باب

1 سُلیمؔان کی قربانی اَور سُلیمؔان بِن داؔؤد اپنی مَملکُتَ میں مُستحکم ہُؤا۔ اَور خُداوند اُس کا خُدا اُس کے ساتھ تھا۔ اَور اُس نے اُسے بڑی عظمت بخشی۔ 2 اَور سُلیمؔان نے سب اِسرؔائیل یعنی ہزاروں اَور سینکڑوں کے سرداروں اَور قاضیوں اَور تمام اِسرؔائیل کے آبائی سرداروں کے بڑے آدمیوں سے باتیں کِیں۔ 3 اَور سُلیمؔان مع ساری جماعت کے اُونچی جگہ کی طرف جو جِبعُوؔن میں تھی گیا۔ کیونکہ وہاں خُدا کی حضُوری کا خَیمہ تھا۔ جو خُداوند کے بندے موُسؔیٰ نے بِیابان میں بنایا تھا۔ 4 لیکن داؔؤد خُدا کے صندُوق کو قرِیت یعرؔیم سے اُس مقام میں اُٹھا لایا تھا۔ جو اُس نے اُس کے لئے تیاؔرِ کِیا تھا۔ کیونکہ اُس نے اُس کے لئے یرُوشلِیؔم میں خَیمہ کھڑا کِیا تھا۔ 5 مگر پِیتل کا مذَبح جو بضلی ؔایل بِن اَورؔی بِن حؔور نے بنایا تھا خُداوند کے مَسکِن کے آگے تھا۔ تو سُلیمؔان اَور ساری جماعت وہاں گئی۔ 6 اَور سُلیمؔان وہاں پِیتل کے مذَبح کے پاس گیا جو حضُوری کے خَیمے کے اندر خُداوند کے سامنے تھا۔ اَور اُس پر ایک ہزار سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ 7 سُلیمؔان کی دعا اَور اُسی رات خُدا سُلیمؔان پر ظاہر ہُؤا اَور اُس سے کہا۔ مانگ کہ مَیں تُجھے کیا دُوں؟ 8 سُلیمؔان نے خُدا سے کہا ۔ کہ تُو نے میرے باپ داؔؤد پر عظیم رحمت کی اَور مُجھے اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔ 9 پس اَب اَے خُداوند خُدا! تیری وہ بات پُوری ہو جو تُو نے میرے باپ داؔؤد سے کہی۔ کیونکہ تُو نے مُجھے ایسے لوگوں پر بادشاہ بنایا ہَے جو کثرت سے زمین کی گرد کی طرح ہَیں۔ 10 پس اَب مُجھے حِکمَت اَور معرفت عِنایت کر۔ تاکہ مَیں اُن لوگوں کے آگے اندر باہر آیا جایا کُروں۔ کیونکہ کون ہَے جو تیرے اِس قدر کثیر لوگوں کے درمیان اِنصاف کر سکتا ہَے؟ 11 تب خُدا نے سُلیمؔان سے کہا چُونکہ یہ تیرے دِل میں تھا۔ اَور تُو نے دولت اَور ثروَت اَور عِزّت کا سوال نہ کِیا۔ اَور نہ اپنے دُشمنوں کی جانیں اَور نہ دِنوں کی کثرت مانگی۔ بلکہ تُو نے اپنے لئے حِکمَت اَور معرفت کا سوال کِیا۔ تاکہ تُو میرے لوگوں کے درمیان اِنصاف کرے جِن پر مَیں نے تُجھے بادشاہ بنایا۔ 12 مَیں نے تُجھے حِکمَت اَور معرفت دی ہَے۔ اَور مَیں تُجھے ایسی دولت اَور ثروَت اَور عِزّت دُوں گا۔ جس کی مانند نہ تُجھ سے پہلے کے بادشاہوں میں سے کِسی کی ہُوئی اَور نہ تیرے بعد کِسی کی ہو گی۔ 13 تب سُلیمؔان جِبعُوؔن کی اُونچی جگہ سے یعنی حضُوری کے خَیمہ کے سامنے سے یرُوشلِیؔم میں آیا اَور اِسرؔائیل پر بادشاہی کرنے لگا۔ 14 اَور سُلیمؔان نے رتھ اَور سَوار جمع کئے۔ تو اُس کی ایک ہزار چار سَو رتھ اَور بارہ ہزار سَوار تھے۔ اُنہیں اُس نے رتھوں کے شہروں میں اَور بادشاہ کے پاس یرُو شلیِؔم میں رکھا۔ 15 اَور بادشاہ نے یرُو شلیِؔم میں چاندی اَور سونا پتّھروں کی مانند کر دِیا۔ اَور دِیوار کو گُولر کی طرح کر دِیا جو میدانوں میں کثرت سے ہوتا ہَے۔ 16 اَور سُلیمؔان کے لئے مِصؔر سے اَور کُوؔا سے گھوڑے خِریدے جاتے تھے۔ اَور بادشاہ کے سوداگر کُوؔا سے خرِیدتے اَور مُقرّرہ قیمت سے لے آتے تھے۔ 17 اَور وہ مِصؔر سے رتھ چھ سَو مِثقال چاندی میں اَور گھوڑا ایک سَو پچاس میں لاتے تھے۔ اَور ایسا ہی وہ اپنے ہاتھوں سے حِتّیوں کے تمام بادشاہوں اَور اراؔم کے بادشاہوں کے لئے لاتے تھے۔