1
اَور وہ مُجھے شِمال کی طرف کی راہ سے بیُرونی صحن میں باہر لے گیا۔ اَور مُجھے اُن کمروں کے اندر لایا جو علیٰحدہ صحن کے سامنے اَور شِمال کی طرف کی عمارت کے سامنے تھے۔
2
اَور شِمالی دروازے کے سامنے ایک سَو ہاتھ کی لمبائی تھی اَور چوڑائی پچاس ہاتھ کی تھی۔
3
اَور اندرُونی صحن کے بیس ہاتھ کے مُقابِل میں اَور بیرُونی صحن کے پُختہ فرش کے سامنے ایک دوسرے کے مُقابِل تین منزلہ برآمدے تھے۔
4
اَور کمروں کے آگے اندر کی طرف کو دس ہاتھ چوڑی ایک سیر گاہ تھی جس کی لمبائی سَو ہاتھ کی تھی۔ اُن کے دروازے شِمال کو تھے۔
5
اَور اُوپر کے کمرے چھوٹے تھے۔ اِس لئے کہ اُن کے برآمدے عمارت کی نچلی اَور درمیانی منزلوں کی نِسبت زیادہ جگہ روک لیتے تھے۔
6
کیونکہ وہ تین درجوں کے تھے اَور اُن کے ستُون صحنوں کے ستُونوں کی طرح نہ تھے اِس لئے وہ نچلی اَور درمیانی منزلوں سے تنگ تھے ۔
7
اَور کمروں کے پاس کی بیرُونی صحن کی طرف کمروں سے جُڑی بیرُونی دِیوار پچاس ہاتھ لمبی تھی۔
8
کیونکہ بیرُونی صحن کے کمروں کی لمبائی پچاس ہاتھ تھی۔ اَور ہَیکل کےسامنے سَو ہاتھ کی لمبائی تھی۔
9
اَور اُن کمروں کے نیچے مشرق کی طرف وہ مدَخِل تھا جس سے لوگ بیرُونی صحن سے داخِل ہوتے تھے۔
10
یہ بیرُونی دِیوار کے کونے پر تھا۔ تب وہ مُجھے ہَیکل کی جنُوب کی طرف لے گیا۔ اَور وہاں بھی مَیں نے علیٰحدہ صحن کے آگے عمارت کے سامنے کمرے دیکھے۔
11
اَور اُن کے سامنے ایک ایسی سیر گاہ تھی جیسی شِمال کی طرف کے کمروں کے سامنے تھی۔ لمبائی اَور چوڑائی وہی تھی اَور اُن کے تمام بیرُونی راستے اَور اُن کی ترتیب اَور اُن کے دروازوں کے مُطابِق تھے۔
12
اَور جنُوب کی راہ کے کمروں کے نیچے بھی اُس دِیوار کے سرے کے پاس جو بیرُونی صحن کی طرف تھی، ایک دہلیز تھی جس میں سے لوگ مشرق کی طرف داخِل ہوتے تھے۔
13
تب اُس نے مُجھ سے کہا کہ شِمال اَور جنُوب کے وہ کمرے جو علیٰحدہ صحن کے مُقابِل ہیں۔ یہ وہ مُقدّس کمرے ہیں جہاں خُداوند کے عزیز کاہِن پاک تیرین چیزیں کھایا کریں گے ۔ اَور وہ پاک ترین چیزیں اَور نذَریں اَور خطا کی ذَبیحے اَور خطا کے ذَبیحے وہاں رکھّا کریں گے اِس لئے کہ یہ جگہ مُقدّس ہے۔
14
جب کاہِن داخِل ہُو ا کریں گے تو وہ مَقدِس سے بیرُونی صحن میں نہیں جایا کریں گے۔ بلکہ اپنی خدمت کے لباس وہیں اتاردیاکریں گے ۔ کیونکہ وہ مقدس ہیں اَور وہ دوسرے کپڑے پہن کر عام مکان میں جایا کریں گے۔
15
اَور جب اُس نے اندرُونی گھر کی پیمائش ختم کر لی۔ تو مُجھے اُس پھاٹک کی راہ سے باہر لے گیا جس رُخ مشرق کی راہ کی طر تھا اَور گھر کو چاروں اطراف سے ناپا۔
16
اُس نے پیمائش کے سرکنڈے سے مشرق کی طرف چاروں اطراف پانچ سَوسرکنڈے ناپا۔
17
اُس نے پیمائش کے سرکنڈے سے شِمال کی طر ف چارو ں اطراف پانچ سَو سرکنڈے ناپا۔
18
اُس نے پیمائش کے سرکنڈے سے جنُوب کی طرف پانچ سَو سرکنڈے ناپا۔
19
اُس نے مغرب کی طرف مُڑ کر پیمائش کے سرکنڈے سے پانچ سَو سرکنڈے ناپا۔
20
اُس نے اُسے چاروں طرف سے ناپا۔ اُس کی چارو ں طرف کی دِیوار لمبائی میں پانچ سَو اَور چوڑائی میں پانچ سَو سرکنڈے تھی۔ وہ خاص مقام کو عام سے جُدا کرتی تھی۔