باب

1 سُلیماؔن کے کام اَور سُلیماؔن کے خُداوند کا گھر اَور اپنا گھر بنانے کے بیس برس بعد ایسا ہُؤا۔ 2 کہ وہ شہر جو حوراؔم نے سُلیماؔن کو واپس دیئے تھے سُلیماؔن نے اُنہیں تعمیر کِیا اَور بنی اِسرؔائیل کو اُن میں بسایا۔ 3 اَور سُلیماؔن حماؔت ضوباہ کی طرف گیا اَور اُس پر غالِب آیا۔ 4 اَور اُس نے بیابان میں تدموؔر تعمیر کِیا۔ اَور ذخیرہ کے تمام شہر بھی جواُس نے حماؔت میں بنائے۔ 5 اَور اُس نے فرازی بَیؔت حورون اَور نشیبی بَیت حوروؔن دو شہر دیواروں سے اَور پھاٹکوں اَور قُفلوں سے مُستحکم کِئے ہوئے بنائے۔ 6 اَور بعلَؔت اَور ذخیرہ کے تمام شہر جو سُلیماؔن کے تھے اَور گاڑیوں کے سب شہر اَور سَواروں کے شہر اَور سب جو سُلیماؔن نے چاہا اُس نے یرُو شلیِؔم اَور لُبناؔن اَور اپنی مَملکُت کے تمام مُلک میں تعمیر کِیا۔ 7 اَور اُس نے اُن لوگوں کو تابع کِیا جو حِتّیؔوں اَور اَمورؔیوں اَور فرِزّیؔوں اَور حوّیؔوں اَور یبُوسیؔوں میں سے باقی تھے اَور اِسرؔائیل سے نہ تھے۔ 8 اَور اُن کی اولاد پر جو اُن کے بعد مُلک میں باقی رہی جِسے بنی اِسرائیل نے قتل نہ کِیا۔ سُلیماؔن نے اُس پر خراج لگایا جو آج کے دِن تک ہَے۔ 9 لیکن بنی اِسرؔائیل میں سے سُلیماؔن نے کِسی کو اپنے کام کے لئے خادِم نہ بنایا کیونکہ وہ اُس کے جنگی مَرد اَور رئیس اَور منصب دار اَور گاڑیوں اَور سَواروں کے سردار تھے۔ 10 اَور یہ سُلیماؔن بادشاہ کے کاموں پر خاص مُعَّین تھے۔ 11 اَور سُلیماؔن فِرعُوؔن کی بیٹی کو داؔؤد کے شہر سے اُس گھر میں لے آیا جو اُس نے اُس کے لئے بنایا تھا۔ کیونکہ اُس نے کہا۔ میری کوئی بیوی اِسرؔائیل کے بادشاہ داؔؤد کے گھر میں سکوُنت نہ کرے گی۔ کیونکہ وہ مقام مُقدّس ہَیں جہاں خُداوند کا صندُوق آ گیا ہَے۔ 12 تب سُلیماؔن خُداوند کے اُس مذَبح پر خُداوند کے لئے قُربانیاں چڑھاتا تھا جو اُس نے برآمدے کے آگے بنایا تھا۔ 13 وہ ہر روز کے فرض کے مُطابِق جیسا مُوسؔیٰ نے حُکم دِیا تھا سبتوں میں اَور نئے چاند وں میں اَور تین مرتبہ سال میں عیدوں یعنی عید ِفطیر اَور ہفتوں کی عید اَور عیدِ خیاّم میں قُربانی چڑھائی جائے۔ 14 اَور اُس نے اپنے باپ داؔؤد کی ترتیب کے مُوافِق کاہِنوں کی اُن کی خدمت کے لئے باریاں مُقرّر کیں۔ اَور لاویوں کا یہ ذِمّہ تھا کہ وہ خُداوند کی حمد کریں۔ اَور روزمّرہ کےفرض کے مُوافِق کاہِنوں کے آگے خدمت کریں اَور دربان بمُطابِق اپنی باریوں کے ہر ایک دروازے پر تھے۔ کیونکہ مَرد ِ خُدا داؔؤد نے ایسا ہی حکم دِیا تھا۔ 15 اَور اُس نے کاہِنوں اَور لاویوں کے لئے ہر ایک بات میں اَور خزانوں کے بارے میں بادشاہ کی وصیّت سے تجاوُز نہ کِیا۔ 16 سو سُلیماؔن کا سارا کام خُداوند کے گھر کی بُنیادڈالنے سے لے کر اُس کے انجام تک تیاّر ہُؤا۔ اَور خُداوند کا گھر مُکمل ہو گیا۔ 17 پھِر سُلیماؔن سمُندر کے ساحِل پر اِدوؔم کے مُلک میں عصیوؔن جابر اَور ایؔلوت کو گیا۔ 18 اَور حورؔام نے اُسے وہ جہاز بھیج کر اُس کا تعاون کِیا جِن پر اُس کے بحری تجربہ کار خادِم مَلاّح تھے۔ اَور وہ سُلیماؔن کے خادِموں کے ساتھ اوؔفیر کو گئے۔ اَور وہاں سے اُنہوں نے چار سَو پچاس قنطار سونا لِیا۔ اَور اُسے سُلیماؔن بادشاہ کے پاس لائے۔