باب

1 قیام مَسکن اور خُداوند نے موسیٰ سے کلا م کر کے فرمایا۔ 2 ۔کہ پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو خیَمہ اجتماع کا مَسکن کھڑا کر۔ 3 ۔اور اُس کے اندر صندُوق ِ شہادت رکھّ ۔ اور صندُوق پر پردہ چھوڑدے۔ 4 ۔اور میز اُس کے اندر رکھّ اور اُس پر اُس کا سامان ترتیب وار رکھّ۔ اور شمعدان اندر رکھّ اور چراغ اُس پر لگا۔ 5 ۔اور بخُور جلانے کے لئے سونے کی قُربان گاہ صندُوق ِ شہادت کے سامنے رکھ اور مَسکن کے دروازہ کا پردہ لگا۔ 6 ۔اور خیَمہ اجتماع کے مَسکن کے دروازہ کے آگے سوختنی قُربانی کا مَذبح رکھ۔ 7 ۔اور حوض کو خیَمہ اجتماع اور مَذبح کے درمیان رکھّ اور اُس میں پانی ڈال۔ 8 ۔اور صحن کے گرِدا گرِد کھڑا کر اور صحن کے دروازہ پر پردہ لگا۔ 9 ۔تب مَسح کا تیل لے اور مَسکن کو اور سب کچھ کو، جو اُس کےاندر ہے مَسح کر اوراُسے اور اُس کے سارےظرُوف کو پاک کر۔ کہ وہ مقُدس ہو جائے۔ 10 ۔اور سوختنی قُربانی کے مَذبح کو اور اُس کے سب برتنوں کو مَسح کر۔ اور مَذبح کو پاک کر ۔تو وہ نہایت مقُدس ہوگا۔ 11 ۔اَور حوض اور اُس کی چوکی کو مَسح کر اور اُسے پاک کر ۔ 12 ۔تب ہارون اور اُس کے بیٹوں کو خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے آگے لا۔اَور اُنہیں غُسل دِلا۔ 13 ۔اَور ہارون کو مقُدس لباس پہنااور اُسے مَسح کر اور پاک کر۔ تاکہ میرے لئے کہانت کا کام کرے۔ 14 ۔اور اُس کے بیٹوں کو آگے لا۔ اَور اُنہیں کُرتے پہنا۔ 15 ۔اَور جیسا تُو نے اُن کے باپ کو مَسح کیِا۔ویسا ہی اُنہیں بھی مَسح کر۔ تاکہ وہ میرے کاہِن ہوں اَور اُن کا مسح اُن کے لئے پُشت در پُشت ہمیشہ کی کہانت ہوگا۔ 16 ۔تب موسیٰ نے سب کچھ جو خُدا نے اُسے فرمایا تھا ویسا ہی کیِا۔ 17 ۔اَور یُوں ہُؤا ۔ کہ دُوسرے سال کے پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو مَسکن کھڑا کیِا گیا۔ 18 ۔موسیٰ سے اُسے کھڑا کیِا ۔ اُس کے پائے لگائے اور اُس پر اُن کے تختے رکھےّ اور اُس کے بینڈے لگائے اور ستُون کھڑے کئے۔ 19 ۔تب اُس نے مَسکن کے اُوپر خیَمہ کھینچا اور اُوپر اُس پر غلاف ڈالا۔جیسا کہ خُداوند نے موسی ٰ کو فرمایا تھا۔ 20 ۔تب اُس نے شہادت کو لیِا اور صندُوق کے اندر رکھاّ ۔ اور اُس پر چوبیں لگائیں۔ اوراُوپر صندُوق کے سرپوش رکھا۔ 21 ۔تب صندُوق کو مَسکن کے اندر لے گیا۔ اور پردہ چھوڑ دِیا اور صندُوقِ شہادت کو نظر سے چھُپایا۔ جیسا کہ خُداوند نے اُسے فرمایا تھا۔ 22 ۔اور حضُوری کےخیَمہ میں مسَکن کے شمال کی جانِب پردہ سے باہر میز رکھیّ ۔ 23 ۔اَور اُس پر روٹیوں کو ترتیب سے خُداوند کے سامنے رکھا جیسا خُداوند نے موسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔ 24 ۔اور حضُوری کے خیَمہ کے اندر شمعدان کو مَسکن کی جنُوبی جانِب میز کے مقُابل رکھا ۔ 25 ۔اور خُداوند کے سامنے چراغ روشن کئے۔ جیسا خُداوند نے موسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔ 26 ۔تب سونے کی قُربان گاہ حضُوری کے خیَمہ کے اندر پردہ کے آگے رکھی۔ 27 ۔اور اُس پر خُوشبُودار بخُور جلایا۔ جیسا کہ خُداوند نے اُسے فرمایا تھا۔ 28 ۔تب اُس نے مَسکن کے دروازہ کا پردہ لگایا۔ 29 ۔اور سوختنی قُربانی کا مَذبح خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے قریب رکھاّ اور اُس پر سوختنی قُربانی اور نذر چڑھائی۔ جیسا کہ خُداوند نے اُسے حکم دِیا تھا۔ 30 ۔اور حوض کو خیَمہ اجتماع اور مَذبح کے مابین رکھاّ۔ اور اُس میں پانی ڈالا۔ 31 ۔اُس سے موسیٰ اور ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ اور اپنے پاؤں دھوئے۔ 32 ۔تب وہ حضُوری کے خیَمہ کے اندر اور مذبح کے آگے گئے۔ جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو حکم دِیا تھا۔ 33 ۔پھر مَسکن اور مذبح کے گرِد صحن کھڑ اکیا ۔ اور صحن کے دروازہ پر پردہ لگایا۔ اور موسیٰ نے کام تما م کیِا۔ 34 ۔تب بادل خیَمہ اجتماع پر چھا گیا۔ اور مَسکن خُداوند کے جلال سے معمور ہُؤا۔ 35 ۔اور موسیٰ خیَمہ اجتماع میں داخِل نہ ہوسکا۔کیونکہ بادل اُس پر ٹھہرا ہُوا تھا ۔اَور خُداوند کے جلال سے مَسکن معمور تھا۔ 36 ۔اور ایسا ہُؤا ۔ کہ جب بادل مَسکن پر سے اُٹھ جاتا تو بنی اِسرائیل اپنی سب منزلوں پر روانہ ہو پڑتے۔ 37 ۔اور اگر وہ نہ اُٹھتا ۔ تو وہ روانہ نہ ہوتے جب تک کہ وہ اُٹھ نہ جاتا ۔ 38 ۔کیونکہ دِن کے وقت خُدا وند کا بادل مَسکن پر رہتا ۔ اور رات کے وقت بادل میں آگ ہوتی۔ تمام بنی اِسرائیل کی نظر میں اُن کی سب منزلوں میں یوُں ہی تھا۔