باب

1 پہلے پھل کی نَذر جب تُو اُس ملک میں جو خُداوند تیرا خُدا میِراث کے طور پر تجھے دے گا ۔ کہ تُو اُس کا مالک بنے ۔ داخل ہو اور اُس میں بسنے لگے ۔ 2 تو اُس ملک میں سے جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دےگا۔ اپنی زمین کے سب پھلوں میں سے جو تُو حاصل کرے ، کچھ لے اور اُسے ایک ٹوکرے میں رکھ اور اُس جگہ لے جا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُن لے گا ۔ کہ اپنا نام وہاں رکھے ۔ 3 اور اُن ایام کے کاہِن کے پاس جا کر کہہ ۔ کہ آج کے دِن میَں خُداوند اپنے خُدا کے آگے اِقرار کرتا ہوں ۔کہ میَں اُس ملک میں داخل ہوگیا ہوں ۔ جس کی بابت خُداوند نے ہمارے باپ دادا سے قسم کھائی کہ ہمیں عطا کرے گا۔ 4 تب کاہِن تیرے ہاتھ سے ٹوکرا لے اور خُداوند تیرے خُدا کے مَذبح کے آگے اُسے رکھے ۔ 5 تب تُو خُداوند اپنے خُدا کے سامنے آکے یُوں کہہ کہ میرے باپ دادا گداگر ارامی تھے جو مصر میں گئے اور وہاں پردیسی رہے اور کم تعداد تھے ۔ مگر وہاں بہت بڑی اور زور آور اور کثیر التعداد قوم بن گئے ۔ 6 اور مصریوں نے ہم سے بدی کی اور ہمیں دُکھ دِیا اور ہم پر سخت مشُقت کا بوجھ ڈالا ۔ 7 تب ہم نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے حضُور فریاد کی۔ تو خُداوند نے ہماری سُنی اور ہماری تکلیف اور محنت اور مشُقت کو دیکھا ۔ 8 اور خُداوند زور آور ہاتھ اور بڑھائے ہُوئے بازو سے اور بڑے رُعب اور نشانیوں اور عجائبات کے ساتھ ہمیں مصر سے باہر نکال لایا۔ 9 اور اِس مقام پر ہمیں لایا۔ اورہمیں یہ ملک عطا کیِا ۔ ایسا ملک جس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے ۔ 10 اور اب دیکھ کہ اِس سرزمین کے پھل کو جِسے اَے خُداوند تُو نے مجھے دِیا۔ میَں لایا ہُوں ۔ تب تُو اُسے خُداوند اپنے خُدا کے حُضور رکھ دے ، اور خُداوند اپنے خُدا کے آگے سجدہ کر۔ 11 اور تُو اور لاوی اور جو مسُافر تمہارے درمیان ہے اِ ن سب اچھی چیزوں کے لئے خُوشی کر جو خُداوند تیرے خُدا نے تجھے اور تیرے گھرانے کو بخشی ہیں۔ 12 دَہ یکی تیسرے سال میں جو دَہ یکی کا سال ہے ۔ جب تُو اپنی پیداوار کی ساری دَہ یکیاں نکالنےسے فارغ ہُؤا۔ اور لاوی اور پردیسی اور یتیم اور بیوہ کو دیں۔ تاکہ وہ تیرے شہروں میں کھائیں اور سیر ہوں۔ 13 تُو خُداوند اپنے خُدا کے آگے یوُں کہہ کہ میَں اپنے گھر میں اپنے گھر سے مقُدس چیزیں نکال لایا ۔ اور لاوی اور پردیسی اور یتیم اور بیوہ کو دیں۔ تیرے سب حکموں کے مطُابق جو تُو نے مجھے فرمائے ۔ میَں نے تیرے حکموں سے تجاوز نہیں کیا اور نہ اُنہیں بھُولا۔ 14 میَں نے اُن میں سے اپنے ماتم کے وقت نہ کھایا اور نہ میَں نے اُن میں سے ناپاک حالت میں کچھ لیِا ۔ نہ میَں نے مردہ کے لئے کچھ دِیا۔ بلکہ خُداوند اپنے خُدا کے کلام کی فرمانبرداری کی۔ اور سب کچھ جو تُو نے حکم دِیا ۔ میَں نے اُس کے مطُابق کیِا۔ 15 تُو اپنے مقُدس مَسکن سے جو آسمان میں ہے ۔ نیچے نظر کر ۔ اور اپنے لوگوں اِسرائیل کو اور اِس ملک کو برکت دے جو تُو نے ہمیں عطا کیِا ۔ جیسا کہ تُو نے ہمارے باپ دادا سے قسم کھائی ۔ وہ ملک جس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔ 16 آج کے دِن خُداوند تیرا خُدا تجھے حکم دیتا ہے کہ تُو اِن قوانین اور آئین پر عمل کر۔ اُنہیں مان اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُن پر عمل کر۔ 17 تُو نے آج کے دِن خُداوند کو چُن لیِا ہے کہ وہ تیرا خُدا ہوگا۔ اور کہ تُو اُس کی راہوں میں چلے گی ۔ اور اُس کے قوانین احکام اور آئین کو مانے گا۔ اور اُس کے حکموں کی تابعداری کرے گا۔ 18 اور آج کے دِن خُداوند نے بھی تجھے چُن لیِاہے کہ تُو اُس کی خاص قوم ہوگا۔ جیسا کہ اُس نےمجھ سے کہا۔ تاکہ تُو اُس کے سب حکموں کو مانے ۔ 19 تاکہ سب قوموں پر جو اُس نے پیدا کیں ۔ اپنی تعریف اور نام اور جلال کے لئے تجھے فوقیت دے۔ اور تاکہ خُداوند اپنے خُدا کے لئے تُو ایک مقُدس گروہ ہو۔ جیسا کہ اُس نے فرمایا۔