باب

1 ۔ عوامِ یہوداہ کی خطائیں اُن پر افسوس جو بَد کرداری کے منصُوبے باندھتے اَور اپنے بستر پر شرارت کی تدبیریں اِیجا دکرتے ہَیں ۔ وہ صُبح ہوتے ہی اُنہیں عمل میں لاتے ہَیں کیونکہ یہ اُن کے اِختیار میں ہَے۔ 2 ۔ وہ لالچ کر کے کھیتوں کو ضبط کرتے اَور گھروں کو چھِین لیتے ہَیں۔ وہ آدمی اَور اُس کے مکان پر ہاں مَرد اَور اُس کی مَیِراث پر ظُلم کرتے ہَیں۔ 3 ۔ ٍاِس لئے خُداوند یُوں فرماتا ہَے کہ دیکھ۔مَیں اِس نسل پر ایسی آفت لانے کی تدبیر کرتا ہُوں ۔جِس سے تُم اپنی گردن نہ بچا سکو گے اَور تم گردن کشی سے نہ چلو گے کیونکہ وقت بُرا ہوگا ۔ 4 ۔ اُس وقت تُم پر ایک مَثل لائی جائے گی اَور ایک پُر درد نوحہ گایا جائے گا اَور کہا جائے گا کہ ہم بِالکُل ہلاک ہوگئے ہَیں۔ میری اُمّت کا بخرہ بدل گیا ہَے ۔ وہ مُجھ سے کیسے جُدا ہوگیا ہَے ۔ ہمارے کھیت باغی کو بانٹ دئیے گئے ہَیں۔ 5 ۔ اَس لئے تیر ا کوئی نہ ہوگا جو خُداوند کی جماعت میں پیمائش کی ڈوری ڈالے۔ 6 ۔ وہ بکواس کرتے ہُوئے کہتے ہَیں کہ نبُوّت نہ کر۔ اِس طرح کی نبُوّت نہیں کی جاتی۔ ہمیں شرمندگی نہ ہو گی۔ 7 ۔اَے بنی یَعقُوؔب کیا یہ کہا جائے گا۔کہ خُداوند کی رُوح بے صبر ہو گئی ہَے؟ کیا اُس کا عمل یہی ہَے ؟ کیا راست رَو کے لئے اُس کی باتیں فائدہ مند نہیں؟ 8 ۔ لیکن کَل کی بات ہَے کہ میری اُمّت دُشمن کی طرح اُٹھی ہَے۔ ہاں تم راہ گیروں کا لباس لُوٹ لیتے ہو جو بااِطمینان جنگ سے واپس آتے ہَیں۔ 9 ۔ اَور تُم میری اُمّت کی عورتوں کو اُن مر غُوب گھروں سے نِکال دیتے ہو اَور تُم اُن کے بچّوں پر سے ہمیشہ کے لئے میرا فخر دُور کرتے ہو۔ 10 ۔ اُٹھو اَور چلے جاؤ کیونکہ یہاں تُمہاری آرام گاہ نہیں کیونکہ یہ اپنی ناپاکی کے سبب سے برباد ہاں بِا لکُل برباد کی جائے گی۔ 11 ۔ اگر ہَوا اَور بطالت کا کوئی پیرو جُھوٹ بول کر کہے کہ مَیں تیرے لئے شراب اَور نشہ کی نبُوّت کرُوں گا تو وہ یقیناً اُس اُمّت کا نبی ہو گا۔ 12 ۔ اَے یَعقُوبؔ مَیں یقیناً تُم سب کے سب کو جمع کرُوں گا اَور اِسرؔائیل کے بَقیّہ کو اکٹھا کرُوں گا اَور اُنہیں باڑے کی بھیڑوں کی طرح اَور چراگاہ کے گلّے کی مانند فراہم کرُوں گا وہاں آدمیوں کا بڑا شور ہو گا۔ 13 ۔ پیش رَو اُن کے آگے آگے جائے گا اُس کی رہبری سے وہ پھاٹک تک پُہنچیں گے اَور اُس میں سے گُزر جائیں گے۔ اُن کا بادشاہ اُن کے آگے آگے جائے گا ۔ ہاں خُداوند اُن کا پیشوا ہو گا۔