باب

1 دشمن کی یورش صیُؔون میں نرسِنگا پُھونکو۔میرے کوہِ مُقدّس پر للکارو۔ مُلک کے تمام باشِندے تھر تھرائیں کیونکہ خُداوند کا دِن قریب بلکہ دروازے پرہے۔ 2 سِیاہی اَور تارِیکی کا دِن۔ بادِل اَور کُہر کا دِن۔ جِس طرح فجرکی روشنی پہاڑوں پر پھیل جاتی ہے اِسی طرح ایک کثیِر اَور طاقتور قوم آتی ہے جس کی مانند نہ کبھی ہُوئی ہے نہ آخر تک نسلوں کے ایّام میں کبھی ہو گی۔ 3 اُس کے آگے آگے آگ بھسم کرتی جاتی ہے اَور اُس کے پیچھے پیچھے شُعلہ جَلاتا جاتا ہے۔اُس کے آگے زمین باغِ عدؔن کی مانند ہے۔اُس کے پیچھے وِیران بِیابان ہے۔ہاں اُس سے کُچھ نہیں بچتا۔ 4 اُن کی نمُود گھوڑوں کی سی نمُود ہے اَور وہ سَواروں کی ماننددوڑتے ہیں۔ 5 وہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر رتھوں کے کھڑ کھڑانے اَور بُھوسے کو بھسم کرنے والے آتشی شُعلے کے شور کی مانند بُلند ہوتے ہیں۔وہ جنگ کے لئے صف آرا اَور زبردست قوم کی مانند ہیں۔ 6 اُن کے رُوبرُو لوگ تھر تھراتے ہیں۔اَور سب چہروں کا رنگ فَق ہو جاتا ہے۔ 7 وہ جنگجوؤں کی مانند دوڑتے اور سپاہیوں کی طرح فِصیلوں پر چڑھتے ہیں۔سب اپنی اپنی راہ پر چلے جاتے ہیں۔اَور اپنے صَف کو درہم برہم نہیں کرتے۔ 8 وہ ایک دُوسرے کے مُزاحم نہیں ہوتے۔ہر ایک اپنی اپنی راہ پر چلاجاتا ہے۔اَور اگر وہ ہتھیاروں سےگُزر جاتے ہیں اَور بے ترتیب نہیں ہوتے۔ 9 وہ شہر میں کُود پڑتے اَور فِصیلوں پر چڑھتےہیں ۔وہ گھروں میں داخِل ہوتے ہیں اَور چوروں کی مانند کھڑکیوں میں سے گُھس جاتے ہیں۔ 10 اُن کے سامنے زمین تھرتھراتی ہے۔اَور آسمان کانپتاہے۔سُورج اَور چاند تارِیک اَور سِتارے بے نُور ہو جاتے ہیں۔ 11 اَور خُداوند اپنے لشکر کے آگے اپنی آواز بُلند کرتا ہے کیونکہ اُس کا لشکر بے شُمار ہے اَور اُس کے حُکم کو انجام دینے والے زبردست ہیں۔یقیناً خُداوند کا دِن عظیم اَور نہایت ہَولناک ہے۔ کون اُس کی برداشت کر سکے گا؟ 12 لیکن اَب بھی (خُداوند کا فرمان ہے) روزہ رکھّ کر گِریہ و زاری کرتے ہُوئے اپنے سارے دِل سے میری طرف رجُوع لاؤ۔ 13 اپنے کپڑوں کو نہیں بلکہ دِلوں کو چاک کر کے خُداوند اپنے خُدا کی طرف مُتوجّہ ہو کیونکہ وہ رحیم اَور مہربان ہے۔وہ قہر میں دِھیما اَور نہایت شِفیق ہے۔عذاب نازِل کرنے سے پچھتانے پر آمادہ ہے۔ 14 کون جانتا ہے کہ شاید وہ باز رہے۔اور برکت باقی چھوڑے جو خُداوند تُمہارے خُدا کے لئے نَذَر اَور تپاوَن ہو۔ 15 صیون میں نرسِنگا پُھونکو۔روزے کا اِعلان کرو۔مُقدّس محِفل فراہم کرو۔ 16 لوگوں کو جمع کرو۔جماعت کو مُقدّس کرو۔بُزرگوں کو جمع کرو۔بچّوں اَور شِیرخواروں کو اِکٹھا کرو۔دُلہا اپنے کمرے سے اَوردُلہن اپنے خَلوت خانے سے باہر نکل آئے۔ 17 ڈیوڑھی اَور مذَبح کے درمیان کاہِن یعنی خُداوند کے خادِم ماتم کریں اَورکہیں کہ اَے خُداوند اپنے لوگوں پر رحم کر۔ اَور اپنی مِیرَاث کی توہین نہ ہونے دے۔ کہ قومیں اُن پر حُکومت کریں۔ اُمتوں کو یہ کیوں کہا جائے۔ کہ اُن کا خدا کہاں ہے؟ 18 یُوں خُداوند کو اپنے مُلک کے لئے غیرت آئی اَور اُس نے اپنے لوگوں پر رحم کیا۔ 19 خداوند کی برکت خُداوند جَواب میں اپنے لوگوں سےکہتا ہے کہ دیکھ مَیں تُمہیں گیہُوں اَور نئی مَے اَور تیل عطا کرُوں گا۔اَور تُم اُن سے سیر ہو گے اَور مَیں پِھر قوموں کے درمیان تمہیں رُسوا نہ ہونے دُوں گا۔ 20 بلکہ شِمالی لشکّر تُم سے دُور کرُونگا اَور اُسے خُشک اَور وِیران سَر زمین میں ہانک دُوں گا۔اُس کے اگلے مشرقی سمُندر میں اَور اُس کے پچھلے مغربی سمُندر میں ہونگے۔اُس سے عفونت اُٹھے گی اَور بَدبُو پھیلے گی کیونکہ اُس نے بڑی گُستاخی کی ہے۔ 21 اَے زمین ہراساں نہ ہو۔ خُوش ہو اَور شادمانی کر کیونکہ خُداوند نے بڑے بڑے کام کیے ہیں۔ 22 اَے میدان کے حیوانو۔ ہراساں نہ ہو کیونکہ بِیابانی چراگاہیں سبز ہوتی ہیں اَور درخت اپنا پھَل لاتے ہیں اَور اِنجیر اَور اَنگُور اپنی پُوری پیداوار دیتے ہیں۔ 23 اَور تُم اَے صیوُن کے فرزندو۔خُوش ہو اَور خُداوند اپنے خُدا میں شادمانی کرو کیونکہ وہ تم کو پہلی برسات اعتدال سے بخشے گا۔ اور پہلے کی طرح پہلی اَور پچھلی بارش تُمہارے لئے بروقت بھیجا کرے گا۔ 24 پس کھلیان گیہُوں سے بھر جائیں گے اَور کولھُو نئی مَے اَور تازہ تیل سے لبریز ہوں گے۔ 25 اَور مَیں اُن برسوں کا وہ حاصِل تُمہیں واپس دے دُوں گا جو میرا تُمہارے خلاف بھیجا ہُؤا لشکِر عظیم یعنی ٹِڈّی اَور ملخ اور جھانجا اَور جراد نِگل کر چَٹ کر گیاہے۔ 26 اَور تُم خُوب کھاؤ گے اَور سیر ہو گے اَور خُداوند اپنے خُدا کے نام کی سِتائش کرو گے جِس نے تُمہارے لئے عجیب کام کئِے ہیں اَور میری اُمّت پھرکبھی شرمِندہ نہ ہو گی۔ 27 تب تُم جانو گے کہ مَیں اِسرؔائیل کے درمیان ہُوں اَور کہ مَیں ہی خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں اَور کوئی دُوسرا نہیں اَور میرے لوگ پھر کبھی شرمِندہ نہ ہوں گے۔ 28 روح کا نزول اَور بعد اَزاں ایسا ہو گا کہ مَیں اپنی رُوح ہر بشر پر اُنڈیلُوں گا اَور تُمہارے بیٹے اَور تُمہاری بیٹیاں نبُوّت کریں گی۔ تُمہارے بُوڑھوں کوخواب آئیں گے اَور تُمہارے نوجوان رویا دیکھیں گے۔ 29 بلکہ میں اُن دِنوں میں غُلاموں اَور لونڈیوں پر بھی اپنی رُوح نازِل کرُوں گا۔ 30 مَیں آسمان میں اور زمین پر عجائبات دِکھاؤں گا یعنی خُون اَور آگ اَور دُھوئیں کا ستُون۔ 31 سوُرج تارِیکی اور چاند خُون بن جائے گا پیشتر اِس سے کہ خُداوند کا روزِ عظیم و مُہیب آئے۔ 32 اَور ایسا ہو گا کہ جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات حاصل کرے گا کیونکہ جیسا خُداوند نے فرمایا ہے کوہِ صیؔون پر اَور یرُوشلیِؔم میں اَور خُداوند کے باقی بُلائے ہُوؤں کے درمیان بھی رہائی ہو گی۔