باب ۱۳

1 ۱۔اور مَیں نے ایک حَیوان کو سمُندر میں سے نِکلتے ہُوئے دیکھا جِس کے سات سر اور دس سِینگ تھے اور اُس کے سِینگوں پر دس شاہی تاج تھے اور اُس کے سروں پر کُفْر کے نام لِکھے ہُوئے تھے۔ 2 ۲۔ اور جو حَیوان مَیں نے دیکھا اُس کی شکْل تیندوے کی مانِن٘د تھی اور اُس کے پاؤں رِیچھ کے سے اور مُنہ بَبر کا سا تھا۔ اور اُس اَژدہا نے اپنی قُدرت اور اپنا تَخْت اور بڑا اِختِیار اُسے دے دِیا۔ 3 ۳۔اور مَیں نے دیکھا کہ گویا اُس کے سروں میں سے ایک پر مُہلِک زَخْم لگا ہَے مگر اُس کا مُہلِک زَخْم اچھّا ہوگیا اور ساری دُنیا تعجُّب کرتے ہُوئے اُس حَیوان کے پیِچھے پِیچھے ہو لی۔ 4 ۴۔اور اُنھوں نے اُس اَژدہا کی جِس نے اپنا اِختِیار اُس حَیوان کو دے دِیا تھا پرستِش کی۔ اور اُس حَیوان کی بھی یہ کہہ کر پرستِش کی کہ اِس حَیوان کی مانِن٘د کون ہَے؟ اور کون جو اِس سے جَن٘گ لڑ سکتا ہَے؟ 5 ۵۔اور اُسے بڑے بول بولنے والا اور کُفْر بَکنے کے لیے ایک مُنہ دِیا گیااور اُسے اِختِیار دِیا گیا کہ بیالِیس مہِینوں تک کام کرے۔ 6 ۶۔ اور اُس نے خُدا کی بابَت کُفْر بَکنے کے لیے اپنا مُنہ کھولا تاکہ اُس کے نام اور اُس کے خَیمہ یعنی آسمان کے رہنے والوں کی نِسبت کُفْر بَکے۔ 7 ۷۔اور اُسے یہ اِختِیار دِیا گیا کہ مُقَدّسِین سے لڑے اور اُن پر غالِب آئے۔ اوراُسے ہر ایک قبِیلے، اُمّت، اہلِ زُبان اور قَوم پر اِختیار دِیا گیا۔ 8 ۸۔اور زمِین کے وہ سب باشِن٘دے اُس کی پرستِش کریں گے جِن کے نام اُس برّہ کی کِتابِ حَیات میں نہیں لِکھے گَئے جو بنائے عالم کے وَقْت سے ذَبْح ہُوا ہَے۔ 9 ۹۔جِس کے کان ہوں وہ سُن لے۔ 10 ۱۰۔جِسے قَید ہونے والی ہَے وہ قَید میں پڑے گااور جو کوئی تلوار سے قتْل کرے گا، ضرُور ہَے کہ وہ تلوار سے قتْل کِیا جائے۔ اِسی میں مُقَدّسِین کا صبْر اور اِیمان ظاہِر ہوتا ہَے۔ 11 ۱۱۔پِھر مَیں نے ایک اَور حَیوان کو زمِین میں سے نِکلتے ہُوئے دیکھا۔ اور اُس کے برّہ کے سے دو سِینگ تھے اور وہ اَژدہا کی مانِن٘د بولتا تھا۔ 12 ۱۲۔اور وہ پہلے حَیوان کا سارا اِختِیار اُس کے سامنے کام میں لاتا ہَے اور زمِین اور اُس کے باشِن٘دوں سے اُس پہلے حَیوان کی پرستِش کراتا تھا جِس کا مُہلِک زَخْم اچھّا ہو گیا تھا۔ 13 ۱۳۔ اور وہ بڑے بڑے نِشان دِکھاتا ہَے یہاں تک کہ آدمِیوں کے سامنے آسمان سے زمِین پر آگ برسا دیتا ہَے۔ 14 ۱۴۔اور زمِین کے باشِن٘دوں کو اُن نِشانوں کے سبب سے گُمراہ کرتا ہَے جِن کا اُس حَیوان کے سامنے دِکھانے کا اِختِیار اُسے دِیا گیا تھا۔اور زمِین کے باشِن٘دوں سے کہتا ہَے کہ وہ اُس حَیوان کی مُورت بنائیں جِسے تلوار کا زَخْم لگا تھا اور جو زِندہ ہو گیا۔ 15 ۱۵۔اور اُسے یہ اِختِیار دِیا گیا کہ وہ حَیوان کی مُورت میں رُوح پُھونکے تاکہ حَیوان کی مُورت بولے بھی اور جو حَیوان کی مُورت کی پرستِش نہ کریں اُنھیں قتْل بھی کرائے۔ 16 ۱۶۔ اور وہ سب چھوٹے ، بڑوں، غرِیبوں، آزادوں اور غُلاموں کے دَہْنے ہاتھوں یا اُن کے ماتھوں پر ایک ایک چھاپ لگواتا ہَے۔ 17 ۱۷۔تاکہ کوئی بھی خرِیدو فروخت نہ کر سکے سِوا اُس کے جِس پر اُس حَیوان کی چھاپ یا نام یا اُس کے نام کا عدد ہو۔ 18 ۱۸۔یہ حِکمَت کی بات ہَے۔ جو سمجھ رکھتا ہَے وہ اُس حَیوان کا عدد گِن لے کیونکہ یہ آدمی کا عدد ہَے اور اُس کا عدد چھ سَو چھِیاسَٹھ ہَے۔