باب

1 ۔ اسرائیل سے خدا کی محبت جب اِسرؔائیل ابھی بچّہ ہی تھا تو مَیں نے اُس سے مُحبّت رکھّی۔ اَور مَیں نے مِصؔر سے اپنے بیٹے کو بُلایا۔ 2 ۔جتنا مَیں نے اُنہیں بُلایا اُتنا ہی وہ میرے سامنے سے دُور ہوتے گئے۔ وہ بِعلؔیم کے لئے قُربانیاں گُزراننے اَور تراشی ہُوئی مُورتوں کے لئے بخُور جَلانے لگے۔ 3 ۔تو بھی مَیں نے اِفراؔئیم کو چلنا سِکھایا اَور گود میں اُٹھایا۔ لیکن اُنہوں نے نہ مانا کہ مَیں ہی نے اُن کی پرورش کی۔ 4 ۔مَیں اُنہیں اِنسانی رِشتوں اَور مُحبّت کی ڈوریوں سے کھینچتا رہا۔ مَیں نے اُن کے لئے اُس کی مانند تھا جس نے اُن کی گردن سے جؤا اُتارا اور اُن کی طرف جُھک کر اُنہیں کھانا کِھلایا۔ 5 ۔اَب وہ مُلک ِمِصؔر میں واپس نہ جائے گا بلکہ اسُور اُس کا بادشاہ ہو گا اِس لئے کہ وہ میری طرف رجُوع لانے سے اِنکار کرتے ہَیں۔ 6 ۔تلوار اُس کے شہروں میں گھوُمے گی اَور اُس پھاٹکوں کو فنا کر دے گی اَور اُن کے منصوبوں کے باعِث اُنہیں کھا جائے گی۔ 7 ۔میرے لوگوں نے میری نافرمانی کر نے کی ٹھان لی ہے۔ اگرچہ وہ مُجھے جو بُلند و بالا ہُوں۔ پُکاریں ، اُن کی بالکل نہ سُنوں گا۔ 8 ۔اَے اِفرؔائیم مَیں تُجھے کِس طرح چھُوڑ دوں؟ اَے اَسرؔائیل تُجھے کِس طرح حوالے کر دوں؟ مَیں کیونکر تُجھے ادؔمہ کی مانند کرُوں؟ کیونکر ضبوؔئیم کی مانند بناؤں؟ میرا دِل مُجھ میں بے تاب ہَے میری رحمت جوش مارتی ہَے۔ 9 ۔مَیں اپنے غضب کی تُندی کو عمل میں نہ لاؤں گا۔ مَیں دوبارہ اِفرؔائیم کو ہلاک نہ کرُوں گا۔ کیونکہ مَیں اِنسان نہیں بلکہ خُدا ہُوں مَیں تیرے درمیان کا قُدُّوس ہُوں۔ مَیں قہر میں نہیں آؤنگا۔ 10 ۔وہ خُداوند کی پیروی کریں گے اَور وہ شیر کی طرح گرجے گا اَور جب گرجے گا تو مغرب کی طرف سے فرزند کانپتے ہوئے آئیں گے۔ 11 ۔ وہ مصرسے پرندہ کی طرح اور اسور کے ملک سے کبوتر کی مانند کانپتے ہوئے آئیں گے اور میں اُن کو اُن کے گھروں میں بساؤں گا۔ خُداوند کا فرمان یوُنہی ہَے 12 ۔اِفرؔائیم نے جھوٹ سے اَور اِسرؔائیل کے گھرانے نے فریب سے مُجھے گھیرا ہَے۔ لیکن یہوداہ اب تک خُدا کے ساتھ چلتا رہا اور خُدائے قدوس کے ساتھ وفا دار رہاہے۔