باب

1 ۔ اور جب رُوئے زمین پر آدمی بہت بڑھنے لگے ۔ اور اُن سے بیٹیاں پیدا ہُوئیں ۔ 2 تو خُدا کے بیٹوں نے دیکھا کہ آدمیوں کی بیٹیاں خُوبصورت ہیں ۔ تب اُن سب میں سے جو اُنہیں پسند آئیں ۔ اُنہوں نے اپنے لئے بیویاں لیں۔ 3 ۔اور خُداوند نے کہا ۔ کہ میری روح اِنسان میں ہمیشہ نہ رہے گی کیونکہ وہ جسم ہے اور اُس کے ایّام ایک سو بیس برس تک ہوں گے ۔ 4 ۔اُن دِنوں میں زمین پر جبّار تھے ۔ بعد اُس کے کہ خُدا کے بیٹے آدمیوں کی بیٹیوں کے پاس گئے تو اُن سے لڑکے پیدا ہُوئے ۔یہ قدیم دور کے زبردست اور نامور اشخاص تھے۔ 5 ۔اور خُداوند نے دیکھ کہ زمین پر اِنسان کی شرارت بہت بڑھ گئی ۔ اور اُس کے دِل کے خیالات کا تصور ہر وقت بدی کی طرف مائل ہے۔ 6 تو وہ زمین پر اِنسان کے پیدا کرنے سے پچھتایا ۔ اور دِل میں غمگین ہُؤا۔ 7 ۔تب اُس نے کہا کہ میَں اِنسان کو جِسے میَں نے پیدا کیِا اور اُس کے ساتھ حیوانوں اور کیڑوں مکوڑوں اور آسمان کے پرندوں کورُوئے زمین پر سے مٹا ڈالوں گا۔ کیونکہ میَں اُن کے بنانے سے پچھتاتا ہوں۔ 8 ۔ مگر نوُح نے خُداوند کی آنکھوں میں مقبُولیت پائی۔ 9 ۔نوُح کا نسب نامہ یہ ہے ۔ نوُح اپنی پُشتوں میں صادق اور کامل آدمی تھا ۔ اور وہ خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔ 10 ۔اور اُس سے تین بیٹے سم حام اور یافت پیدا ہُوئے۔ 11 ۔اور زمین خُدا کے سامنے بِگڑی ہُوئی اور ظلم سے بھری تھی ۔ 12 ۔پر جب خُدانے دیکھا کہ زمین بِگڑی ہُوئی ہے اِس لئے کہ ہر بشر نے اپنا طریقہ بگاڑا۔ 13 ۔ تب خُدا نے نوُح سے کہا ۔ کہ کل بشر کاخاتمہ میرے سامنے آپہنچا ہے۔ کیونکہ اُن کے سبب زمین ظلم سے بھر گئی ۔ اور میَں اُنہیں زمین کےساتھ نیست ونابوُد کرُوں گا ۔ 14 ۔تُو اپنے واسطے گوپھر کی لکڑی کے تختوں کی ایک کشتی بنا ۔ اُس کشتی میں کو ٹھریاں تیار کر۔ اور اُس کے باہر اور اندر رال لگا۔ 15 ۔اور اُسے اِس طرح بنا کہ کشتی کا طول تین سو ہاتھ اور اُس کا عرض پچاس ہاتھ اور اُس کی بلندی تین ہاتھ کی ہو۔ 16 ۔ اور اُس کشتی میں ایک روشن دان بنا۔ اوپر سے لے کر ایک ہاتھ میں اُسے تمام کر۔ اور کشتی کی ایک طرف دروازہ بنا اور نیچے کی منزل اور اُس میں تین منزلیں بنا۔ پہلی دُوسری اور تیسری ۔ 17 ۔اور دیکھ ۔میَں زمین پر بڑے طوُفان کا پانی لاؤں گا کہ ہر ایک جسم کو جس میں زِندگی کا دَم ہے ،آسمان کے نیچے سے ہلاک کرُوں ۔ اور سب چیزیں جو زمین پر ہیں فنا ہوں گی ۔ 18 ۔میَں تیرے ساتھ اپنا عہد قائم کروں گا ۔ اور تُو کشتی میں داخل ہوگا ۔ تُو اور تیرےساتھ بیٹے اور تیری بیوی اور تیرے بیٹوں کی بیویاں بھی۔ 19 ۔اور سب جانداروں میں سے ہر جنس کے دو دو نر اور مادہ اپنے ساتھ کشتی میں لے تاکہ زِندہ رہیں ۔ 20 ۔پرندوں میں اُن کی اقسام کے موافق اور چوپائیوں میں سے اُن کی اقسام کے موافق اور زمین پر رینگنے والوں سے اُن کی اقسام کےموافق ہر ایک جنس کے دو دو تیرے ساتھ کشتی میں جائیں ۔ تاکہ وہ زِندہ رہیں ۔ 21 ۔تو ہر طرح کی خوارک جو کھانے میں آتی ہے ۔ لے کر اپنے پاس جمع کر کہ وہ تیری اور اُن کی خوراک کے لئے ہو 22 ۔ اور نوُح نے سب کچھ جیسا خُدا نے فرمایا تھا ۔ ویسا ہی کیِا۔