باب

1 رَحَبؔعَام کی سلطنت اَور رَحَبؔعَام یرُوشلیِؔم میں آیا۔ اَور اُس نے یہُودؔاہ اَور بِنیمؔین کے گھرانوں میں سے ایک لاکھ اسّی ہزار مُنتخب جنگی مَرد جمع کِئے۔ تاکہ وہ اِسرؔائیل سے لڑائی کریں۔ اَور سَلطنَت پھِر رَحَبؔعَام کے قبضے میں کر دیں۔ 2 اَور خُداوند مَرد خُدا سمَعیاہ سے ہم کلام ہُؤا اَور کہا۔ 3 کہ شاہِ یہُودؔاہ رَحَبؔعَام بِن سُلیماؔن سے اَور یہُودؔاہ اَور بنِیمؔین میں سے سب اِسرؔائیل سے کلام کر کے کہہ دے۔ 4 خُداوند یُوں فرماتا ہَے کہ تُم چڑھائی نہ کرو۔ اَور اپنے بھائیوں سے مت لڑو۔ اَور ہر ایک آدمی اپنے گھر کو چلا جائے۔ کہ یہ اَمر میر ی طرف سے واقع ہُؤا ہَے۔ تو وہ خُداوند کے کلام کے شَنَوا ہُوئے اَور یربعاؔم پر چڑھائی کرنے سے رُک گئے۔ 5 اَور رَحَبؔعَام نے یرُوشلیِؔم میں قیام کِیا۔ اَور یہُودؔاہ میں فِصیل دار شہر بنائے۔ 6 اَور اُس نے بیت لحم اَور عَیطاؔم اَور تقوؔع ۔ 7 اَور بَیت صُؔور اَور شوکؔو اَور عدُلاَّؔم۔ 8 اَور جاؔت اَور مَریسہ اَور زِیفؔ۔ 9 اَور ادوریؔم اَور لکیس اَور عَزیؔقہ۔ 10 اَور صُرعؔہ اَور ایّالوؔن اَور حبِروؔن کو جو یہُودؔاہ اَور بِنیمین میں ہیں فصیل دار بنایا۔ 11 اَور اُس نے قِلعوں کو مضبُوط کِیا۔ اَور اُن میں قِلعہ دار رکھّے۔ اَور خُوراک اَور تیل اَور مَے کے ذخیرے۔ 12 اَور ڈھالیں اَور نیزے ہر ایک شہر میں رکھّے اَور اِنہیں نہایت مُستحکم کِیا۔ اَور یہُوؔداہ اَور بِنیمِین اُسی کے رہے۔ 13 اَور کاہِن اَور لاوؔی جو سارے اِسرؔائیل میں تھے اپنی تمام سرحدوں سے اُس کے پاس آئے۔ 14 کیونکہ لاوی اپنے گرِد و نواح اَور مَملکُتَوں کو چھوڑ کر یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم میں آئے اِس لئے کہ یربعاؔم اَور اُس کے بیٹوں نے خُداوند کے لئے کہانت کے کام کرنے سے اُنہیں برطرف کر دِیا تھا۔ 15 اَور اُس نے شیاطین کی اعلیٰ جگہوں پر جو اُس نے بچھڑوں کی قُربانی کے لئے بنائی تھیں کاہنوں کو مقُرّر کِیا۔ 16 اَور اِسرؔائیل کے سب قبیلوں میں سے جِنہوں نے اپنے دِل خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کی تلاش میں لگائے وہ یرُو شلیِؔم میں آگئے۔ تاکہ خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے لئے قُربانی گُزرانیں۔ 17 سو اُنہوں نے یہُودؔاہ کی مَملکُتَ کو مضبُوط کِیا۔ اَور رَحَبؔعَام بِن سُلیماؔن کو تین برس تک مُستحکم رکھّا۔ کیونکہ وہ داؔؤد اَور سُلیماؔن کی راہ پر تین برس تک چلتے رہے۔ 18 اَور رَحَبؔعَام نے یریموؔت بِن داؔؤد اَور اَبی خیل دُختر الیاب بِن یِسّیؔ کی بیٹی محالاؔت کو بِیاہ لِیا۔ 19 جس سے اُس کے لئے بیٹے پیدا ہُوئے۔ یَعُوس اَور سمرؔیاہ اَور زہؔم۔ 20 اَور اُس کے بعد اُس نے اَبی سلؔوم کی بیٹی مَعکاؔہ کو بِیاہ لِیا جس سے اُس کے لئے اَبیؔاہ اَور عتی اَور زؔیزا اَور سلومِیؔت پیدا ہوئے۔ 21 اَور رَحَبؔعَام اَبی سلؔوم کی بیٹی مَعکاؔہ کو اپنی ساری بیویوں اَور حرموں سے زیادہ پیار کرتا تھا۔ کیونکہ اُس کی اَٹھارہ بیویاں اَور ساٹھ حرمیں تھیں۔ اَور اُس سے اَٹھائیس بیٹے اَور ساٹھ بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 22 اَور رَحَبؔعَام نے اَبیاہ بِن مَعکاؔہ کو سردار بنایا تاکہ اپنے بھائیوں پر حاکِم ہو۔ کیونکہ اُس کی خواہش تھی کہ وہ بادشاہ بنے۔ 23 اَور اُس نے ہُوشیاری سے کام کِیا اَور اپنےبیٹوں کو یہُوؔداہ اَور بِنیمیؔن کے تمام علاقوں میں تمام مُستحکم شہروں میں الگ الگ کر دِیا۔ اَور اُنہیں کثرت سے اسبابِ مَعاش دِیا۔ اَور اُس نے اُن کے لئے بُہت سی بیویاں لِیں۔