باب

1 اُس کے غُصّہ نے میرے دِنوں کو تباہ کر دِیا ہے۔ اَور صرِف قبر میرے لئے باقی ہے۔ 2 یقیناً۔ کیا مذاق اُڑانے والے میرے پاس نہیں؟ اور میری آنکھ ان کی چھیڑ چھاڑ پر رہتی ہے۔ 3 تُو ہی اپنے پاس میرا ضامِن ہو۔ کون ہے جو میرے ہاتھ پر ہاتھ مارے؟۔ 4 کیونکہ تُو نے اُن کے دِلوں کو سمجھ سے مِحرُوم کِیا ہے۔ اِس لئے تُو اُنہیں سرفراز نہ کرےگا۔ 5 جو اپنے دوستوں کو لُوٹے جانے کے لئے حوالے کرتا ہے اُس کے فرزندوں کی آنکھیں تکان سے افسُردوہ ہو جائیں گی۔ 6 اُس نے مُجھے قوموں کے لئے عبرت ناک بنایا۔ اَور لوگ میرے مُنہ پر تُھوکتے ہیں۔ 7 یہاں تک کہ میری نظر غم سے دُھندلا گئی ہے۔ اَور میرے اعضا سائے کی طرح مُرجھاتےہَیں۔ 8 اِس پر راست باز حیران ہو گئے۔ اَور بے گُناہ شریرکے خلاف کھڑا ہو گیا۔ 9 اَور صادِق اپنی راہ پر قائم رہتا ہے۔ اَور جس کے ہاتھ صاف ہیں۔ اُس کی قُوّت زیادہ ہو جائے گی۔ 10 لیکن تُم پھِرو اَور سب کےسب آؤ۔کیا مَیں تُمہارے درمیان کوئی عقلمند آدمی نہیں پاؤں گا؟ 11 میرے دن پورے ہوگئے ہیں۔ اَور میرے مقصد بلکہ میرے دِل کے ارمان مٹ گئے ہیں۔ 12 وہ رات کو دِن سے بدلتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ روشنی تاریکی کے نزدیک ہے۔ 13 میری اُمّید کیا ہے؟ پاتال میرا گھر ہے۔ اَور تارِیکی میں مَیں نے اپنا بِستر بِچھایا۔ 14 میَں گڑھے سے کہتا ہُوں کہ اَے میرے باپ۔ اَور کیِڑوں سے کہ اے میری ماں۔ اَے میری بہن۔ 15 پس میری اُمّید کہاں۔ اَور کون میری اقبال مندی کو دیکھے گا ؟ 16 کیا وہ میرے ساتھ پاتال میں اُتریں گے۔ کیا ہم مِل کر خاک میں آرام کریں گے؟