باب

1 سؔبَا کی مَلِکہ اَور سؔبَا کی مَلِکہ نے سُلیماؔن کی شہرت سُنی۔ تو وہ مُشکل مَعمّوں سے سُلیماؔن کے آزمانے کو یرُو شلیِؔم میں بڑے قافلہ کے ساتھ آئی اَور اُس کے ساتھ خُوشبُوئیوں اَور بُہت سونے اَور قیمتی پتّھروں سے اُونٹ لدے ہُوئے تھے اَور وہ سُلیماؔن کے پاس آئی اَور سب کُچھ جو اُس کے دِل میں تھا اُس کی بابت اُس نے اُس سے باتیں کیں۔ 2 تو سُلیماؔن نے اُس کے لئے اُس کی سب باتوں کی تشریح کی۔ اَور سُلیماؔن سے کوئی چیز پوشِیدہ نہ تھی۔ جس کا اُس نے اُس سے بیان نہ کِیا۔ 3 اَورسؔبَا کی مَلِکہ نے سُلیماؔن کی حِکمَت کو اَور گھر کو جو اُس نے بنایا تھا۔ 4 اَور اُس کے دسترخوانوں کا کھانا اَور اُس کے نوکروں کےمکان اَور اُس کے خادِموں کا قیام اَور اُن کا لباس اَور اُس کے جام برداروں کو اَور اُن کی پوشاک اَور اُس سیڑھی کو جس سے وہ خُداوند کے گھر کو جاتا تھا دیکھا۔ تو اُس میں جان باقی نہ رہی۔ 5 اَور اُس نے بادشاہ سے کہا۔ کہ یہ خبر سچ تھی ۔ جو مَیں نے اپنے مُلک میں تیرے اعمال اَور تیری حِکمَت کی بابت سُنی تھی۔ 6 اَور جو کُچھ مُجھ سے کہا گیا مَیں نے اُس کا یقین نہ کِیا جب تک کہ مَیں نہ آئی اَور اپنی آنکھوں سے نہ دیکھا۔ اَور دیکھ کہ تیری بڑی حِکمَت کی مُجھے آدھی خبر بھی نہیں دی گئی تھی۔ کیونکہ تُو اُس خبر سے بڑھ کر ہَے جو مَیں نے سُنی تھی۔ 7 مُبارِک ہیں تیرے لوگ ۔مُبارَک ہیں تیرے خادِم جو ہمیشہ تیرے سامنے کھڑے رہ کر تیری حِکمَت سُنتے ہیں۔ 8 مُبارَک ہو خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ سے خُوش ہَے۔ اَور جس نے تُجھے اپنے تخت پر خُداوند تیرے خُدا کے لئے بادشاہ ہونے کو بٹھایا۔ کیونکہ اِسرؔائیل کے ساتھ تیرے خُدا کی مُحبّت کے سبب سے تاکہ اُنہیں اَبد تک قائم رکھّے اُس نے تُجھےاُن پر بادشاہ مُقرّر کِیا تاکہ تُو اِنصاف اَور عدالت جاری کرے۔ 9 اَور اُس نے بادشاہ کو ایک سو بیس قنطار سونا اَور بُہت سی خُوشبُوئیاں اَور قیمتی پتّھر دِیئے۔ اَور ایسی خُوشبُوئیاں کبھی نہیں ہُوئیں جیسی کہ سؔبَا کی مَلِکہ نے سُلیماؔن بادشاہ کو دِیں۔ 10 اَور حوراؔم کے خادِم اور سُلیماؔن کے خادِم جو اوفؔیر سے سونا لاتے تھے۔ صندل کے لٹھّے اَور قیمتی پتّھر لائے ۔ 11 تو بادشاہ نے خُداوند کے گھر کے لئے اَور بادشاہ کےگھر کے لئے صندل کی لکڑی کی سیڑھیاں اَور گانے والوں کے لئے بربطیں اَور بانسریاں بنوائیں اَور یہُوؔداہ کے مُلک میں اُس کی مانند ہر گز دیکھا نہ گیا تھا۔ 12 اَور سُلیماؔن بادشاہ نے سؔبَا کی مَلِکہ کو وہ سب کُچھ دِیا جو اُس نے چاہا اَور مانگا۔ اَور اُس سے بھی بڑھ کر جو وہ بادشاہ کے پاس لائی تھی۔ تب وہ روانہ ہوئی۔ اَور مع اپنے خادِموں کے اپنے مُلک کو چلی گئی۔ 13 اَور جو سونا سُلیماؔن کے پاس ہر سال آتا تھا اُس کا وزن چھ سَو چھیاسٹھ مثِقال تھا۔ 14 ماسِوا اُس کے جو سوداگروں اَور تاجروں سے مِلتا اَور جو عرؔب کے تمام بادشاہ اَور زمین کے حاکِم سُلیماؔن کے لئے سونا اَور چاندی لاتے تھے۔ 15 تو سُلیماؔن بادشاہ نے گھڑے ہُوئے سونے کے دو سو بھالے بنوائے۔ ہر ایک بھالا چھ سَو مثِقال گھڑے ہوئے سونے کا تھا۔ 16 اَور تین سو ڈھالیں گھڑے ہُوئے سونے کی بنوائیں ۔ ہر ایک ڈھال تین سو مثِقال سونے کی تھی۔ اَور بادشاہ نے اُنہیں محلّ لُبناؔن میں رکھّا۔ 17 اَور بادشاہ نے ایک بڑا تخت ہاتھی دانت کا بنوایا۔ اَور اُسے خالِص سونے سے مَڑھا۔ 18 اَور تخت کی چھ سیڑھیاں تھیں۔ مع ایک ساری سونے کی چوکی کے جو تخت سے لگی ہوئی تھی اَور نشست گاہ کی دونوں طرف اِدھر اُدھر دو ٹیکیں تھے۔ اَور دو شیردونوں ٹیکوں کے پاس کھڑے تھے۔ 19 اَور بارہ شیر سیڑھیوں پر کھڑے تھے چھ اِس طرف اَور چھ اُس طرف۔ سب مَملکُتَوں میں اُس کی مانند نہ بنا۔ 20 اَور بادشاہ کے سب پینے کے برتن سونے کے تھے۔ اَور محلِّ لُبناؔن کے سب برتن خالص سونے کے تھے۔ اُن میں چاندی نہیں تھی۔ کیونکہ وہ سُلیماؔن کے دِنوں میں کُچھ چیز نہ سمجھی جاتی تھی۔ 21 اِس لئے کہ بادشاہ کے جہاز حوراؔم کے خادِموں کے ساتھ تین برس میں ایک دفعہ ترسیس کو جاتے اَور وہاں سے سونا اَور چاندی اَور ہاتھی دانت اَور بندر اَور مُور لاتے تھے۔ 22 اَور سُلیماؔن بادشاہ دولت اَور حِکمَت میں زمین کے تمام بادشاہوں سے بڑھ گیا۔ 23 اَور زمین کے سب بادشاہ سُلیماؔن کا مُنہ دیکھنے کے خواہشمند تھے۔ تاکہ اُس کی حِکمَت کو سُنیں جو خُدا نے اُس کے دِل میں ڈالی تھی۔ 24 اَور ہر ایک اپنے اپنے ہدیئے چاندی کے برتن اَور سونے کے برتن اَور لباس اَور ہتھیار اَور خُوشبُوئیاں اَور گھوڑے اَور خَچّریں سال بہ سال لاتا تھا۔ 25 اَور سُلیماؔن کے گھوڑوں اَور رتھوں کے لئے چار ہزار اصبطل تھے۔ اَور بارہ ہزار سَوار تھے۔ تو اُس نے اُنہیں رتھوں کے شہروں میں اَور بادشاہ کے نزدِیک یرُوشلیِؔم میں رکھّا۔ 26 اَور وہ دریا سے لے کر فِلستیوں کے مُلک تک اَور مِصؔر کی حد تک سب بادشاہوں پر حکُومت کرتا تھا۔ 27 اَور بادشاہ نے یرُو شلیِؔم میں چاندی کو پتّھروں کی مانند کر دِیا۔ اَور دیوداروں کو گُولر کی طرح جو میدانوں میں کثرت سے ہوتا ہَے۔ 28 اَور سُلیماؔن کے لئے مِصؔر سے اَور تمام مُلکو ں سے گھوڑے لائے جاتے تھے۔ 29 سُلیماؔن کی وفات اَور سُلیماؔن کا پہلا اَور پچھلا احوال کیا یہ ناتن نبی کی توارِیخ۔ اَور َاخیاہ سیلانی کی نُبوّت۔ اَور یربعاؔم بِن نباؔط کی بابت عیدؔو غیب بِین کی رُؤیاؤں میں درج نہیں؟ 30 اَور سُلیماؔن نے یرُو شلیِؔم میں تمام اِسرؔائیل پر چالیس برس سَلطنَت کی۔ 31 اَور سُلیماؔن اپنے باپ دادا کےساتھ سو گیا۔ اَور اپنے باپ داؔؤد کے شہر میں دفن ہُؤا۔ اَور اُس کا بیٹا رَحَبَعاؔم اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔