زبُور حمایت کے لئے دُعا

[میر مُغّنی کے لئے۔ مزمُور۔ از داؔؤد] 1 ۔اَے خُداوند مَردِ خبیِث سے مُجھے چُھڑا۔ مُجھے مَردِظالمِ سے بچائے رکھّ۔ 2 ۔یعنی اُن سے جو دِل میں بُرے منصُوبے باندھتے۔ اَور روز مرّہ جھگڑا بَرپا کرتے ہَیں۔ 3 ۔وہ سانپ کی مانند اپنی زُبان تیز کرتے ہَیں۔ اُن کے ہونٹوں کے نیچے اَفعی کا زہر ہَے۔ (سِلاہ) 4 ۔اَے خُداوند۔ شریر کے ہاتھ سے مُجھے رِہائی بخش۔ مُجھے مَردِ ظالِم سے بچائے رکھّ ۔ جو اِس کوشِش میں ہَیں کہ میرے پاؤں کو اُکھاڑ دیں۔ 5 ۔مغرُور میرے لئے پھندا چُھپاتے۔ اَور جال کی طرح رَسّیاں پھیلاتے ہَیں۔ وہ راہ کے کِنارے میرے لئے دام لگاتے ہَیں۔ (سِلاہ) 6 ۔مَیں خُداوند سے کہتا ہُوں کہ میرا خُدا تُو ہی ہَے۔ اَے خُداوند میری اِلتجا کی آواز سُن لے۔ 7 ۔اَے مالِک خُداوند اَے میرے قادِر مُخلِص۔ جنگ کے دِن میں تُو میرے سر پر سایہ کرتا ہَے۔ 8 ۔اَے خُداوند شریر کی مُرادیں پُوری نہ کر۔ اُ کے منصوُبوں کو اَنجام نہ دے۔ 9 ۔میرے گِرد وپیش کے لوگ سر بُلند کرتے ہَیں۔(سِلاہ) اُن کے مُنہ کی شرارت اُنہی کے سر پر پڑے۔ 10 ۔ وہ دَہکتے انگارے اُن کے سر پر برسائے۔ وہ اُنہیں گڑھوں میں ایسے دھکیلے کہ پھِر نہ اُٹھیں۔ 11 ۔بَد زُبان شخص زمین پر قائم نہ رہے گا۔ مَردِ ظالِم ناگہاں آفت کا شِکار ہو گا۔ 12 ۔مَیں یہ جانتا ہُوں کہ خُداوند۔ مُحتاج کی وکالت اَور مِسکین کے حَق کی حِفاظت کرتا ہَے۔ 13 ۔یقیناً۔ صادِق تیرے نام کا شُکر کریں گے۔ اَور راستکار تیرے حضُور رہا کریں گے۔