باب

1 ۔ خواصِ یہوداہ کی خطائیں اَور مَیں نے کہا اَے یَعقُوبؔ کے سردارو اؔور اِسرؔائیل کے گھرانے کے حاکمو! سُنو۔ کیا مُناسِب نہیں کہ تُم عدالت سے واقِف ہو ِ ؟ 2 ۔ اَے تُم جو نیکی سے دُشمنی اَور بَدی سے مُحبّت رکھتے ہو ! وہ لوگوں کی کھال اُتارتے اَور اُن کی ہَڈیوں پر سے گوشت نوچتے ہَیں۔ 3 ۔ وہ میرے لوگوں کا گوشت کھاتے اَور اُن کی کھال اُتارتے اَور اُن کی ہڈیاں توڑتے اَور ٹُکڑے ٹُکڑے کرتے ہَیں گویا وہ ہانڈی اَور دیگ کے لئے گوشت ہَیں۔ 4 ۔ تب وہ خُداوند کو پُکاریں گے لیکن وہ اُن کی نہ سُنے گا۔ہاں وہ اُس وقت اُن کے بُرے کاموں کے سبب سے اُن سے مُنہ موڑ لے گا۔ 5 ۔ جو انبیاء میری اُمّت کو گُمراہ کرتے ہَیں جو لُقمہ پا کر سلامتی سلامتی پُکارتے ہَیں لیکن اُس سے جو اُن کے مُنہ میں نَوالہ نہ دے لڑنے کو تیّار ہوتے ہَیں۔ اُن کے حَق میں خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ 6 ۔ پس تم پر رات ہو جائے گی۔ جس میں رُؤیا نہ دیکھو گے اَور تارِیکی چھا جائے گی جِس میں غیب بِینی نہ کر سکو گے۔اِنبیاء پر آفتاب غُروب ہو گا اَور اُن کے لئے دِن روشن نہ ہو گا۔ 7 ۔سب غیب بِین شرمِندہ اَور فال گیِر رُسوا ہوں گے اَور وہ سب خُدا کی طرف سے جَواب نہ پانے کی وجہ سے مُنہ پر ہاتھ رکھیں گے۔ 8 ۔ لیکن مَیں خُداوند کی رُوح کے باعِث قُوّت اَور عدل اور دلیری سے معمُور ہُوں تاکہ یَعقُوبؔ کو اُس کے گُناہ سے اَور اِسرؔائیل کو اُس کی خطا سے آگاہ کرُوں۔ 9 ۔ اَے یَعقُوبؔ کے گھرانے کے سردارو اَور اِسرؔائیل کے گھرانے کے حاکمو! یہ بات سُنو۔ تُم جو عدالت سے نفرت رکھتے اَور تمام صداقت کو مروڑتے ہو۔ 10 ۔ جو صیون کو خُون ریزی سے اَور یرُوشلیِؔم کو جُرم سے تعمیر کرتے ہو۔ 11 ۔ وہاں کے سردار رِشوت لے کر عدالت اَور کاہِن اُجرت لے کر تعلیم دیتے اَور نبی چاندی لے کر نُبُوّت کرتے ہَیں تو بھی وہ خُداوند پر تکیہ کر کے کہتے ہَیں کہ کیا خُداوند ہمارے درمیان نہیں؟ پس ہم پر کوئی آفت نہ آئے گی۔ 12 ۔ اِس لئے تُمہارے ہی سبب سے صیوؔن میں کھیت کی طرح ہَل چلایا جائے گا۔ اَور یرُوشلیِؔم پتّھروں کا ڈھیر ہو گاَاور گھر کا پہاڑ جنگل کی اُونچی جگہ کی مانند ہو گا۔