باب ۱۲

1 ۱۔ پِھر آسمان پر ایک بڑا نِشان ظاہِر ہُوا یَعنی ایک عورت نَظَر آئی جو سُورج کو اَوڑھے ہُوئے اور جِس کے پاؤں کے نِیچے چان٘د اور سر پر بارہ سِتاروں کا تاج تھا۔ 2 ۲۔وہ حامِلہ تھی اور دَرْدِ زِہ میں چِلّاتی تھی اور بچّہ جَننے کی تکلِیف میں تھی۔ 3 ۳۔پِھر ایک اَور نِشان آسمان پر دِکھائی دِیا یعنی سُرخ رَن٘گ کا ایک بڑا اَژدہا جِس کے سات سر اور دس سِینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات شاہی تاج تھے۔ 4 ۴۔اور اُس کی دُم نے آسمان کے ایک تِہائی سِتاروں کوکھینچ کر زمِین پر ڈال دِیا۔ پِھر اَژدہا اُس عَورت کے آگے جا کھڑا ہُوا جو بچّہ جَننے کو تھی تاکہ جب وہ جَنے تو اُس کے بچّے کو نِگل جائے۔ 5 ۵۔اور وہ بیٹا جَنی یعنی وہ جو لوہے کے عَصا سے تمام اَقوام پر حُکُومت کرنے کو ہَے اور اُس کا بیٹا یکایک خُدا اور اُس کے تَخْت کے پاس اُٹھا لِیا گیا۔ 6 ۶۔ اور وہ عَورت بِیابان میں بھاگ گَئی جہاں خُدا کی طرف سے اُس کے لیے ایک جگہ تیّار کی گَئی ہَے تاکہ ایک ہزار دو سَو ساٹھ دِن تک وہاں اُس کی پروَرِش کی جائے۔ 7 ۷۔پِھر آسمان پر لڑائی ہُوئی ۔ مِیکائیلؔ اور اُس کے فرِشتگان نے اَژدہا سے جَن٘گ کی اور اَژدہا اور اُس کے فرِشتگان اُن سے لڑے۔ 8 ۸۔لیکِن غالِب نہ آئے اور پِھر اُن کے لیے آسمان میں جگہ نہ رہی۔ 9 ۹۔اور وہ بڑا اَژدہا گِرا دِیا گیا یعنی وہی پُرانا سانپ جو اَبلِیس اور شَیطان کہلاتا ہَے اور سارے جہان کو گُمراہ کرتا ہَے۔ اُسے زمِین پر گِرا دِیا گیا اور اُس کے فرِشتگان بھی اُس کے ساتھ گِرا دِئیے گَئے۔ 10 ۱۰۔اور مَیں نے ایک بڑی آواز آسمان میں یہ کہتے سُنی کہ اَب نجات اور قُدرت اورہمارے خُدا کی بادشاہی اور اُس کے مسِیح کا اِختِیار ظاہِر ہُؤا کیونکہ ہمارے بھائِیوں پر اِلزام لگانے والا جو دِن رات ہمارے خُدا کے آگے اُن پر اِلزام لگایا کرتا تھا گِرا دِیا گیا۔ 11 ۱۱۔اور وہ بَرّے کے خُون اور اپنی گَواہی کے کلام کے باعِث اُس پر غالِب آئے اور اُنھوں نے اپنی جانوں کو عزِیز نہ جانا یہاں تک کہ مَوت بھی گوارا کی۔ 12 ۱۲۔اِس واسطے اَے آسمانو اور اُن میں رہنے والو خُوشی کرو!زمِین اور سمُندر پر اَفسوس! اِس لیے کہ اِبلِیس بڑے قہر میں تُمھارے پاس اُتر کر آیا ہَے کیونکہ جانتا ہَے کہ اُس کا تھوڑا ہی سا وَقْت باقی ہَے۔ 13 ۱۳۔اور جب اُس اَژدہا نے دیکھا کہ وہ گِرا دِیا گیا ہَے تو اُس عَورت کو سَتانے لگا جِس نے بیٹا جَنا تھا۔ 14 ۱۴۔اور اُس عَورت کو بڑے عُقاب کے دو پَر دیئے گَئے تاکہ سانپ کے سامنے سے اُڑ کر بِیابان میں اپنی اُس جگہ پَہُن٘چ جائے جہاں ایک زمانہ اور زمانوں اور آدھے زمانے تک پروَرِش پاتی رہے۔ 15 ۱۵۔پِھر سانپ نے اپنے مُنہ سے اُس عَورت کے پِیچھے ندِی کی مانِن٘د پانی بہایا تاکہ اُسے اِس ندِی سے بہا دے۔ 16 ۱۶۔مگر زِمین نے اُس عَورت کی مدد کی اور اپنا مُنہ کھول کر اُس ندِی کو پی لِیا جو اَژدہا نے اپنے مُنہ سے بہائی تھی۔ 17 ۱۷۔اور اَژدہا کو عَورت پر غُصّہ آیا اور اُس کی باقی اَولاد سے جَن٘گ کرنے کو نِکلا جو خُدا کے احکام پر عَمَل کرتی ہَے اور یِسُوعؔ کی گَواہی دینے پر قائِم ہَے۔ 18 ۱۸۔اور وہ سمُندر کی ریت پر جا کھڑا ہُؤا۔