باب

1 ۔ اَے خُداوند۔ جب مَیں تیرے ساتھ بحث کرُوں تو صادِق ٹھہرے گا۔ تو بھی مَیں اِس اَمر کی بابت تُجھ سے بات کرُوں گا۔ شریروں کی راہ کیوں کامیاب ہوتی ہَے۔ اَور سب دغاباز ئی سے مُعاملہ کرنے والے کیوں آرام میں رہتے ہَیں؟ 2 ۔ تُو نے اُنہیں لگایا۔تو اُنہوں نے جڑ پکڑی اَور بڑھے اَور پھَل لائے۔تُو اُن کے مُنہ میں تو نزدیک ہَے۔ پر اُن کے باطِن سے دُور ہے۔ 3 ۔ لیکن اَے خُداوند تُو مجھے جانتا ہَے۔ تُو مجھے دیکھتا اَور میرے دل کو پرکھتا ہَے۔ کہ آیا مَیں تیری طرف ہُوں یا نہیں ۔اُنہیں بھیڑوں کی مانند ذَبح کے لئے جُدا کر ۔اَور قتل کے دِن کے لئے اُنہیں مخصوص کر۔ 4 ۔ مُلک کب تک نُوحہ کرے اَور تمام میدان کی سبزی سُوکھ جائے۔ باشندوں کی بَدی کرنے کے سبب چرندے اَور پرندے ہلاک ہُوئے ۔کیونکہ وہ کہتے ہَیں کہ وہ ہمارا اَنجام نہ دیکھے گا۔ 5 ۔ اگر تُو پیادوں کے ساتھ دوڑے تو وہ تُجھے تھکاتے ہَیں۔ تو تُو گھوڑوں کی کیسی برابری کرے گا؟ اگر تُو سلامتی کی سَر زمین میں خاطِر جمع نہ رہے۔ تو تُو یردن کی جھاڑیوں میں کیا کرے گا؟ِ 6 ۔ کیونکہ تیرے بھائی اَور تیرے باپ کے گھر کے لوگ تیرے ساتھ بے وفائی کرتے ہَیں۔ اَور وہ تیرے پیچھے بُلند آواز سے چلّاتے ہَیں۔پس تُو اُن کا اِعتبار نہ کر۔ اگرچہ وہ تیرے ساتھ نیکی کی باتیں کریں۔ 7 ۔ بے وفائی کی سزا مَیں نے اپنا گھر ترک کِیا اَور مَیں نے اپنی میراث چھوڑی ۔اَور مَیں نے اپنی جان کی محُبوبہ کو اُس کے دُشمنوں کے حوالہ کِیا۔ 8 ۔ میری میراث میرے لئے جنگل کے شیر کی مانند ہوگئی۔ اُس نے میرے خلاف آواز بُلند کی ۔اِس لئے مَیں نے اُس سے نفرت کی ۔ 9 ۔ میری میراث میرے لئے اَبلق پرندہ ہَے۔ شِکاری پرندے ہر طرف اُس کے گِرد ہَیں۔ آؤ جمع ہو اَے تمام صحرائی درندو! کھانے کے لئے آؤ۔ 10 ۔ بہُت سے چرواہوں نے میرے تاکِستان کو خراب کِیا۔ اَور میرے حِصّے کو پامال کِیا۔ اَور میرے دِل پسند بخرہ کو ویران بِیابان بنایا۔ 11 ۔ اُنہوں نے اُسے ویران کِیا۔ ویران ہوکر وہ میرے پاس نالہ کرتی ہَے۔ تمام مُلک وِیران ہوگیا۔ تو بھی کوئی اُسے خاطِر میں نہیں لاتا ۔ 12 ۔ بِیابان کی تمام بُلندیوں پر غارت گر آئے ہَیں۔ کیونکہ خُداوند کی تلوار مُلک کے اِس کنارے سے لےکر مُلک کے اُس کنارے تک نِگل جاتی ہَے۔ اَور کِسی بشر کے لئے سلامتی نہیں۔ 13 ۔ اُنہوں نے گندم بوئی پر کانٹے کاٹے ۔اُنہوں نے محنت کی پر کُچھ نفع نہ ہُؤا۔ خُداوند کے غضب کے بھڑکنے کے سبب سے تُم اپنی پیداوار سے شرمِندہ ہو۔ 14 ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ میرے سب بُرے ہمسایوں کے خلاف جو اُس میراث کو جھُوتے ہَیں جو مَیں نے اپنی اُمّت اِسرائیؔل کو وِارثت میں دی تھی ۔دیکھ ۔میں اُنہیں اُن کی سَر زمین سے اُکھاڑوں گااَور یہُوداہ کے گھرانے کو اُن کے درمیان سے نِکال پھینکُوں گا۔ 15 ۔ اور بعد اُس کے کہ مَیں اُنہیں اُکھاڑوں گا مَیں پھِروں گا۔اَور اُن پر رحم کرُوں گا۔اَور ہر ایک کو اُس کی میراث پراَور ہر ایک کو اُس کی سَر زمین میں واپس لاؤں گا۔ 16 ۔ اَور اگر و ہ میری اُمّت کی راہیں سیکھیں اَور میرے نام کی قسم کھا کر کہیں کہ زندہ خُداوند کی قسم جیسا اُنہوں نے میری اُمّت کو بَعؔل کی قسم کھانا سکھایا تھا۔ تو وہ میری اُمّت کے درمیان اُستور کئے جائیں گے۔ 17 ۔ اَور اگر وہ نہ سُنیں۔ تو مَیں اُس قوم کو بالکُل اُکھاڑ ڈالُوں گا۔ اَور نابُود کرُوں گا ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے۔)