1
اَور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا ۔اُس نے کہا۔
2
مسیح چوپان اَے ابنِ بشر! اِسرؔائیل کے چرواہوں کے خلاف نبُوّت کر اَور چرواہوں سے کہہ دے۔ کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ کہ اِسرؔائیل کے چرواہوں پر افسوس! جو اپنے ہی پیٹ کو پالتے ہیں۔ کیا چرواہوں کا کام نہیں کہ بھیڑوں کو پالیں؟
3
تُم دُودھ پَیتے اور اُون پہنتے اَور موٹے جانوروں کو ذَبح کرتے ہو پر بھیڑوں کو نہیں چَراتے ۔
4
تُم نے کمزوروں کو توانائی نہیں دی۔ اَور بیماروں کو دوائی نہیں دی۔ اَور ٹُوٹے ہُوئے کو نہیں باندھا۔ جو نِکالے گئے اُن کو واپس نہیں لائے اَور کھوئے ہُوئے کو نہیں ڈُھونڈا۔ بلکہ سخت دِلی سے اُن پر حکومت کی ۔
5
وہ پاسبان کے نہ ہونے کی وجہ سے تتر بتر ہو گئے۔ اَور تمام میدانی درِندوں کی خُوراک بنے ۔
6
میری بھیڑیں تمام پہاڑوں اَور سب اُنچی پہاڑیوں پر آوارہ ہو گئیں۔ اَور میرے گلّے تمام رُوئے زمین پر تتر بتر ہوگئے۔ اَور کوئی نہ تھا جو اُنہیں پُوچھے۔ اَور کوئی نہ تھا جو اُن کی تلاش کرے۔
7
اِس لئے اَے چرواہو! خُداوند کا کلام سُنو۔
8
میری زندگی کی قَسم (مالِک خُداوند کا فرمان ہے) خبردار!چُونکہ میری بھیڑیں لُوٹی گئیں۔ اَور میرا گلّہ زمینی درِندوں کی خُوراک ہو گیا۔ اِس لئے کہ کوئی چوپان نہ تھا۔ اَور میرے چرواہوں نے میری بھیڑوں کو نہیں پُوچھا۔ اَورپاسبان نے میرے گلّے کو نہیں چَرایا بلکہ اپنا ہی پیٹ پالتے رہے۔
9
اِس واسطے اَے گڈریو!خُداوند کا کلام سُنو۔
10
مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ دیکھ مَیں چرواہوں کے خلاف ہُوں۔ اَور اپنی بھیڑیں اُن کے ہاتھ سے طلب کرُوں گا۔ گلّے کے چَرانے سے اُنہیں ہٹا دُوں گا۔ تاکہ چرواہے پھِر اپنے پیٹ کو نہ پالیں۔ اَور مَیں اپنا گلّہ اُن کے مُنہ سے چُھڑا لُوں گا تاکہ وہ اُن کی خُوراک نہ ہو۔
11
کیونکہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ دیکھ۔ مَیں آپ ہی اپنی بھیڑوں کی تلاش کُروں گا۔ اَور اُن کی خبر لُوں گا۔
12
جس طرح چرواہا اپنے گلّے کی خبر لیتا ہے جب کہ وہ اپنی آوارہ بھیڑوں کے درمیان ہو۔ اُسی طرح مَیں بھی اپنی بھیڑوں کی خبر لُوں گا۔ اَور اُنہیں اُن تمام مقاموں سے چُھڑا لاؤں گا جہاں وہ اَبر اَور تارِیکی کے دِن بکھر ے ہیں۔
13
اَور مَیں اُنہیں قوموں کے درمیان سے نِکال لاؤں گا اَور مُلکوں کے بیچ میں سے فراہم کُروں گا۔ اَور اُنہیں اُن کی سَرزمین میں لے جاؤں گا۔ اَور اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر اَور وادیوں میں اَور مُلک کے تمام مَرغزاروں میں اُنہیں چَراؤں گا۔
14
مَیں اچھّی چراگاہ میں اُنہیں چراؤُں گا اَور اُن کی آرام گاہ اِسرؔائیل کے اُونچے پہاڑوں پر ہو گی۔ وہاں وہ سبز گھاس پر آرام کریں گی۔ اَور اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر سبز چراگاہ میں چَریں گی۔
15
مَیں اپنی بھیڑوں کو چَراؤں گا۔ اَور اُنہیں لِٹاؤں گا۔ (مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔
16
تب مَیں کھوئی ہُوئی کو ڈُھونڈوں گا اَور نِکالی ہُوئی کو واپس لاؤں گا اَور ٹُوٹی ہُوئی کو باندُھوں گا اَور کمزور کو طاقت دُوں گا اَور مضبُوط کی حِفاظت کرُوں گا اَور اُسے اِمتیاز سے چَراؤُں گا۔
17
اَور تُم۔ اَے میری بھیڑو! مالِک خُداوند فرماتا ہے۔ دیکھو۔ مَیں بھیڑ اَور بھیڑ کے مابین اَور مینڈھے اَور بکرے کے درمیان اِنصاف کرُوں گا۔
18
کیا تُمہارے لئے یہ چھوٹی بات ہے؟ کہ تُم اچھی چراگاہ میں چَرتے ہو۔ پھِر باقی چراگاہ کو اپنے پاؤں سےلتاڑتے ہو اَور صاف پانی پیتے ہو اَور باقی کو پاؤں سے گدلا کرتے ہو۔
19
اَور میری بھیڑیں تُمہارے پاؤں کا لتاڑا ہُؤا چَرتی ہیں اَور تُمہارے پاؤں سے گدلا کیا ہُوا پانی پِیتی ہیں۔
20
اِس لئے مالکِ خُداوند اُن سے یُوں فرماتا ہے۔ مَیں ہاں مَیں ہی موٹی اَور دُبلی بھیڑوں کے درمیان اِنصاف کرُوں گا۔
21
چُونکہ تُم سب کمزوروں کو پہلُو اَور کندھے سے دھکیلتے اَور تمام بیماروں کو اپنے سینگوں سے مارتے ہُو کہ وہ باہر نِکل جائیں۔
22
اِس لئے مَیں اپنی بھیڑوں کو چھُڑالوں گا تاکہ وہ پھر شکار نہ ہوں۔ اَور مَیں بھیڑ اَور بھیڑ کے درمیان اِنصاف کرُوں گا۔
23
اَورمَیں اُن کے لئے ایک ہی چوپان مُقرّر کرُوں گا۔ جو اُنہیں چَرائے گا۔ یعنی اپنے بندے داؔؤد کو جو اُن کا چوپان ہوگا۔
24
مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں گا۔ اَور میرا بندہ داؔؤد اُن کے درمیان فرمان روا ہو گا۔ مَیں خُداوند نے کہا ہے۔
25
اَور میں اُن کے ساتھ صُلح کا عہد باندُھوں گا۔ اَور زمین پر سے نقصان پُہنچانے والے درِندے دُور کر دُوں گا۔ تو وہ بِیابان میں اَمن سے رہا کریں گے۔ اَور جنگل میں سویا کریں گے۔
26
اَور مَیں اُنہیں اَور اپنی پہاڑی کے اِرد گِرد کو باعِث برکت بنادُوں گا اَور مِینہ کو وقت پر برسا یا کُروں گا تو برکت کا مِینہ برسا کرے گا۔
27
اَور میدان کا درخت پھَل دے گا۔ اَور زمین اپنی پیداوار دے گی۔ اَور وہ اپنے مُلک میں بے خوف ہو کر رہیں گے۔ اَور جب مَیں اُن کے جُوئے کے بندھن توڑ دُوں گا اَور اُن سے خدمت کرانے والوں کے ہاتھ سے اُنہیں چُھڑاؤُں گا۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔
28
اَور وہ پھِر قوموں کا شِکار نہ ہوں گے۔ میدانی درِندے اُنہیں نہ نِگلیں گے۔ پس وہ اَمن سے بسیں گے اَورکوئی اُنہیں نہ ڈرائے گا۔
29
اَور مَیں اُن کے لئے ایک نامور پودا لگاؤُں گا تو بعد اَزاں وہ مُلک میں کال کا شِکار نہ ہوں گے۔ اَور نہ پھر قوموں کا طعنہ سُنیں گے۔
30
اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا اُن کے ساتھ ہُوں اَور کہ وہ یعنی اِسرؔائیل کا گھرانا۔ میری اُمّت ہیں۔ (مالِک خُداوند کا فرمان یوُنہی ہے)۔
31
اَور تُم میرا گلّہ۔ میری چراگاہ کی بھیڑیں ہو۔ اَور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں( مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔