باب

1 ۔ اور یعقوب سفر کر کے مشرقی لوگوں کے ملک جا پہنچا ۔ 2 ۔اور اُس نے نظر کی اور دیکھا ۔کہ میدان میں ایک کنواں ہے ۔اور کنوئیں کے نزدیک بھیڑوں کے تین گلے بیٹھے ہُوئے ہیں۔کیونکہ وہ اُسی کنوئیں سے گلوں کو پانی پلاتے تھے ۔اور کنوئیں کے مُنہ پر ایک بڑا پتھر دھرا تھا ۔ 3 ۔اور جب گلے وہاں جمع ہوتے ، تب وہ پتھر کو کنوئیں کے مُنہ پر سے ڈھلکاتے اور گلوں کو پانی پلا کر اُس پتھر کو اُس کی جگہ پر پھر رکھ دیتے تھے۔ 4 ۔تب یعقوب نے اُن سے کہا ۔اے بھائیو تم کہا ں سے ہو؟ وہ بولے ہم حاران سے ہیں۔ 5 ۔پھر اُس نے پوچھا ۔ کہ تم نحور کے بیٹے لابن کو جانتے ہو ؟ وہ بولے ہم جانتے ہیں ۔ 6 ۔اُس نے پوچھا ۔کیا وہ خیریت سے ہے ؟ وہ بولے ۔خیریت سے ہے اور دیکھ اُس کی بیٹی راخل بھیڑوں کے ساتھ وہ چلی آتی ہے ۔ 7 ۔اور وہ بولا ۔ دِن ہنوز بہت ہے اور بھیڑوں کے باہم جمع کرنے کا وقت نہیں ۔تم بھیڑوں کو پانی پلا کر چرائی پر لے جاؤ 8 ۔وہ بولے۔ ہم یوں نہیں کر سکتے ۔جب تک کہ سارے گلے جمع نہ ہوں ۔ تب پتھر کنوئیں کے مُنہ سے ڈھلکایا جاتا ہے ۔ اور ہم بھیڑوں کو پانی پلاتے ہیں ۔ 9 ۔وہ اُن سے یہ کہہ ہی رہا تھا ۔کہ راخل اپنے باپ کے گلے کے ساتھ آئی کیونکہ وہ اُسے چراتی تھی ۔ 10 ۔جب یعقوب نے اپنے ماموں لابن کی بیٹی راخل کو اور اپنے ماموں لابن کے گلے کو دیکھا ۔ تو وہ نزدیک گیا ۔اور پتھر کو کنویں پر سے ڈھلکایا ۔اور اپنے ماموں لابن کے گلے کو پانی پلایا ۔ 11 ۔اور یعقوب نے راخل کو چُوما اور بُلند آواز سے رویا ۔ 12 ۔اور یعقوب نے راخل سے کہا۔ کہ میَں تیرے باپ کے بھائی اور ربقہ کا بیٹا ہوں ۔وہ دوڑی اور اپنے باپ کو خبر دی۔ 13 ۔جب لابن نے اپنے بھانجے کی خبر سُنی ۔تب وہ اُس سے ملنے کو دوڑا ۔اُسے گلے لگایا اور اُسے چُوما ۔اور اُسے اپنے گھر میں لایا ۔اور یعقوب نے لابن سے یہ سار احوال بیان کیِا۔ 14 ۔ اور لابن نے اُسے کہا۔ کہ سچ مچ تُو میری ہڈی اور میرا گوشت ہے ۔اور وہ ایک مہینہ اُس کے ہاں رہا ۔ 15 ۔تب لابن نے یعقوب سے کہا ۔اِس لئے کہ تُو میر ابھائی ہے ۔کیا تُو مفُت میں میری خدمت کرے گا ؟ سو مجھے بتا کہ تیری اُجرت کیا ہوگی؟ 16 ۔اور لابن کی دو بیٹیاں تھیں ۔بڑی کا نام لیاہ اور چھوٹی کانام راخل تھا ۔ 17 ۔لیاہ کی آنکھیں کمزور تھیں ۔پر راخل خُوبصورت اور خوش شکل تھی۔ 18 ۔اور یعقوب راخل پر فریفتہ تھا ۔سو اُس نے کہا ۔کہ تیری چھوٹی بیٹی راخل کے لئے میَں سات برس تیر ی خدمت کروں گا ۔ 19 ۔لابن بولا۔ اِس کی نسبت کہ میَں اُسے کسی اور کو دُوں ۔یہ بہتر ہے کہ تجھے دُوں۔ سو تُو میرے ہاں رہ۔ 20 ۔چُنانچہ یعقوب سات برس تک راخل کے لئے خدمت کرتا رہا۔پر اُس کی محبت کے سبب سے اُسے وہ تھوڑے دِن ہی معلوم ہُوئے ۔ 21 ۔ اور یعقوب نے لابن سے کہا ۔میری بیوی مجھے دے ۔تاکہ میَں اُس کے پاس جاؤں ۔کیونکہ میرے دِن پُورے ہُوئے ۔ 22 ۔ تب لابن نے سب کو بُلا کر شادی کی ضیافت کی ۔ 23 ۔اور رات کے وقت اُس نے اپنی بیٹی لیاہ کو اُس کے پاس بھیجا ۔اور وہ اُس کے پاس گیا۔ 24 ۔اور لابن نے اپنی لونڈی زلفہ اپنی بیٹی لیاہ کے ساتھ دی ۔تاکہ اُس کی لونڈی ہو ۔ 25 ۔جب صبح ہُوئی ۔تو اُس نے دیکھا ۔کہ وہ لیاہ ہے۔تب اُس نے لابن سے کہا ۔تُو نے مجھ سے ایسا کیوں کیِا ؟ کیا میَں نے راخل کے لئے تیری خدمت نہیں کی ؟ پھر تُو نے کس لئے مجھے دغا دِیا ؟ 26 ۔لابن نے کہا۔ ہمارے ملک میں دستور نہیں کہ چھوٹی کو پہلوٹھی سے پہلے بیاہ دیں۔ 27 ۔اُس کا ہفتہ پُورا کر ۔اور تیری اور سات برس کی خدمت کے لئے جو تُو میرے پاس کرے گا ۔ہم اُسے بھی تجھے دیں گے ۔ 28 ۔یعقوب نے ایسا ہی کیا اور اُس کا ہفتہ پورا کیا۔تب اُس نے اپنی بیٹی راخل کو بھی اُسے بیاہ دِیا ۔ 29 ۔اور لابن نے اپنی لونڈی بلہاہ اپنی بیٹی راخل کو دی ۔کہ اُس کی لونڈی ہو۔ 30 ۔تب یعقوب راخل کے پاس بھی گیا ۔اور راخل کو لیاہ سے زیادہ پیار کرتا تھا ۔تب اور سات برس لابن کی خدمت کی ۔ 31 ۔ اور خُداوند نے دیکھا کہ لیاہ سے نفرت کی گئی ،تو اُس نے اُس کا رحم کھولا ۔مگر راخل بانجھ رہی ۔ 32 ۔اور لیاہ حاملہ ہُوئی اور اُس سے بیٹا ہُؤا۔اور اُس نے اُس کا نام روبن رکھا ۔کیونکہ اُس نےکہا ۔کہ خُداوند نے میرا دُکھ دیکھا ۔اور اب میرا شوہر مجھے پیار کرے گا۔ 33 ۔اور وہ پھر حاملہ ہوئی ۔اور اُس سے بیٹا ہُؤا۔اور بولی ۔کہ خُدا وند نے سُنا کہ مجھ سے نفرت کی گئی ۔اِس لئے اُس نے مجھےیہ بھی بخشا ۔ 34 ۔سو اُس نے اُس کا نام شمعون رکھا ۔اور پھر اُسے حمل ہُؤا۔ اور بیٹا پیداہُؤا ۔اور وہ بولی ۔کہ اب کی دفعہ میرا شوہر مجھ سے ملا رہے گا ۔کیونکہ مجھ سے اُس کے لئے تین بیٹے پیدا ہُوئے ۔اِس لئے اُس کا نام لاوی رکھا ۔ 35 ۔اور وہ پھر حاملہ ہُوئی اوراُس سے بیٹا ہُؤا۔اور وہ بولی۔ کہ اب میَں خُداوند کی ستائش کرُوں گی اِس لئے اُس کا نام یہوداہ رکھا ۔پھر اُس کے اولاد ہونے میں وقفہ ہُؤا۔