باب ۱۶

1 ۱۔اَب اُس چندے کی بابَت جو مُقدّسوں کے واسطے کِیا جاتا ہَے، جَیسا مَیں نے گَلِتّیہؔ کی کلِیسِیاؤں کو حُکْم دِیا وَیسا ہی تُم بھی کرو۔ 2 ۲۔ہَفتے کے پہلے دِن تُم میں سے ہر شخْص اپنی آمدن کے مُوافِق کُچھ اپنے پاس رکھ چھوڑا کرے تا کہ میرے آنے پر چندے نہ کرنے پڑیں۔ 3 ۳۔اور جب مَیں آؤُں تو جِنھیں تُم مَنظُور کرو گے، مَیں اُنھیں خَط دے کر بھیج دُوں گا تا کہ تُمھاری خَیرات یروشلِؔیم کو پُہنچا دیں۔ 4 ۴۔اور اگر میرا بھی جانا مُناسِب ہُوا تو وہ میرے ساتھ ہی جائیں گے۔ 5 ۵۔ اور مَیں مَکِدُنیہؔ سے ہو کر تُمھارے پاس آؤُں گا کِیُونکہ مَیں مَکِدُنیِہؔ سے ہی گُزر رہا ہُوں۔ 6 ۶۔مگر قِیام شاید تُمھارے ہی پاس کروُں اور موسمِ سرما بھی تُمھارے ہی پاس گُزا رُوں تا کہ جِس طرف مَیں جانا چاہُوں تُم مُجھے اُس طرف رَوانہ کر دو۔ 7 ۷۔کِیُونکہ مَیں اَب راہ میں گُزرتے گُزرتے تُم سے مُلاقات کرنا نہیں چاہتا۔ بلکہ مُجھے اُمِّید ہَے کہ خُداوَند نے چاہا تو کُچھ عرصہ تُمھارے پاس رہُوں گا۔ 8 ۸۔لیکِن مَیں عِیدِ پِنتکُست تک اِفِسُسؔ میں رہُوں گا۔ 9 ۹۔کِیُونکہ میرے لیے ایک وسِیع اور کار آمد دروَازہ کھُلا ہَےاور مُخالِف بہت سے ہَیں۔ 10 ۱۰۔اگر تِیمُتِھیُؔس آ جائے تو خیال رکھنا کہ وہ تُمھارے پاس بے خوف رہےکِیُونکہ وہ میری طرح خُداوَند کا کام کرتا ہَے۔ 11 ۱۱۔پس کوئی اُسے حَقِیر نہ جانے بلکہ اُسے سلامتی کے ساتھ اِس طرف رَوانہ کرنا کہ میرے پاس آ جائے کِیُونکہ مَیں مُنتَظِر ہُوں کہ وہ بھائِیوں سَمیت آئے۔ 12 ۱۲۔اور بھائی اَپُلّوسؔ سے مَیں نے بہت اِلتِماس کی کہ تُمھارے پاس بھائِیوں کے ساتھ جائے مگر وہ فی الحال جانے پر بالکل راضی نہ ہُوا لیکِن جب اُسے موقع مِلا تو جائے گا۔ 13 ۱۳۔جاگتے رہو۔ اِیمان میں قائِم رہو۔ مردانگی کرو۔مَضبُوط ہو۔ 14 ۱۴۔جو کُچھ کرتے ہو مُحَبَّت سے کرو۔ 15 ۱۵۔اَےبھائِیو! تُم ستِفناسؔ کے خاندان کو جانتے ہو کہ وہ اَخِیہؔ کے پہلے پَھل ہَیں اور مُقدّسوں کی خِدمت کے لیے مُسْتَعِد رہتے ہَیں۔ 16 ۱۶۔پس مَیں تُم سے اِلتِماس کرتا ہُوں کہ اَیسے لوگوں کے تابِع رہو بلکہ ہر ایک کے جو اِس کام اور مِحْنَت میں شرِیک ہَے۔ 17 ۱۷۔اور مَیں ستِفناسؔ اور فرتُوناتُسؔ اور اخیکُسؔ کے آنے سے خُوش ہُوں کِیُونکہ جو کُچھ تُمھاری طرف سے کم رہا وہ اُنھوں نے فَراہَم کر دِیا۔ 18 ۱۸۔اور اُنھوں نے میری اورتُمھاری رُوح کو تازہ کِیا۔ پس ایسوں کو سراہو۔ 19 ۱۹۔آسِیہؔ کی کلِیسِیائیں تُمھیں سلام کہتی ہَیں۔اَکوِلؔہ اور پَرِسکؔہ اُس کلِیسِیا سمیت جو اُن کے گھر میں ہَےتُمھیں خُداوَند میں بہُت بہُت سلام کہتے ہَیں۔ 20 ۲۰۔سب بھائی تُمھیں سلام کہتے ہَیں۔پاک بوسہ لے کر آپس میں سلام کرو۔ 21 ۲۱۔مَیں پَولُوسؔ اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں۔ 22 ۲۲۔جو کوئی خُداوَند کو عَزِیز نہیں رکھتا مَلعُون رہے۔ہمارا خُداوَند آنے والا ہَے۔ 23 ۲۳۔خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کا فضْل تُم پر ہوتا رہے ۔ 24 ۲۴۔میری مُحَبَّت مسِیح یِسُوعؔ میں تُم سب سے رہے ۔ آمِین۔