باب

1 ۔ اسرائیل بے مذبح اور بے تخت اِسرؔائیل لہلہاتی تاک ہَے جس میں بُہت پھَل لگا ہَے۔ جُوں جُوں اُس کا پھَل بڑھتا گیا وہ زِیادہ مذَبحے تعمیر کرتا گیا۔ اَور جس قدر اُس کی زمین نے پیداور کی اُسی قدر اچھّے اچھّے ستُون بناتا گیا۔ 2 ۔اُن کا دِل دغا باز ہَے۔ اَب وہ مُجرم ٹھہریں گے۔ وہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دے گا اَور اُن کے ستُونوں کو تباہ کر دے گا۔ 3 ۔یقیناً اَب وہ کہیں گے کہ ہمارا کوئی بادشاہ نہیں کیونکہ جب ہم خُداوند سے نہیں ڈرتے تو بادشاہ ہمارے لئے کیا کرے گا۔ 4 ۔وہ باتیں محض باتیں کرتے ہَیں۔ وہ عہد و پیمان میں جھُوٹی قسمیں کھاتے ہَیں۔ اِس لئے سزا ایسی پھُوٹ نِکلے گی جیسے کھیت کی ریگھاریوں میں زہریلی بوُٹیاں۔ 5 ۔سامریہ کے باشِندے بَیت آون کی بچھیوں کے سبب سے خوفزدہ ہوں گے۔ لوگ اُس پر ماتم کریں گے۔ اُس کے پُجاری اُس پر نوحہ کریں گے وہ اُس کی شوکت پر روئیں گے کیونکہ وہ اُس سے جاتی رہی ہَے۔ 6 ۔اَور وہ خُود ہی اسُور میں شاہِ عظیم کے پاس ہدیہ کے طور پر پُہنچایا جائے گا اِفرؔائیم ذلیل ہو گا۔ اَور اِسرؔائیل اپنے بُتوں کی بات ماننے کے سبب شرمندہ ہو گا۔ 7 ۔سامریہ فنا کر دِیا جائے گا۔ اُس کا بادشاہ پانی پر تیرتی ڈالی کی مانند ہو گا۔ 8 ۔ اِسرؔائیل کے مندر جوان کا گناہ ہَیں تباہ کر دیئے جائیں گے۔ اَور اُن کے مذَبحوں پر خاردار جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے اُگیں گے۔ تب وہ پہاڑوں سے کہیں گے کہ ہمیں چُھپا لو اَور ٹیلوں سے کہ ہم پر گِر پڑو۔ 9 ۔اَے اسرؔائیل تُو جِبعَؔہ کے ایّام سے گُناہ کر تا آیا ہَے۔ وہاں وہ کھڑے ہو گئے تاکہ لڑائی جِبَعؔہ تک نہ پُہنچے۔ 10 ۔ میں جب چاہوں اُنہیں سزا دوں گا اَور قوموں کو اُن کے مُخالفت میں جمع کر کے اُنھیں قید کرُوں گا۔ اُن کے دُگنے گُناہ کی سزا دُوں گا۔ 11 ۔اِفرؔائیم سِدَھائی ہُوئی بچھیا ہَے جو گاہنا پسند کرتی ہَے لیکن مَیں اُس کی خُوبصُورت گردن پر جُوا ڈالُوں گا۔ اَور اِسرؔائیل ہَل چلائے گا اَور یعقُوبؔ سَہاگا پھیرے گا۔ 12 ۔ اپنے لئے صداقت بوؤ۔ دِینداری کی فصل کاٹو۔ اپنی غیر آباد زمین میں ہل چلاؤ کیونکہ موقع ہَے کہ تُم خُداوند کی تلاش کرو جب تک کہ وہ نہ آئے اَور تُم پر صداقت برسائے۔ 13 ۔تُم نے شرارت کا ہَل چلایا ہَے اَور بے انصافی کاٹی ہَے اَور جُھوٹ کا پھَل کھایا ہَے۔ چُونکہ تُم نے اپنے منصوبوں، رتھوں پر اَور اپنے بہادروں پر بھروسا کِیا۔ 14 ۔اِس لئے تیرے شہروں میں ہنگامہ برپا ہو گا اَور تیرے سب قِلعے ڈھا دیئے جائیں گے جس طرح شلمن نے جنگ کے دِن بَیت ارؔبیل کو تباہ کِیا تھا جہا ں ماں بچّوں سمیت ٹکڑے ٹکڑے کر دی گئی تھی۔ 15 ۔ اُسی طرح اَے بیت ایل کے گھرانے مَیں تُمہاری بے اِنتہا شرارت کے سبب سے تُم سے ایسا ہی کرُوں گا۔ اِسرؔائیل کا بادشاہ صُبح سویرے بِالکُل فنا ہو جائے گا۔