باب

1 عدالتِ اقوام کیونکہ دیکھ۔ اُنہی ایّام میں اَور اُسی وقت جب مَیں یہُوداہ اَور یرُوشلیِؔم کے اِسیروں کو واپس لاؤں گا۔ 2 تو میں سب قوموں کو جمع کرُوں گا اَور اُنہیں وادی یہُوسفط میں اُتار لاؤں گا اَور وہاں اُن کی عدالت کرُوں گا اِس لئے کہ اُنہوں نے میرے لوگوں اَور میری مِیرَاث اِسرؔائیل کو قوموں میں پراگندہ کر دِیا ہے اَور میرے مُلک کو بانٹ لِیا ہے۔ 3 ہاں میری اُمّت پر قُرعہ ڈالا ہے اَور کسبی کے بدلے لڑکا دیا ہے اَور مَے کے لئے لڑکی بیچی ہے تاکہ مَے خوری کریں۔ 4 پس اَے صُوؔر اَور صیدا اَور فِلسطین کے تمام علاقو! تُمہارا مُجھ سے کیا کام ہے ؟ کیا تُم مُجھے بدلہ دو گے؟ اَور اگر بدلہ دو گے تو مَیں وَہیں فوراً تُمہارا بدلہ تُمہارے ہی سر پر لاؤں گا۔ 5 چُونکہ تُم نے میری چاندی اَور میرا سونا لے لِیا ہے اَور میری لطِیف و نفیس چیزیں اپنے مندروں میں لے گئے ہو۔ 6 اَور یہُوداہ اَور یرُوشلیِؔم کی اولاد کو یُونانیوں کےہاتھ بیچ دِیا ہے تاکہ اُنہیں اُن کے وطن سے دُور کر دو۔ 7 اِس لئے دیکھ۔ مَیں اُنہیں اُس جگہ سے جہاں تُم نے اُنہیں بیچ دِیا ہے اُٹھا لاؤُں گا اَور تُمہارا بدلہ تُمہارے ہی سر وں پر لاؤُں گا۔ 8 اَور تُمہارے بیٹوں اَور بیٹیوں کو بنی یہُوؔداہ کے ہاتھ بیچ دُوں گا اَور وہ اُنہیں اہلِ سَؔبا یعنی ایک دُور کی قوم کے ہاتھوں فروخت کردیں گےاِس لئے کہ خُداوند نے یہ کہا ہے۔ 9 قوموں میں یہ بات منادی کرو۔ لڑائی کی تیّاری کرو۔ بَہادروں کو جمع کرو۔تمام جنگی مَرد حاضِر ہوں اَور خرُوج کریں۔ 10 اپنے ہَل کی پھالوں کو پِیٹ کر تلواریں اَور اپنی درانتیوں کو نیزے بناؤ۔کمزور بھی کہے کہ مَیں زور آور ہُوں۔ 11 اَے آس پاس کی سب قومو ! جلد آکر جمع ہو جاؤ۔اَے خُداوند اپنے بَہادروں کو وہاں بھیج دے۔ 12 قومیں جاگیں اَور وادی ِیہوسفط میں آجائیں کیونکہ مَیں وہاں بیٹھوں گا اَور آس پاس کی تمام قوموں کی عدالت کرُوں گا۔ 13 درانتی لگاؤ کیونکہ کھیت پک گیا ہےَ۔ روندنے آؤ کیونکہ کو لھُو لبا لب ہے اَور حوض لبریز ہیں اِس لئے کہ اُن کی شرارت عظیم ہے۔ 14 انصاف کی وادی میں گروہ پر گروہ ہے ۔انصاف کی وادی میں خُداوند کا دِن قریب ہے۔ 15 سُورج اَور چاند تارِیک ہو جائیں گے۔اَور سِتاروں کا چمکنا بند ہو جائے گا۔ 16 اسرائیل کی بحالی خُداوند صیُون سے گرجے گا اَور یرُوشلِیؔم سے آواز بُلند کرے گا اور آسمان اَور زمین کانپ اُٹھیں گے۔ لیکن خداوند اپنے لوگوں کی پناہ گاہ اور بنی اِسرؔائیل کا قلعہ ہو گا۔ 17 تب تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو اپنے کوہِ مُقدّس صیُون پر سکُونت پذیر ہُوں اَور یرُوشلیِؔم مُقدّس ہو گا اَور پھر اُس میں کِسی اجنبی کا گُزر نہ ہو گا۔ 18 اُس روز پہاڑوں پر سے نئی مَے ٹپکے گی اَور ٹِیلوں پر سے دُودھ بہے گا اَور یہُوؔداہ کی سب ندیاں پانی سے پُر ہوں گی اور خُداوند کے گھر سے چشمہ پھُوٹ نِکلے گا اَور وادی شطیؔم کو سیراب کرے گا۔ 19 مِصؔر وِیرانہ ہو گا۔ اَور اِدوؔم سُنسان بِیابان اِس لئے کہ اُنہوں نے یہُودؔاہ کے فرزندوں پر ظُلم کِیا ہے اَور اُن کی سَر زِمین میں بے گناہ خُون بہایا ہے۔ 20 لیکن یہُودؔاہ ہمیشہ آباد اَور یرُوشلیِؔم پُشت در پُشت قائم رہے گا۔ 21 ۔ مَیں اُن کے خُون کا اِنتقام لُوں گا اَور درگُزر نہ کرُوں گا اَور خُداوند صیُون میں سکُونت پذیرہوگا۔