باب

1 شریعت کا اعلان پھر موسیٰ اور اِسرائیل کے بزرگوں نے لوگوں سے کہا ۔ کہ سب احکام جِن کی بابت آج کے دِن میَں نے تمہیں حکم دِیا ، مانو ۔ 2 جس روز اُس ملک کی طر ف جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دے گا۔ تم یردن کو عبُورکرو تو تُو اپنے لئے بڑے بڑے پتّھر نصب کرنا۔ اور اُن پر چُونا لیپنا۔ 3 اور جب تُو پار چلا جائے تو اِس شریعت کا سارا کلام اُن پر لکھنا تاکہ تُواُس ملک میں داخل ہو جو خُداوند تیرا خُدا تجھے عطا کرے گا۔ وہ ملک جس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے جیسا کہ خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تجھ سے کہا ۔ 4 چُنانچہ جب تُو یردن کے پار ہو جاؤ ۔تو اِن پتّھروں کو جِن کی بابت آج کے دِن تمہیں حکم دیتا ہوں کوہِ عیبال پر نصب کرنا اور چُونے سے اُن پر لیپ کرنا۔ 5 اور وہاں پر خُداوند اپنے خُدا کے لئے ایک مَذبح بنانا۔ ایسے پتھروں کا مَذبح جِنہیں لوہا نہ لگا ہو۔ 6 تم خُداوند اپنے خُدا کے لئے اَن گھڑے پتھروں کا مَذبح بنانا اور اُس پر خُداوند اپنے خُدا کے لئے سوختنی قُربانیاں چڑھانا۔ 7 اور سلامتی کے ذَبیحے ذَبح کرنا اور وہیں کھانا۔ اور خُداوند اپنے خُدا کے سامنے خُوشی کرنا ۔ 8 اور اِس شریعت کی ساری باتیں پتھروں پر صاف اور واضح لکھنا ۔ 9 پھر موسیٰ اور لاوی کاہِنوں نے سارے اِسرائیل سے کہا۔ اَے اِسرائیل ! خاموش ہو اور سُن ۔ کہ تُو آج کے دِن خُداوند اپنے خُدا کا گروہ ہُؤا۔ 10 پس خُداوند اپنے خُدا کی آواز سُن اور سب احکام اور قوانین پر جِن کی بابت آج کے دِن میَں تجھے فرمان دیتا ہوں ۔ عمل کر۔ 11 اور موسیٰ نے اُسی دِن لوگوں کو حکم دے کر کہا ۔ 12 کہ جب لوگ یردن کے پار جائیں گے تو اُنہیں برکت دینے کے لئے کوہِ گرزیم پر یہ کھڑے ہوں۔ شمعون اور لاوی اور یہوداہ اور اشکار اور یُوسف اور بِنیمین ۔ 13 اور کوہِ عیبال پر لعنت کرنے کے لئے یہ کھڑے ہوں۔ روبِن اور جد اور آشر اور زبُولون اور دان اور نفتالی ۔ 14 اور لاوی بُلند آواز سےاِسرائیل کے سب آدمیوں سے کہیں۔ 15 مَلعون ہے وہ آدمی جو اپنے ہاتھ کی کاریگری سے تراشی ہُوئی یا ڈھالی ہوئی موُرت بنائے جو خُداوند کے نزدیک مکرُوہ ہے اور اُسے پوشیدہ جگہ میں رکھے ۔تو سب لوگ جَواب میں کہیں آمین۔ 16 ملعون ہو وہ جو اپنے باپ اور اپنی ماں کو حقیر جانتا ہے ۔تو سب لوگ کہین آمین۔ 17 مَلعون ہو وہ جو اپنے ہمسائے کی سرحد کے نشان کو پیچھے ہٹاتا ہے۔ تو سب لوگ کہیں آمین۔ 18 مَلعون ہو وہ جو اندھے کو راہ سے بھٹکاتا ہے ۔ تو سب لوگ کہیں آمین ۔ 19 مَلعون ہو وہ جو پردیسی یا یتیم یا بیوہ کے مقُدمہ کو بگاڑتا ہے تو سب لوگ کہیں آمین۔ 20 مَلعون ہو وہ جو اپنے باپ کی بیوی کے ساتھ ہم بستر ہوتا ہے اور وہ اپنے باپ کے پردہ کو کھولتا ہے تو سب لوگ کہیں آمین ۔ 21 مَلعون ہو وہ جو کسی بھی چوپایہ کے ساتھ جماع کرتا ہے ۔ تو سب لوگ کہیں آمین۔ 22 ملعون ہو وہ جو اپنی بہن یعنی اپنے باپ کی بیٹی یا اپنی ماں کی بیٹی کے ساتھ ہم بستر ہوتا ہے۔ تو سب لوگ کہیں آمین۔ 23 مَلعون ہو وہ جو اپنی ساس کے ساتھ ہم بستر ہوتا ہے ۔ تو سب لوگ کہیں آمین۔ 24 مَلعون ہو وہ جو اپنے ہمسایہ کو چھُپ کر قتل کرتا ہے تو سب لوگ کہیں آمین۔ 25 مَلعون ہو وہ جو رشوت لیتا ہے ۔ تاکہ بے گنُاہ کو قتل کرے ۔تو سب لوگ کہیں آمین۔ 26 مَلعون ہو وہ جو اِس شریعت کی باتوں پر قائم نہیں رہتا اور اُن پر عمل نہیں کرتا ۔ تو سب لوگ کہیں آمین۔