باب

1 ا۔جب مَیں نے چاہا کہ اِسرؔائیل کو شِفا دُوں۔ تب اِفرؔائیم کی بَد کرداری اَور سامریہ کی شرارت ظاہر ہُوئی کیونکہ وہ دغا بازی کرتے ہَیں۔ چور نقب لگاتا ہے۔ اَور ڈاکوؤں کا غول باہر لُوٹ لیتا ہے۔ 2 ۔اَور وہ یہ نہیں سوچتے کہ مُجھے اُن کی ساری شرارت یاد ہَے اَور کہ اُن کے وہ اعمال جو میرے دیکھتے دیکھتے کِئے گئے اُنہیں گھیرے ہُوئے ہَیں۔ 3 ۔وہ اپنی شرارت سے بادشاہ کو اَور اپنے جھوٹ سے افسروں کو خُوش کرتے ہَیں۔ 4 ۔وہ سب کے سب بَدکار ہیں۔ وہ اُس تنوَر کی مانند ہَیں جِسے نانبائی گرم کرتا ہَے اَور آٹا گوُندھنے کے وقت سے لے کر خمیر اُٹھنے تک آگ بھڑکانے سے باز رہتا ہَے۔ 5 ۔ہمارے بادشاہ کے جشن کے دِن سردار مَے کی گرمی سے دِیوانہ ہُوئےوہ مسخروں کے ساتھ بے تکلُف ہُوا۔ 6 ۔اِن کے دِل تنُور کی مانند ہَیں جس میں شرارت کے منصوبے پکتے رہتے ہَیں اُن کا قہر رات بھر سُلگتا رہتا ہَے لیکن صُبح کو شُعلہ ور آگ کی طرح بھڑکتا ہَے۔ 7 ۔وہ سب کے سب تنُور کی مانند دہکتے ہَیں اَور اپنے حکمرانوں کو ہڑپ کر لیتے ہَیں اُن کے تمام بادشاہ مارے گئے ہَیں۔ اُن میں کوئی نہیں رہا جو مُجھے پُکارے۔ 8 ۔اِفرؔائیم دیگر قوموں سے مِل گیا ہَے۔ اِفرؔائیم ایک ایسی چَپاتی ہَے جو اُلٹائی ہی نہیں گئی۔ 9 ۔پردیسی اُس کی قوت کو نِگل لیتے ہَیں اَور اُسے خبر نہیں۔ اُس کے بال سفید ہونے لگے اَور اُسے معلُوم نہیں۔ 10 ۔اِسرؔائیل کا غُرور اُس کے چہرے پر گواہی دیتا ہَے تاہم وہ خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع نہیں لاتے اَور خواہ کُچھ ہی کیوں نہ ہو اُس کے طالِب نہیں ہوتے۔ 11 ۔اِفراؔئیم بے وقُوف اَور احمق فاختہ کی مانند ہَے۔ وہ مِصؔر کو دُہائی دیتے اَور اَسورکو جاتے ہَیں۔ 12 ۔جب وہ جائیں گے تو مَیں اپنا جال اُن پر پھیلاؤں گا مَیں اُنہیں ہَوا کے پرندوں کی طرح نیچے اُتارُوں گا۔ اَور جیسا اُن کی جماعت سُن چُکی ہَے اُن کی تادِیب کرُوں گا۔ 13 ۔اُن پر افسوُس!کیونکہ وہ میرے پاس آوارہ ہو گئے ہَیں۔ اُن پر ہلاکت ہو!کیونکہ اُنہوں نے مُجھ سے بے وفائی کی ہَے۔ مَیں اُن کا فِدیہ دینے آیا ہُوں لیکن وہ میرے خلاف جھوُٹ بولتے ہَیں۔ 14 ۔وہ پوُرے دِل کے ساتھ مُجھ سے فریاد نہیں کرتے بلکہ اپنے پلنگ پر پڑے پڑے چلّاتے ہَیں۔ وہ اناج اَور مَے کے لئے اپنے بدنوں تک کو بھی چیرتے ہَیں لیکن مُجھ سے باغی ہی رہتے ہَیں۔ 15 ۔اگرچہ مَیں نے اُن کے بازُو کو مضبُوط کِیا ہَے تو بھی وہ میرے خلاف بَدی کی مشورت کرتے ہیں۔ 16 ۔وہ رجوع ہوتے ہیں لیکن حق تعالیٰ کی طرف نہیں۔وہ دھوکا دینے والی کمان کی مانند ہَیں۔ اُن کے سردار اپنی زُبان کی گُستاخی کے سبب سے تلوار سے مارے جاتے ہَیں اِس سے مُلک ِ مصؔر میں اُن کی ہنسی ہو گی۔