باب

1 صُؔور کے خلاف اَور گیارھویں برس کےمہینے کی پہلی تاریخ کو خُداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا ۔ اُس نے کہاکہ۔ 2 اَے اِبن بشر!چُونکہ صُوؔر نے یرُوشلیِؔم پر کہا ہَے کہ آہا آہا وہ قومو ں کا پھاٹک توڑ دِیا گیا ہَے۔ اَب جو معمُور تھی اَب وہ برباد ہو گئی ہَے۔ اَور وہ میری طرف متوجّہ ہُوئی ۔ 3 اِس لئے مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ دیکھ اَے صُوؔر۔ مَیں تیرے خلاف ہُوں۔ مَیں بُہت سی قومیں تُجھ پر چڑھا لاؤُں گا جس طرح سُمندر اپنی موجوں کو چڑھاتا ہَے۔ 4 وہ صُؔور کی دِیواروں کو توڑ دیں گے اَور اُس کے بُرجوں کو ڈھا دیں گے۔ اَور میں اُس کی مٹی کھروچ کر اُسے ننگی چٹان کر دوں گا۔ 5 وہ سمُندر کے درمیان جال بِچھانے کی جگہ ہو گی۔ کیونکہ مَیں نے ہی کہا ہَے۔ (مالِک خُداوند کا فرمان ہَے) اور وہ قوموں کے لئے لُوٹ کا مال ہُوئی ۔ 6 اَور اُس کی بیٹیاں جو میدان میں ہیں تلوار سے قتل کی جائیں گی ۔اَور وہ جانیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 7 کیونکہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ مَیں شاہِ بابؔل نُبوکدِنؔضّر شہنشاہ کو گھوڑوں اَور رتھوں اَور سَواروں اَور بُہت سی قوموں کے اَنبوہ کے ساتھ شِمال سے صُوؔر پر چڑھا لاؤُں گا۔ 8 اَور وہ تیری بیٹیوں کو جو میدان میں ہیں قتل کردے گا۔ اَور وہ تیرے خلاف مورچہ بندی کرے گا اَور تیرے مُقابِل دَمدَمہ باندھے گا۔ اَور تیری مُخالفِت میں ڈھال اُونچی کرے گا۔ 9 اَور وہ اپنے منجنیق کو تیری شہر پناہ پر چلائے گا۔ اَور تیرے بُرجوں کو جنگی اَوزاروں سے ڈھا دے گا۔ 10 اَور اُس کے گھوڑوں کی کثرت کے باعِث گرد تُجھے ڈھانپ دے گی اَور اُس کے سَواروں اَور چَکرّوں اَور رتھوں کی گڑَگڑَاہٹ کی آواز سے تیری دِیواریں ہِل جائیں گی۔ جب وہ تیرے پھاٹکوں میں گھُس آئے گا جس طرح مفتوح رخنہ کر کے شہر میں گھُس جاتے ہیں۔ 11 وہ اپنے گھوڑوں کے سمُوں سےتیری سب سڑکوں کو رَوند ڈالے گا۔ اَور وہ تیرے لوگوں کو تلوار سے قتل کر دے گا۔ اَور تیرے مضبُوط ستُونوں کو زمیں پر گِراد ے گا۔ 12 اَور وہ تیری دولت کو لُوٹ لے گا۔ اَور تیرے مالِ تجارت کو غارت کر دے گا۔ اَور تیری دِیواروں کو توڑ ڈالے گا۔ اَور تیرے خُوبصُورت گھروں کو ڈھا دے گا۔ اَور تیرے پتّھر اَور لکڑی اَور تیری مِٹّی سمُندر میں ڈال دے گا۔ 13 اَور مَیں تیرے گانے کی آواز بند کرادُوں گا۔ اَور تیرے بربطوں کی صدا پھِر سُنائی نہ دے گی۔ 14 اَور مَیں تُجھے ننگی چٹان کردُوں گا۔ اِس لئے تُو جال بِچھانے کی جگہ ہو جائے گی۔ اَور تُو پھِر بنائی نہ جائے گی۔ کیونکہ مَیں نے یہ کہا ہے(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 15 مالِک خُداوند صُوؔر سے یُوں فرماتا ہَے۔ جب تُجھ میں زخمی کراہتا ہو گا اَور قتل کا کام جاری ہوگا۔ تو کیا سُمندری مُمالِک تیرے گِرنے کے شور سے نہ تھرتھرائیں گے؟ 16 تب سمُندر کے تمام رئیس اپنے تختوں پر سے اُتر جائیں گے۔ اَور اپنے جُبے اُتار ڈالیں گے۔ اَور اپنے مُنقّش کپڑے اُتار پھینکیں گے اَور خوف سے مُلبْس ہوں گے اَور خاک پر بیٹھیں گے اَور ہر دَم کانپیں گے اَور تیرے سبب سے حیرت زَدہ ہوں گے۔ 17 اَور وہ تُجھ پر نُوحہ پڑھیں گے اَور تُجھ سے کہیں گے۔ ہائے تُو سمُندروں پر سے کیسا فنا ہو گیا۔ اَے معرُوف شہر۔ جو سمنُدر پر طاقتور تھا یعنی تُو مع اپنے باشِندوں کے۔ جس کا تمام بِراعظم پر رُعب تھا۔ 18 اَب تیرے گِرنے کے دِن جزائر تھرتھراتے ہیں۔ اَور سمنُدر کے جزِیرے۔ 19 تیرے اَنجام سے خوف زدہ ہیں۔ کیونکہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ کہ جب مَیں تُجھے وِیران شہر کو دُوں گا۔ یعنی اُن شہروں کی مانند جِن میں کوئی بسنے والا نہیں۔ اَور تُجھ پر سُمندر کو لاؤُں گا۔ اَور سمُندرڈھانپ لے گا۔ 20 تب مَیں تُجھے اُن کے پاس اُتارُوں گا جو پاتال میں اُتر گئے یعنی پُرانے زمانے کے لوگوں کے پاس۔ اَور عالمِ اَسفل میں قدیمی وِیرانوں کے درمیان اُن کے ساتھ بساؤُں گا جو پاتال میں اُتر گئے۔ تاکہ تُو پھِر آباد نہ ہو۔ اَور زندوں کی زمین میں تیری جگہ پھِر نہ ہوگی۔ 21 مَیں تیرا اَنجام ہَولناک کر دُوں گا۔ اَور تُو نابُود ہو جائے گی۔ اگرچہ تیری تلاش کی جائے تو بھی تُو اَبد تک کہیں نہ پائی جائے گی۔ (مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔