باب ۳

1 ۱۔ غرض اَے بھائِیو! ہمارے حق میں دُعا کرو کہ خُداوَند کا کلام اَیسا جلد پھیل جائے اور جلال پائے جیسا تُم میں۔ 2 ۲۔ اورہم کَج رَو اور بُرے آدمیوں سے بچے رہیں کیونکہ سب میں اِیمان نہیں ۔ 3 ۳۔مگر خُداوَند وفادار ہَے جو تُمھیں مَضبُوط کرے گا اور شریر سے مَحفُوظ رکھّے گا۔ 4 ۴۔ اور ہمیں خُداوَند میں بھروسا ہَے کہ جو حُکم ہم تُمھیں دیتے ہَیں اُس پر عمل کرتے ہو اور کرتے بھی رہو گے۔ 5 ۵۔ اور خُداوَند تُمھارے دِلوں کو خُدا کی مُحَبَّت اور مسِیح کی اِستِقامَت کی طرف مائل رکھّے۔ 6 ۶۔ اَے بھائِیو! ہم اپنے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کے نام میں تُمھیں حُکم دیتے ہَیں کہ ایسے ہر بھائی سے کِنارَہ کرو جو بے قاعدہ چلتا ہَے اور اُس روایت پر نہیں چلتا جو اُسے ہماری طرف سے مِلی۔ 7 ۷۔ کیونکہ تُم آپ ہی جانتے ہو کہ تُمھیں ہماری پیروی کیسے کرنا چاہیے، اِس لیے کہ ہم تُمھارے درمیان بے قاعِدَہ نہ چلتے تھے۔ ‫ 8 ۸۔اور نہ کِسی کی روٹی مُفت کھاتے تھے بلکہ رات دِن محنت مُشقّت سے کام کِیا تاکہ تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالیں۔ 9 ۹۔ اِس لیے نہیں کہ ہمیں اِختیار نہ تھا بلکہ اِس لیے کہ اپنے آپ کو تُمھارے واسطے نمُونہ ٹھہرائیں تاکہ تُم ہماری مانِند بنو۔ 10 ۱۰۔ حتیٰ کہ جب ہم تُمھارے پاس تھے تب بھی تُمھیں یہ حُکم دیتے تھے کہ جِسے محنت کرنا منظُور نہ ہو وہ کھانے بھی نہ پائے ۔ 11 ۱۱۔ چُونکہ ہم سُںنتے ہَیں کہ تُم میں بَعض بے قاعِدہ چلتے ہَیں اور کوئی کام بھی نہیں کرتے بلکہ اَوروں کے کام میں دَخْل دیتے ہَیں۔ 12 ۱۲۔ لِہٰذا اَب ایسے شخصوں کو ہم اپنے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح میں حُکْم دیتے اور نَصِیحَت کرتے ہَیں کہ وہ چُپ چاپ کام کریں اور فَقَط اپنی ہی روٹی کھائیں۔ 13 ۱۳۔اور تُم اَے بھائِیو!نیک کام کرنے میں ہِمّت نہ ہارو۔ 14 ۱۴۔ اور اگر کوئی ہماری ہدایت کو جو ہم بذریعہ خط بھیجتے ہَیں نہ مانے تو ایسے شخص کو نِگاہ میں رکھّو اور نہ اُس سے صُحبَت رکھّو تاکہ وہ شرمِندہ ہو۔ 15 ۱۵۔ تو بھی اُسے دُشمن نہ جانو بلکہ بھائی سمجھ کر نَصِیحَت کرو۔ 16 ۱۶۔اَب خُداوَند جو اِطمِینان کا چَشمہ ہَے آپ ہی تُمھیں ہمیشہ اور ہر طرح سے اِطمِینان بخشے۔ خُداوَند تُم سب کے ساتھ رہَے۔ 17 ۱۷۔مَیں پَولُسؔ اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں ، ہر خط میں میری یہی شِناخْت ہَے۔ مَیں اِسی طرح لِکھتا ہُوں۔ 18 ۱۸۔ہمارے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کا فضْل تُم سب پر ہوتا رہَے۔