باب

1 بُت پرستی کی سزا اَور خداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا۔ اُس نے کہ۔ 2 اَے ابنِ بشر! اِسرؔائیل کے پہاڑوں کی طرف رُخ کر کے اُن کے خلاف نبُوّت کر۔ 3 اَور کہہ دے۔اَے اِسرؔائیل کے پہاڑو۔مالِک خُداوند کا کلام سُنو ۔پہاڑوں اَور ٹِیلوں اَور ندیوں اَور وادیوں سے مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔دیکھ مَیں ہاں مَیں ہی تُم پر تلوار لاؤُں گا اَور تُمہاری اُونچی جگہوں کو مِسمار کر دُوں گا۔ 4 تو تُمہارے مذَبحے ڈھادئیے جائیں گے اَور تُمہاری آفتابی مُورتیں توڑ دی جائیں گی۔ اَور مَیں تُمہارے مقتُولوں کو تُمہارے بُتوں کے آگے گِرادُوں گا۔ 5 اَور مَیں تُمہاری ہَڈیوں کو تُمہارے مذَبحوں کے اِرد گِرد پراگندہ کر دُوں گا۔ 6 جہاں کہیں تُم بستے ہو۔وہاں شہر وِیران ہو ں گے اَور اُونچی جگہیں اُجاڑ دی جائیں گی تاکہ تُمہارے مذَبح وِیران اَور خراب ہو جائیں ۔اَوربت توڑ دئیے جائیں اور باقی نہ رہیں۔ اور آفتابی مُورتیں کاٹ ڈالی جائیں۔اَوردستکاریاں مِٹا دی جائیں۔ 7 اَور مقتُول تُمہارے درمیان گِریں گے۔اَور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔ 8 تاہم مَیں ایک بَقیّہ چھوڑُوں گا یعنی تُم میں سے چند لوگ تلوار سے بچ کر قوموں میں جائیں گے۔ جب تُم مُمالِک میں پراگندہ کِئے جاؤ گے۔ 9 اَور جو تُم میں سے بچ رہیں گے وہ اُن قوموں کے درمیان جہاں جہاں وہ اِسیر ہو کر جائیں گے۔مُجھے یاد کِیا کریں گے۔جب مَیں اُن کے زِناکار دِلوں کو جو مُجھ سے برگشتہ ہو گئے ہیں اَور اُن کی آنکھوں کو جِنہوں نے اُن کےبُتوں کی پیروی میں بَدکاری کی ہے شِکسَتہ کرُوں گا۔تب وہ اُن شرارتوں کے باعِث جو اُنہوں نے اپنے تمام مکرُوہ کاموں میں کی ہیں اپنے آپ سے نفرت کریں گے۔ 10 اَور وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔اَور مَیں نے یُوں ہی نہیں کہا۔ کہ مَیں یہ بَدی تُم پر لاؤُں گا۔ 11 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔تالی بجا اَور پاؤں مار اَور کہہ دے کہ اِسرؔائیل کے گھرانے کے تمام مکرُوہ کاموں پر افسوس! کیونکہ وہ تلوار اَور کال اَور وَبا سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ 12 جو دُور ہے وہ وَبا سے مرے گا۔اَور جو نزدِیک ہے وہ تلوار سے گِرے گا۔اَور جو رہ گیا اَور گھیرا گیا ہے وہ کال سے فنا ہو گا۔یُوں مَیں اُن پر اپنا قہر پُورا کرُوں گا۔ 13 اَور جب اُن کےمقتُول ہر ایک اُونچے ٹِیلے پر اَور پہاڑوں کی تمام چوٹیوں پر اور ہر ایک سبز درخت اَور گھنے بُلوط کے نیچے۔یعنی ہر جگہ جہاں کہیں وہ اپنے تمام بُتوں کے لئے بخُور جَلایا کرتے تھے۔ اُن کے بُتوں کے درمیان اُن کے مَذبحوں کے آس پاس پڑے ہوئے ہوں گے۔ تو تُم جانو گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 14 اَور مَیں اُن کی طرف اپنا ہاتھ بڑھاؤُں گا۔اَور جہاں کہیں وہ بستے ہیں بیابان سے لے کر ربلؔہ تک اُن کی سَرزمین کو وِیران اَور سُنسان کر دُوں گا۔تب وہ جانیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔