باب ۱۷

1 ۱۔ اور اُن ساتوں فرِشتگان میں سے جِن کے پاس سات پیالے تھے ایک نے آکر مُجھ سے کہا کہ آ مَیں تُجھے اُس بڑی کَسبی کی سزا دِکھاؤں جو بہت سی ندِیوں پر بَیٹھی ہُوئی ہَے۔ 2 ۲۔ جِس کے ساتھ زمِین کے بادشاہوں نے حرام کاری کی تھی اور جِس کی حرام کاری کے مَے میں زمِین کے باشِن٘دے متوالے ہو گَئے تھے۔ 3 ۳۔ پِھر وہ مُجھے رُوح کی حالت میں بِیابان میں لے گیاوہاں مَیں نے ایک عورت کو قِرْمِزی رَن٘گ کے ایک حَیوان پر بَیٹھے دیکھا جو کُفْر کے ناموں سے لِپا ہُوا تھا جِس کے سات سر اور دس سیِنگ تھے۔ 4 ۴۔ یہ عَورت اَرغوانی اور قِرْمِزی رَن٘گ کا لِباس پہنے ہُوئے تھی اور سونے اور جواہِر اور موتِیوں سے آراستہ تھی اور ایک سُنہری پیالہ اپنے ہاتھ میں تھامے ہُوئے تھی جو مکرُوہات اور اُس کی حرام کاری کی آلُودگی سے بھرا تھا۔ 5 ۵۔ اور اُس کے ماتھے پر ایک نام لِکھا ہُوا تھا۔ راز۔ ’’ بڑا شہرِ بابلؔ،کسبِیوں اور زمِین کی مکرُوہات کی ماں۔‘‘ 6 ۶۔ اور مَیں نے دیکھا کہ وہ عَورت مُقَدّسِین اور یِسُوعؔ کے شُہدا کےخُون سے متوالی تھی۔ اور مَیں اُسے دیکھ کر سَخْت حَیران ہُوا۔ 7 ۷۔ تب اُس فرِشتے نے مُجھ سے کہا، ’’تُو کِیُوں حَیران ہَے؟ مَیں اُس عَورت کا اور اُس حَیوان کا راز جِس پر وہ سوار ہَے اور جِس کےسات سر اور دس سِینگ ہَیں، تُجھے بتاؤں گا۔ 8 ۸۔ جو حَیوان تُو نے دیکھا وہ پہلے تھا لیکِن اَب نہیں ہَے اور اَتھاہ گڑھے سے نِکل کر ہلاکت میں پڑجائے گا اور زمِین کے وہ باشِن٘دے جِن کے نام بنائے عالم سے کِتابِ حَیات میں لِکھے نہیں گَئے اُس حَیوان کو دیکھ کر کہ جو پہلے تھا اور اَب نہیں اور پِھر مَوجُود ہو جائے گا، تعجُّب کریں گے۔ 9 ۹۔ اور یہاں حِکمت کا موقع ہَے۔ سات سر سات پہاڑ ہَیں جِن پر وہ عَورت بیٹھی ہُوئی ہَے۔ 10 ۱۰۔ اور وہ سات بادشاہ بھی ہَیں جِن میں سے پانچ تو گِر چُکے، ایک مَوجُود ہَے اور ساتواں اَب تک نہیں آیا اور جب آئے گا توکُچھ عرصہ تک اُس کا رہنا ضرُور ہَے۔ 11 ۱۱۔ اور وہ حَیوان جو تھا لیکِن ہَے نہیں، وہ آٹھواں ہَے اور اُن ساتوں میں سے ہَے اور ہلاکت میں پڑے گا۔ 12 ۱۲۔ اور جو دس سِینگ تُو نے دیکھے وہ دس بادشاہ ہَیں۔ اُنھوں نے اَب تک بادشاہی نہیں کی لیکِن اُس حَیوان کے ساتھ گھڑی بھرکو شاہی اِختِیار پائیں گے۔ 13 ۱۳۔ وہ ایک ہی اِرادہ رکھیں گے اور اپنی قُدرت اور اِختِیار اُس حَیوان کو سون٘پ دیں گے۔ 14 ۱۴۔ وہ بّرے سے لڑیں گے مگر برّہ اُن پر غالِب آ جائے گا کیونکہ وہ خُداوَندوں کا خُداوَند اور بادشاہوں کا بادشاہ ہَے اور جو اُس کے ساتھ ہَیں وہ بُلائے ہُوئے، برگُزیدہ اور وفادار ہَیں۔ 15 ۱۵۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا کہ جو ندِیاں تُو نے دیکھیں یعنی جِن پر وہ کَسبی بَیٹھی ہَے وہ اُمّتیں، جَتھے، اَقوام اور اہلِ زُبان ہَیں۔ 16 ۱۶۔ اور جو دس سِین٘گ تُو نے دیکھے وہ،اور وہ حَیوان، اُسی کَسبی سے عَداوَت رکھّیں گے اور اُسے بے کَس اور برہنہ کر دیں گے اور اُس کا گوشت کھا جائیں گے اور اُسے آگ میں جَلا ڈالیں گے۔ 17 ۱۷۔ کیونکہ خُدا نے اُن کے دِلوں میں یہ ڈال دِیا کہ اُس کی مرضی بجا لائیں اور ایک ہی اِرادہ رکھیں اور اپنی بادشاہی اُس حَیوان کو سَون٘پ دیں جب تک کہ خُدا کی باتیں پُوری نہ ہو جائیں۔ 18 ۱۸۔ اور جِس عَورت کو تُونے دیکھا یہ وہ بڑا شہر ہَے جو زمِین کے بادشاہوں پر حُکومت کرتا ہَے۔