باب

1 ۔ آدم کی یہ پُشتیں ہیں۔ جس دِن خُدا نے اِنسان کو خلق کیِا ۔ تُو اُسے خُدا کی صُورت پر بنایا۔ 2 ۔ نر اور ناری اُنہیں بنایا ۔ اور اُنہیں برکت دی ۔ اور جس دِن وہ پیدا کئے گئے ۔اُ س نے اُن کا نام آدم رکھا۔ 3 ۔ آدم ایک سو تیس برس کا تھا کہ اُس کا بیٹا اُس کی صورت پر اور اُس کی مانند پیدا ہُؤا۔ اور اِس کا نام اُس نے سیت رکھا 4 ۔ اور سیت کی پیدائش کے بعد آدم آٹھ سو برس جیِتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 5 ۔ آدم کے کل ایام زندگی نوسو تیس برس ہُوئے ۔ تب وہ مر گیا۔ 6 ۔ سیت ایک سو پانچ برس کا تھا کہ اُس سے انوُس پیدا ہُؤا۔ 7 ۔ اور انُوس کی پیدائش کے بعد سیت آٹھ سو سات برس جِیتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 8 ۔ اور سیت کے کل ایام نو سو بارہ برس ہُوئے۔ تب وہ مرَا۔ 9 ۔اور انوُس نوے برس کا تھا ۔ کہ اُس سے قیِنان پیدا ہُؤا۔ 10 ۔ اور قیِنان کی پیدائش کے انُوس آٹھ سو پندرہ برس جیتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں ۔ 11 ۔ اور انُوس کے کل ایّام نو سو پانچ برس ہُوئے تب وہ مرَا۔ 12 ۔ اور قیِنان ستّر برس کا تھا کہ اُس سے محلل ایل پیدا ہُؤا ۔ 13 ۔ اور محلل ایل کی پیدائش کے بعد قیِنان آٹھ سو چالیس برس جیتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 14 ۔ اور قیِنان کے کل ایّام نو سو دس برس ہُوئے ۔ تب وہ مرَا۔ 15 ۔ اور محلل ایل پینسٹھ برس کا تھا کہ اُس سے یارد پیدا ہُؤا۔ 16 ۔ اور یارد کی پیدائش کے بعد محلل ایل آٹھ سو تیس برس جِیتا رہا۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 17 ۔ اور محلل ایل کے کل ایّام آٹھ سَو پچانوے برس ہُوئے ۔ تب وہ مرَا۔ 18 ۔ اور یارد ایک سَو باسٹھ برس کا تھا ۔ کہ اُس سے حنُوک پیدا ہُؤا۔ 19 ۔ اور حنُوک کی پیدائش کے بعد یارد آٹھ سو برس جِیتا رہا۔ اور اُس سے بیٹے بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 20 ۔ اور یارد کے کل ایّام نو سو باسٹھ برس ہُوئے۔ تب وہ مرَا۔ 21 ۔ اور حنُوک پینسٹھ برس کا ہُؤا کہ اُس سے متوسلح پیدا ہُؤا۔ 22 ۔ اور حنُوک خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔ اور متوسلح کی پیدائش کے بعد وہ تین سو برس جِیتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 23 ۔ اور حنُوک کے کل ایّام تین سو پینسٹھ برس ہُوئے ۔ 24 ۔ اور وہ خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔ اور خُدا نے اُسےاُٹھا لیِا اور وہ نمودار نہ رہا۔ 25 ۔ اور متوسلح ایک سو ستاسی برس کا تھا کہ اُس سے لمک پیدا ہُؤا۔ 26 ۔اور لمک کی پیدائش کے بعد متوسلح سات سو بیاسی برس جِیتا رہا۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 27 ۔اور متوسلح کے کل ایام نو سو اُنہتر برس ہُوئے ۔ تب وہ مرَا۔ 28 ۔لمک ایک سو بیاسی برس کا تھا جب اُس کا ایک بیٹا پیدا ہُؤا۔ 29 ۔اور اُس نے اُس کا نام نُوح رکھا ۔ اور کہا کہ یہ ہمارے ہاتھوں کی محنت اور مشقت سے اُس زمین پر جس پر خُداوند نے لعنت کی ہمیں آرام دے گا۔ 30 ۔اور نوُح کی پیدائش کے بعد لمک پانچ سو پچانوے برس جیِتا رہا ۔ اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہُوئیں ۔ 31 ۔اور لمک کے کل ایّام سات سو ستتر برس ہُوئے ، تب وہ مرَا۔ 32 ۔نُوح پانچ سو برس کا تھا ، جب اُس سے سم حام اور یافت پیداہُوئے۔