہ دونوں ایک تَن ہوں گے۔ 17 ۱۷۔اور جو خُداوَند کی صُحبَت میں رہتا ہَے وہ اُس کے ساتھ ایک رُوح ہوتا ہَے۔ 18 ۱۸۔حَرام کاری سے بھاگو۔ آدمی جِتنے گُناہ کرتا ہَے وہ بدَن سے باہَر ہَیں مگر حَرام کار اپنے ہی بدَن کا گُنہگار ہَے ۔ 19 ۱۹۔کیا تُم نہیں جانتے کہ تُمھارا بدَن رُوح القُدُس کا مَقدِس ہَے جو تُم میں بَسا ہُوا ہَے اور تُمھیں خُدا کی طرف سے حاصِل ہَے ؟اور یہ کہ تُم اپنے نہیں ہو۔ 20 ۲۰۔اِس لیے کہ قِیمت سے خرِیدے گَئے ہو؟پَس اپنے بدَن سے خُدا کا جلال ظاہِر کرو۔