1
تب وہ مُجھے مَقدِس کے بیرُونی پھاٹک پر جس کا رُخ مشرق کی طرف ہے واپس لایا۔اَور وہ بند تھا۔
2
اَور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ یہ پھاٹک بند رہے گا۔اَور کھولا نہ جائے گا۔اَور کوئی اِنسان اِس سے داخِل نہ ہو گا کیونکہ خُداوند اِسرؔائیل کا خُدااِس سے داخِل ہُؤا ہے اِس لئے یہ بند رہے گا۔
3
فرمان روا اِس لئے کہ فرمان روا ہَے اُس میں بیٹھے گا تاکہ خُداوند کے حضُور روٹی کھائے وہ اِس پھاٹک کی ڈیوڑھی کی راہ سے اندر آئے گا۔اَور اِسی راہ سے باہر جائے گا۔
4
بعد اِس کے وہ مُجھے شِمالی پھاٹک پر گھر کے سامنے لایا اَور میں نے نظر کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کے جلال سے خُداوند کا گھر معمُور ہے۔تب مَیں مُنہ کے بَل گِرا۔
5
اَور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اَے ابنِ بشر!دِل لگا کر توجُّہ کر اَور اپنی آنکھوں سے دیکھ اَور جو کُچھ مَیں خُداوند کے گھر کی سب رسُوم اَور اُس کے تمام قواعد کی بابت تُجھ سے کہتا ہُوں اپنے کانوں سے سُن اَور گھر کے مدَخِل اَور مَقدِس کے تمام مُخارِج پر خُوب دھیان کر۔
6
اَور تُو اُن باغیوں سے یعنی اِسرؔائیل کے گھرانے سے کہہ دے کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔اَے اِسرؔائیل کے گھرانے۔ تُمہاری تمام مکرُوہات تُمہارے لئے بس ہوں۔
7
جب تُم میری روٹی اَور چربی اَور خُون گُزرانتے تھے تو تُم قلب وجِسم کے نا مختُون اجنبیوں کو میرے مَقدِس میں لائے تاکہ وہ اُسے ناپاک کریں اَور تُم نے اپنے تمام مکرُوہ کاموں سے میرے عہد کو توڑ ڈالا۔
8
اَور تُم نے میری پاک چیزوں کی حِفاظت نہ کی پر تُم نے اپنی طرف سے نِگہبانوں کو میرے مَقدِس میں حِفاظت کے لئے مُقرّر کِیا۔
9
مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اُن اجنبیوں میں سے جو بنی اِسرؔائیل کے درمیان ہوں کوئی قلب و جِسم کا نا مختُون اجنبی میرے مَقدِس میں داخِل نہ ہو گا۔
10
پر جو لاوی مُجھ سے اُس وقت دُور ہو گئے جب اِسرؔائیل برگشتہ ہو گیا اَور اپنے بُتوں کا پیچھا کر کے مُجھ سے دُور ہو گیا۔وہ اپنی بَدکرداری کی سزا اُٹھالیں گے۔
11
وہ میرے مَقدِس میں فَقط خادِم ہوں گے اَور میرے گھر کے پھاٹکوں پر نگہبانی کریں گے اِور گھر کی خدمت کریں گے۔وہ لوگوں کے لئے سو ختنی قُربانی اَورذَبیحہ ذَبح کریں گے۔اَور وہ اُن کے آگے کھڑے رہیں گے تاکہ اُن کی خدمت کریں۔
12
چُونکہ اُنہوں نے اُن کے بُتوں کے آگے اُن کی خدمت کی اَور وہ اِسرؔائیل کے گھرانے کے لئے بَد کرداری میں ٹھوکر کا باعِث ہُوئے اِس لئے مَیں نے اپنا ہاتھ اُن کے خلاف اُٹھایا(مالِک خُداوند کا فرمان ہے) پس وہ اپنی بَدی کی سزا پائیں گے۔
13
اَور وہ میری کہانت کی خدمت کے میرے حضُور نہ آئیں گے۔نہ وہ میری پاک بلکہ پاک ترین چیزوں کے نزدِیک آئیں گے۔یُوں وہ اپنی رُسوائی اَور اپنے کِئے ہوئے مکرُوہ کاموں کی سزا پائیں گے۔
14
پر مَیں اُن کو گھر کی حفاظت پر اُس کی ساری خدمت کے لئے اَور سب کُچھ کے لئےجو اُس میں کِیا جاتا ہے مُقرّر کرُوں گا۔
15
لیکن جو لاوی کاہِن یعنی بنی صدوؔق۔بنی اِسرؔائیل کے مُجھ سے گمُراہ ہونے کے وقت میرے مَقدِس کی حِفاظت کرتے رہے۔وہی میری خدمت کے لئے میرے نزدِیک آئیں گے اَور میرے حضُور حاضِر رہیں گے تاکہ میرے سامنے چربی اَور خُون گُزرانیں۔(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔
16
اَور وُہی میرے مَقدِس میں داخِل ہُوں گے اَور وہی میری خدمت کے لئے میری میز کے نزدِیک آئیں گے اَور میری حِفاظت پر مُقرّر ہوں گے۔
17
اَور جب وہ اندرُونی صحن کے پھاٹکوں سے داخِل ہُوں گے تو کَتانی کپڑوں سے مُلبّس ہوں گے اَور جب وہ اندرُونی صحن کے پھاٹکوں میں یا اُس کے اندرُون خِدمت کریں گے تو کوئی اُونی چیز نہ پہنیں گے۔
18
اَور اُن کے سروں پر کَتانی عمامہ اَور اُن کی کَمروں پر کَتانی پٹکے ہوں گے اَور پسینہ لانے والی چیز کو کَمر پر نہ باندھیں گے۔
19
اَور جب وہ بیرُونی صحن میں لوگوں کے پاس باہر نکلیں گے تو اپنے وہ کپڑے جِن میں وہ خدمت کرتے ہیں اُتار دیں گے اَور اُنہیں مَقدِس کے کمروں میں رکھیں گے اَور دوسرے کپڑے پہنیں گے تاکہ اپنے کپڑوں سے عوام کی تقدیس نہ کریں۔
20
اَور وہ اپنے سر نہ منڈائیں گے اَور نہ بالوں کو لمبا ہونے دیں گے بلکہ وہ اپنے سروں کے بالوں کو صرف کترائیں گے۔
21
اَور جو کاہن اندرُونی صحن میں داخِل ہونے کو ہو وہ مَے نہ پیئے گا۔
22
اَور وہ بیوہ اَور مُطلّقہ کو بیوی نہ بنائیں گے بلکہ اِسرؔائیل کے گھرانے کی نسل میں سے کُنواریوں کو لیں گے یا اُس بیوہ کو جو کاہِن کی بیوہ ہو۔
23
اَور وہ میری اُمّت کو خاص اَور عام میں تمیز کرنا سِکھلائیں گے اَور حرام اَور حلال کی شناخت کرنا بتائیں گے۔
24
جب قَضِیّہ ہو تو وہ قاضی ہوں گے۔وہ میری قَضاؤں کے مُطابق قَضِیّہ کو چُکائیں گے اَور وہ میری تمام مُقرّرہ عیدوں میں میری شرائع اَور میرے قَوانین پر عمل کریں گے اَور میرے سبتوں کو پاک رکھیں گے۔
25
اَور وہ کِسی اِنسان کی مَیّت کے نزدِیک جانے سے اپنے آپ کو ناپاک نہ کریں گے۔وہ فَقط باپ یا ماں یا بیٹے یا بیٹی یا بھائی یا بِن بِیاہی بہن کے لئے اپنے آپ کو ناپاک کر سکیں گے۔
26
اگر کوئی یُوں ناپاک ہُؤا ہو تو اُس کے لئے سات دِن شُمار کِئے جائیں ۔
27
اَور جس دِن وہ مَقدِس کے اندرُونی صحن میں مَقدِس کی خدمت کے لئے داخِل ہو تو وہ خطا کا ذَبیحہ گُزرانے۔(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔
28
اُنہیں کوئی مِیَراث نہ دی جائے گی۔مَیں ہی اُن کی مِیَراث ہُوں۔اِسرؔائیل میں اُنہیں کوئی مِلکیّت نہ دی جائے گی۔مَیں ہی اُن کی ملکیّت ہُوں۔
29
وہ نَذَر اَور خطا کی قُربانی اَور جُرم کی قُربانی کھائیں گے۔اَور جو چیز بھی اِسرؔائیل میں مخصُوص کی جائے گی وہ اُن کی ہو گی۔
30
اَور سب پہلے پھلوں کا اَور ہر ایک قُربانی کا پہلا کاہِن کا ہو گا۔اَور تُم اپنے پہلے گندھے آٹے سے کاہِن کو دو گے تاکہ تُمہارے گھروں پر برکت ہو۔
31
اَور کاہِن پرندوں یا چرِندوں میں سے کوئی خُود بخُود مَرا ہُوا یا درِندوں کا پھاڑا ہُوا نہ کھائیں گے۔