باب

1 تائب کے لئے رحم کا وعدہ جب وہ سب باتیں تجھ پر گزُریں گی ۔ برکتیں اور لعنتیں جو میَں نے تیرے آگے رکھیں ۔ اور اُن سب قوموں کے درمیان جہاں خُداوند تیرا خُدا تجھے پھینک دے گا ۔ تُو اُنہیں اپنے دِل میں یاد کرے گا۔ 2 اور خُداوند اپنے خُدا کی طرف پھرے گا ۔ اور سب کچھ کے موافق جو آج میَں تجھ سے کہتا ہوں تُو اور تیری اولاد اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان سے اُس کے حکموں کی تابعداری کرے گی۔ 3 تو خُداوند تیرا خُدا تیری اسیری سے تجھے واپس لائے گا اور تجھ پر رحم کرے گا ۔ اور دوبارہ سب قوموں کے درمیان سے جہاں خُداوند تیرے خُدا نے تجھے منُتشر کیِا۔ تجھے جمع کرےگا۔ 4 اور اگرچہ تُو آسمان کے کنارے تک نکا ل دِیا گیا ہو خُداوند تیرا خُدا وہاں سے تجھےجمع کرے گا۔ اور وہاں سے تجھے واپس لائے گا ۔ 5 اور خُداوند تیرا خُدا تجھے اُس ملک میں جس کے مالک تیرے باپ دادا تھے پھر لائے گا اور تُو اُس کا مالک بنے گااور وہ تجھ سے نیکی کرے گا ۔ اور تیرے باپ دادا سے تجھے زیادہ تجھے بڑھائے گا ۔ 6 اور خُداوند تیرا خُدا تیرے دل اور تیری نسل کا ختنہ کرے گا کہ تُوخُداوند اپنے خُدا کو اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان سے پیار کرے۔تاکہ تُو زندہ رہے ۔ 7 اور خُداوند تیرا خُدا اِن سب لعنتوں کو تیرے دُشمنوں پر اورتیرے مخالفین پر جو تجھے دُکھ دیتے ہیں ، ڈالے گا ۔ 8 اور تُو پھر ے گا ۔ اور خُداوند کی آواز سُنے گااور اُس کے سارے حکموں پر جن کی بابت آج کے دِن میَں تجھے فرمان دیتا ہوں عمل کرے گا۔ 9 اور خُداوند تیرا خُدا تیرے ہاتھ کے سب کاموںمیں اور تیرے پیٹ کے پھل میں اور تیرے چوپایوں کے پھل میں اورتیری زمین کے پھل میں اچھی چیزوں کی فروانی بخشے گا۔ کیونکہ خُداوند پھر سب اچھی چیزوں میں تجھ سے خُوش ہوگا ۔ جیسا کہ وہ تیرے باپ دادا سے خُوش تھا ۔ 10 بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے فرمان کی تابعداری کرے۔ اور اُس کے احکام اور قوانین کو جو اِس شریعت کی کتاب میں لکھے گئے ہیں ، مانے اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف پھرے۔ 11 کیونکہ یہ حکم جس کی بابت آج کے دِن میں تجھے فرمان دیتا ہوں تیر ی طاقت سے باہر نہیں ۔ اور نہ تجھ سے دُور ہے۔ 12 وہ آسمان میں نہیں کہ تُو کہے ۔ کہ کون ہمارے لئے آسمان پر چڑھے گا اور اُسے ہمارے پاس لائے گا ۔ اور ہمیں سُنائے گا ۔ تاکہ ہم اُس پر عمل کریں۔ 13 اور نہ وہ سمندُر کے پار ہے کہ تُو کہے کہ کون ہمارے لئے سمندر کے پار جائے گا۔اور اُسے ہمارے پاس لائے گا ۔ اور ہمیں سُنائے گا تاکہ ہم اُس پر عمل کریں۔ 14 لیکن کلمہ تیرے بہت نزدیک ہے تیرے مُنہ میں ہے اور تیرے دِل میں ہے ۔تاکہ تُو اُس پر عمل کرے ۔ 15 دیکھ کہ آج کے دِن میَں نے زندگی اور نیکی کو اور موت اور بدی کو تیرے آگے رکھا ہے۔ 16 اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کے احکام پر عمل کرے جن کا میَں آج تجھے حکم دیتا ہوں کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو پیار کرے اوراُس کی راہوں میں چلے اور اُس کے احکام اور قوانین اور آئین کو مانے توتُوزندہ رہے گا اور بڑھ جائے اور خُداوند تیرا خُدا اُس ملک میں تجھے برکت دے گا جس کا مالک بننے کو تُو جاتا ہے ۔ 17 لیکن اگرتیرا دِل پھر جائے اور تُو نہ سُنے اور بہکایا جائے اور دُوسرے معبُودوں کو سجدہ کرے اور اُن کی بندگی کرے۔ 18 تو آج کے دِن میَں تجھے پیش خبری دیتا ہوں کہ تم ضرُور ہلاک ہو جاؤ گے ۔ اور اُس ملک میں مدُت تک نہ رہو گے جس میں داخل ہونے کے لئے تم یردن کے پار جاتے ہو ۔ تاکہ اُس کے مالک بنو ۔ 19 اور آج کے دِن میَں آسمان اور زمین کو تم پر گواہ لاتا ہوں۔ کہ میَں نے زندگی اور موت اور برکت و لعنت تمہارے سامنے رکھی ہے۔ پس تم زندگی کو چُن لو ۔ تاکہ تُو اور تیری اولاد زندہ رہے۔ 20 کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے پیار کرے ۔ اور اُس کے حکم کی تابعداری کرے اور اُس کے لپٹا رہے ۔ کیونکہ اِسی سے تیری زندگی اور تیری ایام کی درازی ہے تاکہ تُو ملک میں بستا رہے۔ جس کی بابت خُداوند نے تیرے باپ دادا ابراہام اور اضحاق اور یعقُوب سے قسم کھائی کہ وہ اُنہیں عطا کرے۔