باب

1 شرائط شمولیت جس کسی آدمی کے خُصئیے کچلے گئے ہوں یا آلت کاٹ ڈالی گئی ہو ۔ وہ خُداوندکی جماعت میں داخل نہ ہو ۔ 2 کوئی حرام زادہ خُداوند کی جماعت میں داخل نہ ہو۔ اُس کی دسویں پُشت تک کوئی خُداوند کی جماعت میں داخل نہ ہو۔ 3 اور نہ کوئی عمونی اور موآبی خُداوند کی جماعت میں دسویں پُشت تک داخل ہو۔ اِن میں سے خُداوند کی جماعت میں کوئی کبھی داخل نہ ہو۔ 4 کیونکہ جب تم مصر سے نکلے ۔ تو وہ روٹی اور پانی لے کر تمہیں راہ میں نہ ملے ۔ اور اُنہوں نے فتُور سے جو ارام نہرائم میں ہے۔ بلعام بِن بعور کو اُجرت دے کر بُلایا۔تاکہ وہ تم پرلعنت کرے۔ 5 مگر خُداوند تمہارے خُدا نے نہ چاہا ۔ کہ بلعام کی سُنے ۔ بلکہ خُداوند تیرے خُدا نے تیرے لئے لعنت کو برکت سے بدل دِیا۔ کیونکہ خُداوند تیرا خُداتجھے پیار کرتا تھا ۔ 6 تُو اپنی زندگی بھر کبھی اُن کی سلامتی اور خیریت نہ چاہنا۔ 7 تُو اِدومی سے نفرت نہ کرنا کیونکہ وہ تیرا بھائی ہے ،تُو کسی مصری سے نفرت نہ کرنا ۔کیونکہ تُو اُس کے ملک میں مسُافر رہا۔ 8 اُن کی تیسری پُشت کے جو لڑکے پیدا ہوں ۔ وہ خُداوند کی جماعت میں داخل ہوں گے۔ 9 خیمہ گاہ میں پاکیزگی جب تُو خیمہ گاہ میں اپنے دُشمنوں پر خروج کرنے کو ہو تو ہر ایک برُی چیز سے بچا رہ۔ 10 اگر تمہارے درمیان کوئی ایسا مرد ہوجو رات کے خواب کے سبب سے ناپاک ہو ۔ تو وہ خیمہ گاہ سے باہر نکل جائے ۔ اور خیمہ گاہ میں نہ آئے ۔ 11 پر جب شام ہونے لگے تو وہ پانی سے غسل کرے ۔ او ر سوُرج ڈوبنے کے بعد خیمہ گاہ کے اندر آئے ۔ 12 اور خیمہ گاہ سے باہر تمہارے لئے ایک جگہ ہوگی جہاں تم رفع ِحاجت کے لئے جاؤ۔ 13 اور تیرے کمر بند میں تیرے پاس ایک کھرُپی ہو ۔کہ جب تُو باہر جاکر بیٹھے تو اُس سے کھود ۔ اور جو تجھ سے خارج ہُؤا ہے ۔ اُسے چھُپا۔ 14 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے خیمہ گاہ کے درمیان پھرتا ہے ۔ تاکہ تجھے چھڑائے اور تیرے دُشمنوں کو تیرے حوالے کرے۔ سو تیرا خیمہ گاہ پاک رہے ۔ ایسا نہ ہو ۔ کہ وہ اُس میں کوئی ناپاکی دیکھے ۔ اور تیرے پاس سے چلا جائے۔ 15 متُفرق شرائع اگر کوئی غلام تیرے پاس سے بھاگ کر آجائے۔ تو تُو اُسے اُس کے آقا کے حوالے نہ کر ۔ 16 بلکہ وہ تیرے پاس کسی شہر میں جس جگہ وہ چاہے۔جہاں اُسے اچھا لگے، رہے ۔تُو اُس پر ظلم نہ کر ۔ 17 اَسرائیل کی بیٹیوں میں سے کوئی بھی فاحشہ نہ ہو۔اور نہ اِسرائیل کے بیٹوں میں سے کوئی لوطی ہو۔ 18 تُو خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں فاحشہ کی خُرچی یا کتُے کی اُجرت منَت کے لئے نہ لانا ۔ کیونکہ یہ دونوں خُداوند تیرے خُدا کے نزدیک کراہیت ہیں۔ 19 تُو اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دے۔ نہ نقدی نہ غلہ اور نہ کوئی اور چیز جو سُود پر قرض دی جاسکتی ہے۔ 20 اجنبی کو تُو سوُد پر قرض دے سکتا ہے ۔مگر اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا ۔ تاکہ اُس ملک میں جس کا مالک بننے کے لئے تُو جاتا ہے خُداوند تیرا خُدا تیرے ہاتھ کے سارے کاموں میں برکت بخشے۔ 21 جب تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے لئے کوئی منَت مانی ۔ تو اُس کے ادا کرنے میں دیر نہ کر ۔ کیونکہ خُداوند تیرا خُدا اُسے تجھ سے طلب کرے گ۔ اور تُو گنہگار ٹھہرے گا ۔ 22 اور گر تُو نے پہلے منَت نہیں مانی ۔تو تجھ پر کوئی گنُاہ نہیں۔ 23 لیکن جو کچھ تیرے لبوں سے نکلا ۔ اُسے تُو یاد رکھ اور عمل میں لا ۔ اُس منَت کے مطابق جو تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے لئے خُوشی سے مانی ہے۔ جس طرح بھی کہ تیرے منُہ نے کہا۔ 24 اگر تُو اپنے ہمسائے کے تاکستان میں جائے ۔تو اپنی بھُوک کی خواہش کے مطُابق انگور کھا ۔لیکن اپنی ٹوکری میں ہرگز نہ لے جانا ۔ 25 اور اگر تُو اپنے ہمسائے کے کھیت میں جائے ۔ تو تُو ہاتھ سے بالیں توڑ لے ۔ مگر اپنے ہمسائے کے کھیت کو درانتی نہ لگانا۔