باب

1 کنعانِ جدید اور وہ مُجھے گھر کے مَدخل پر واپس لایا۔تو کیا دیکھتا ہُوں کہ گھر کی دہلیز کے نیچے سے مشرق کی طرف پانی نِکل رہا ہےکیونکہ گھر کا سامنا مشرق کی طرف تھا اَور پانی گھر کی دہنی طرف کے نیچےسے مذَبح کی جنُوبی جانب سے بہتا تھا۔ 2 اَور وہ مُجھے شِمالی پھاٹک کی راہ سے باہر لے گیا اَور مُجھے اُس راہ سے جس کا رُخ مشرق کی طرف ہے بیرُونی پھاٹک پر واپس لایا تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دہنی طرف سے پانی جاری ہے۔ 3 جب وہ مَرد مشرق کی طرف آگے بڑھتا گیا تو اُس کے ہاتھ میں پیمائش کی ڈوری تھی اَور اُس نے ایک ہزار ہاتھ ناپا اَور مُجھے پانی میں سے گُزارا اَور پانی ٹخنوں تک تھا۔ 4 پھر اُس نے ایک ہزار ناپا اَور مُجھے پانی میں سے گُزارا تو پانی گُھٹنوں تک تھا اَور اُس نے پھر ایک ہزار ناپااِور مُجھے گُزارا تو پانی کمر تک تھا۔ 5 اَور اُس نے اَور ہزار ناپا۔تو ایسا دریا ہو گیا جِس میں سے مَیں گُزر نہ سکتا تھا کیونکہ پانی اِس قدر چڑھ گیا جو تیرنے کے لائق تھا اَور ایسا دریا ہو گیا جِسے عبُور کرنا نا مُمکن تھا۔ 6 تب اُس نے مُجھ سے کہا کہ اَےابنِ بشر! کیا تُو نے یہ دیکھا؟اَور وہ مُجھے لے گیا اَور دریا کے کِنارے کِنارے مُجھے واپس لایا۔ 7 جب مَیں واپس آ رہا تھا تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دریا کے کِنارے دونوں طرف کثرت سے درخت ہیں۔ 8 اَور اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ پانی مشرقی علاقے کی طرف بہتا ہے۔ اَور میدان میں اُتر کر بحیرہ شوؔر میں جا ملتا ہَے اَور بحیرہ شوؔر میں ملتے ہی اُس کے پانی کو مِیٹھا کر دیتا ہے۔ 9 ہاں یُونہی ہو گا کہ جہاں کہیں یہ دریا پُہنچے گا ہر ایک چلنے پھرنے والا جاندار زِندہ رہے گا اَور اُس پانی کے وہاں پُہنچنے کی وجہ سے مچھلیوں کی بڑی کثرت ہو جائے گی۔کیونکہ پانی مِیٹھا ہو گا۔ 10 اَور عین جدؔی سے لے کر عین عجلیمؔ تک شِکاری اُس کے کِنارے کھڑے ہوں گے۔اَور وہ جال بِچھانے کی جگہ ہو گی۔اَور اُس کی مچھلیاں اپنی اپنی جِنس کے مُطابِق بحیرہ اعؔظم کی مچھلیوں کی طرح کثرت ہو گی۔ 11 لیکن اُس کی کیچ کی جگہیں اور دلدیں شیریں نہ کی جائیں گی۔ وہ نمک زار ہی رہیں گے۔ 12 اَور دریا کے کِنارے دونوں طرف ہر قسم کے میوہ دار درخت اُگیں گے جِن کے پتے نہ کُملائیں گے اَور پَھل موقُوف نہ ہوں گے۔وہ ہر مہینے نئے پَھل لائیں گے کیو نکہ اُن کے لئے پانی مَقدِس میں سے جاری ہے اِس لئے اُن کے پَھل کھانے کے لائق اَور پتّے شفا دینے کے قابل ہوں گے۔ 13 مالِک خُداوندیُوں فرماتا ہے۔یہ وہ سَرحد ہے جس کے مطابق تُم یُوسؔف کو دو حِصّے دے کر اِسرؔائیل کے بارہ قبائل کے لئے مُلک کو مِیَراث کے طور پر تقسیم کروگے۔ 14 اَور تُم اُسے جس کی بابت مَیں نے اپنا ہاتھ اُٹھایا کہ تُمہارے باپ دادا کو دے دُوں گا۔یکساں مِیَراث میں پاؤ گے۔یہ مُلک تُمہاری مِیَراث ہو گا۔ 15 مُلک کی حدُوُد یہ ہیں۔شِمال کی طرف بحیرہ اعؔظم سے لے کر حتلونؔ سے ہوتی ہوئی حماتؔ کے مَدخِل تک۔ 16 صدؔاد اَور بیروؔت اَور سبریم سے ( جو دَمِشق اَور حماتؔ کے علاقوں کے مابین ہے) حصرعینون تک (جو حوراؔن کے علاقے کا ہَے)۔ 17 یُوں سَرحد سمُندر سے حصر عینان تک ہو گی۔دَمِشق اَور حماؔت کی حُدُود شِمال کی طرف۔شِمالی جانِب یہی ہَے۔ 18 مشرقی جانِب۔ حصرعینان سے لے کر (حوراؔن اَور دَمِشق کے مابین) جِلعاد اَور اِسرؔائیل کی سَر زمین کے درمیان بحیرہ مشرق اَورتؔمر تک یردؔن ہو گا۔مشرقی جانِب یہی ہے۔ 19 اَور جنُوب میں جنوبی سرحد کی طرف تؔمر سے لے کر مریبہ قادِس کے چشمے تک اَور مَصؔر کی وادی سے ہو تی ہوئی بحیرہ اعظمؔ تک جنوب کی طرف جنُوبی جانِب یہی ہے۔ 20 اَور اُسی سَرحد سے لے کر حماتؔ کے مَدخِل تک بحیرہ اعظمؔ مغربی سَرحد ہو گا۔ مغربی جانِب یہی ہے۔ 21 ذیل کے طریقے سے تُم اِسرؔائیل کے قبائل کے مُطابق مُلک کو بانٹ لو گے۔ 22 اَور تُم اپنے لئے اَور اُن پردیسیوں کے لئے جو تُمہارے درمیان بستے ہیں اَور جِن کی اولاد تُمہارے درمیان پیدا ہُوئی اُس قُرعہ سے تقسیم کرو گے تو وہ تُمہارے لئے بنی اِسرؔائیل میں وطنیوں کی مانند ہُوں گے اَور اِسرؔائیل کے قبائل کے درمیان اُن کی میراث تُمہارے ساتھ ہو گی۔ 23 اَور جس جس قبیلے میں کوئی پردیسی بسا ہو گا تُم اُسی میں اُسے مِیَراث دو گے(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔