باب ۹

1 ۱۔کیا مَیں آزاد نہیں؟ کیا مَیں رَسُول نہیں؟ کیا مَیں نے یِسُوعؔ مسِیح کو نہیں دیکھا جو ہمارا خُداوَند ہَے؟ کیا تُم خُداوَند میں میری مِحْنَت نہیں ہو؟ 2 ۲۔ اگر مَیں اَوروں کے لیے رَسُول نہیں تو بھی تُمھارے لیے تو بے شک ہُوں کِیُونکہ تُم خُداوَند میں میری رسالت پر مُہر ہو۔ 3 ۳۔جو میرا اِمتِحان کرتےہَیں اُن کے لیے میرا جواب یہی ہَے۔ 4 ۴۔کیا ہمیں کھانے پِینے کا اِختِیار نہیں؟ 5 ۵۔ کیا ہمیں یہ اِختِیار نہیں کہ کِسی اِیمان دار بہن، بِیوی کو ساتھ لیے پِھریں جَیسا دُوسرے رَسُول اورخُداوَند کے بھائی اور کیفاؔ کرتے ہَیں؟ 6 ۶۔یا صِرْف مُجھے اور بَرنَباسؔ کو ہی مِحْنَت مُشَقَّت سے باز رہنے کا اِختِیار نہیں؟ 7 ۷۔کون سا سِپاہی اپنے خرچ پر جَن٘گ کرنے جاتا ہَے؟ کون تاکِستان لگا کر اُس کا پَھل نہیں کھاتا؟یا کون گلّہ چَرا کر اُس گلّے کا دُودھ نہیں پِیتا؟ 8 ۸۔کیا مَیں یہ باتیں محْض اِنسانی قیاس ہی کے مُوافِق کہتا ہُوں۔ کیا تورَیت بھی یہی نہیں کہتی؟ 9 ۹۔چُنان٘چِہ مُوسیٰؔ کی شرِیعت میں لِکھا ہَے کہ کھلیان میں چلتے بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔کیا خُدا کو بَیلوں کی فِکْر ہَے؟ 10 ۱۰۔یاوہ خاص ہمارے واسطے یُوں کہتا ہَے؟ ہاں یہ ہمارے واسطے لکِھا گیا ہَے کِیُونکہ مُناسِب ہَے کہ جوتنے والا اُمّید پر جوتے اور گاہنے والا حِصّہ پانے کی اُمّید پر گاہَے۔ 11 ۱۱۔پس اگر ہم نے تُمھارے لیے رُوحانی چِیزیں بوئی ہَیں تو کیا یہ کوئی بڑی بات ہَے کہ ہم تُمھاری جِسمانی چِیزوں کی فَصْل کاٹیں؟ 12 ۱۲۔جب اَوروں کا تُم پر یہ اِختِیار ہَے تو کیا ہمارا اِس سے زیادہ نہ ہو گا؟ لیکِن ہم نے اِس اِختِیار سے کام نہیں لِیا بلکہ ہر چِیز کی برداشت کرتے ہَیں تا کہ ہم مسِیح کی خُوش خبری میں رُکاوٹ کا باعِث نہ ہوں۔ 13 ۱۳۔کیا تُم نہیں جانتے کہ جو مُقَدّس چِیزوں کی خِدمت کرتے ہَیں وہ ہَیکل سے کھاتے ہَیں؟ اور جو قُربان گاہ کے خِدمت گُذار ہَیں وہ قُربان گاہ کے ساتھ حِصّہ پاتے ہَیں؟ 14 ۱۴۔اِسی طرح خُداوَند نے بھی مُقَرّر کِیا ہَے کہ خُوش خبری سُنانے والے خُوش خبری کے وسِیلے سے گُزارہ کریں۔ 15 ۱۵۔لیکِن مَیں نے اِن میں سے کِسی بات پر عَمَل نہیں کِیا اور نہ اِس غَرَض سے یہ لِکھا ہَےکہ میرے واسطے اَیسا کِیا جائے۔ کِیُونکہ میرا مَرنا ہی اِس سے بِہتر ہَے کہ کوئی میرے فَخْر کو ضائع کر دے۔ 16 ۱۶۔اگر مَیں خُوش خبری کی مُنادی کرُوں تو میرا کُچھ فَخْر نہیں کِیُونکہ یہ تو میرے لیے ضرُوری ہَے۔اور مُجھ پر اَفسوس! اگر مَیں خُوش خبری نہ سُناؤُں۔ 17 ۱۷۔کِیُونکہ اگر مَیں یہ خُوشی سے کرُوں تو میرا اَجْر ہَے لیکِن اگر مجبُوری سے کرُوں تو مُختاری میرے سپُرد ہُوئی ہَے۔ 18 ۱۸۔پس مُجھے کیا اَجْر مِلتا ہَے؟یہ کہ جب اِنجِیل کی مُنادی کرُوں تو خُوش خبری کو مُفْت کر دُوں تا کہ جو اِختِیار مُجھے خُوش خبری کے بارے میں حاصِل ہَے اِس کا ناجائز اِستِعمال نہ کرُوں۔ 19 ۱۹۔اگرچہ مَیں سب لوگوں سے آزاد ہُوں پِھر بھی مَیں نے اپنے آپ کو سب کا غُلام بنا دِیا ہَے تا کہ اَور بھی زِیادہ لوگوں کو کھینچ لاؤُں۔ 20 ۲۰۔مَیں یہُودِیوں کے درمِیان یہُودِیوں جیسا بَنا تا کہ یہُودِیوں کو کھینچ لاؤُں۔ جو لوگ شرِیعت کے ماتَحَت ہَیں اُن کے لیے مَیں شرِیعت کے ماتَحَت جَیسا بَنا تا کہ شرِیعت کے ماتحتوں کو کھینچ لاؤں، اگرچہ خُود شرِیعت کے ماتَحَت نہیں ہُوں۔ 21 ۲۱۔بے شرع لوگوں کے لیے بے شرع بَنا تا کہ بے شرع لوگوں کو کھینچ لاؤُں (اگرچہ خُدا کے نزدِیک بے شرع نہ تھا بلکہ مسِیح کی شرِیعت کے تابِع تھا)۔ 22 ۲۲۔کمزوروں کے لیے کمزور بَنا تا کہ کمزوروں کو حاصِل کر سَکُوں۔مَیں سب آدمِیوں کے لیے سب کُچھ بنا ہُوا ہُوں تا کہ کِسی طرح سے بعض کو بچا سَکُوں۔ 23 ۲۳۔مَیں یہ سب کُچھ اِنجِیل کی خاطِر کرتا ہُوں تا کہ اَوروں کے ساتھ شرِیک ہُوؤں۔ 24 ۲۴۔کیا تُم نہیں جانتے کہ دَوڑ کے مَیدان میں دَوڑنے والے تو سب ہی ہَیں مگر اِنعام ایک ہی پاتا ہَے۔پس اَیسے دَوڑو کہ تُم ہی جِیتو۔ 25 ۲۵۔اور ہر پہلوان سب طرح کا پرہیز کرتا ہَے۔ اَب وہ تو مُرجھانے والا سہرا پانے کے لیے یہ کرتے ہَیں مگر ہم اُس سہرے کے لیے کرتے ہَیں جو مُرجھانے کا نہیں ۔ 26 ۲۶۔پس مَیں بھی اِسی طرح دَوڑتا ہُوں مگر بے یقِینی سے نہیں ۔اوراُس مُکّے باز کی طرح نہیں لڑتا جو ہَوا میں مُکّے چلاتا ہَے۔ 27 ۲۷۔بلکہ مَیں اپنے بدَن کو مارتا پِیٹتا اور اُسے قابُو میں رکھتا ہُوں، اَیسا نہ ہو کہ اَوروں میں مُنادی کر کے آپ نامَقبُول ٹھہرُؤں۔