باب ۲۲

1 ۱۔پِھر اُس نے مُجھے آبِ حَیات کا ایک دریا دِکھایا جو بِلّور کی طرح شَفّاف تھا اور خُدا اور بّرے کے تَخْت سے نِکلتا تھا۔ 2 ۲۔اور شہر کے مرکز میں بہتا تھا اور اُس دَریا کی دونوں اَطْراف زِندگی کا دَرَخْت تھا جِس پر بارہ پَھل لگتے ہَیں اور وہ ہر مہینے کے مُطابِق پھل دیتاہَے اور اُس کے پتّے اَقوام کی شِفا کے لیے ہَیں۔ 3 ۳۔پِھر کوئی لعنت نہ ہوگی بلکہ خُدا اور برّے کا تَخْت اُس میں ہوگا اور اُس کے بندے اُس کی عِبادَت کریں گے۔ 4 ۴۔اور وہ اُس کا دِیدار کریں گے اور اُس کا نام اُن کے ماتھوں پر ہوگا۔ 5 ۵۔اور پِھر رات نہ ہوگی اور وہ چراغ اور سُورج کی روشنی کے مُحتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوَند خُدا اُنھیں روشن کرے گا اور وہ اَبدُالآباد تک بادشاہی کرتے رہیں گے۔ 6 ۶۔اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ باتیں سَچ اور بَرحَق ہَیں چُنان٘چِہ خُداوَند نے جو اَن٘بِیا کی اَرواح کا خُدا ہَے، اپنے فرِشتے کو اِس لیے بھیجا کہ جِن باتوں کا جلد ہونا ضرُور ہَے اُنھیں اپنے بندوں پر ظاہِر کرے۔ 7 ۷۔اور دیکھ مَیں جلد آتا ہُوں مُبارک ہَے وہ جو اِس کِتاب کی نُبُوَّت کی باتوں پر عَمَل کرتا ہَے۔ 8 ۸۔اور مُجھ یُوحنّاؔ ہی نے اُن باتوں کو سُنا اور دیکھااور جب مَیں نے سُنا اور دیکھا تو اُس فرِشتے کے پاؤں پر سِجدَہ کرنے کو گِرا جِس نےمُجھے یہ باتیں دِکھائِیں۔ 9 ۹۔تب اُس نے مُجھ سے کہا خَبَردار! ایسا نہ کر کیونکہ مَیں تیرا اور تیرے اَن٘بِیا بھائِیوں کا اور اُنھیں جو اِس کِتاب کی نُبُوَّت کی باتیں مانتے ہَیں ہم خِدمت ہُوں، سِجدَہ خُدا کو کر! 10 ۱۰۔پِھر اُس نے مُجھ سے کہا کہ تُو اِس کِتاب کی بنُوّت کی باتوں پر مُہر نہ لگا کیونکہ وَقْت نزدِیک ہَے۔ 11 ۱۱۔جو ناراست ہَے وہ ناراست تر ہوتا چلا جائےاور جو نَجِس ہَے وہ نَجِس تر ہوتا چلا جائے اور جو راست ہَے وہ راست تر ہوتا چلا جائے اور جو پاک ہَے وہ پاک تر ہوتا چلا جائے۔ 12 ۱۲۔دیکھ مَیں جلد آنے والا ہُوں اور ہر ایک کے کام کے مُوافِق دینے کے لیے اَجْرمیرے پاس ہَے۔ 13 ۱۳۔مَیں الفاؔ اور اَومیگاؔ۔ اوّل اور آخِر۔ اِبتدا اور اِنْتِہا ہُوں۔ 14 ۱۴۔مُبارک ہَیں وہ جو اپنے جامے دھوتے ہَیں کیونکہ وہ شجرِ حَیات کے مُستَحَق ہوں گے اور وہ اِن دروازوں سے شہر میں داخِل ہوں گے۔ 15 ۱۵۔مگر کُتّے، جادُوگر، حرام کار، قاتِل، بُت پرست اور جُھوٹ کو پَسَنْد کرنے اور بولنے والا باہِر رہے گا۔ 16 ۱۶۔مُجھ یِسُوعؔ نے اپنا فرِشتہ بھیجا کہ کلِیسِیاؤں کے لیے تُمھارے رُو بَرُو اِن باتوں کی گواہی دے۔ مَیں داؤدؔ کی اَصْل و نسْل اور صُبح کا روشن سِتارہ ہُوں۔ 17 ۱۷۔اور رُوح اور دُلہن کہتی ہَیں کہ آ اور جو سُنے وہ بھی کہے کہ آ اور جو پِیاسا ہو وہ آئے اور جو کوئی چاہے آبِ حَیات مُفْت لے۔ 18 ۱۸۔مَیں ہر ایک شخْص کے آگے جو اِس کِتاب کی نُبُوَّت کی باتیں سُنتا ہَے گواہی دیتا ہُوں کہ اگر کوئی اِن باتوں میں کُچھ بڑھائے تو خُدا اِس کِتاب میں لِکھی ہُوئی آفات اُس پر نازِل کرے گا۔ 19 ۱۹۔اور اگر کوئی نُبُوَّت کی اِس کِتاب کی باتوں میں سے کُچھ نِکال ڈالے تو خُدا اُس کا حِصّہ اُس زِندگی کے دَرَخْت اور مُقدّس شہر میں سے نِکال دے گا جِن کا اِس کِتاب میں ذِکْر ہَے۔ 20 ۲۰۔جو اِن باتوں کی گَواہی دیتا ہَے وہ یہ کہتا ہَے کہ بیشک مَیں جلد آنے والا ہُوں۔ آمِین۔ اَے خُداوَند یِسُوعؔ آ۔ 21 ۲۱۔خُداوَند یِسُوعؔ کا فضْل مُقَدّسِین کے ساتھ رہَے۔ آمِین۔