باب

1 مَن اور بٹیرے پھر وہ ایلیِم سے روانہ ہُوئے اور ملکِ مصر سے نکلنے کے بعد دُوسرے مہینہ کے پندرھویں دِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت صیِن کے بیِابان میں آئی ۔جو ایلِیم اور سیناؔ کے درمیان ہے۔ 2 ۔اور بنی اِسرائیل کی کل جماعت بیِابان میں موُسیٰ اور ہارون پر کُڑکُڑائی۔ 3 ۔اَور بنی اِسرائیل نے اُن سے کہا ۔ کاش کہ ہم خُداوند کے ہاتھ سے ملک ِمصرؔ میں مارے جاتے جہاں کہ ہم گوشت کی ہانڈیوں کے پاس بیٹھتے اَور روٹی سیر ہو کر کھاتے تھے ۔ تم ہمیں اِس بیِابان میں نکال لائے ہو تاکہ اِس سارے مجمع کو بھوک سے ہلاک کرو ۔ 4 ۔ تب خُداوند نے موُسیٰ سے فرمایا ۔ دیکھ میَں آسمان سے تمہارے لئے روٹی برساؤں گا ۔ یہ لوگ ہر روز نکل کر جِتنا ایک دِن کے لئے کافی جمع کریں تاکہ میَں اُن کا امتحان کرُوں۔ کہ وہ میری شریعت پر چلیں گے یا نہیں۔ 5 ۔اور جب چھٹا دِن ہو تو جو لائیں اُسے تیار کر کے رکھ لیں اور چاہیے ،کہ ہر روز کی جمع کی مقدار سے وہ دُگنا ہو۔ 6 ۔سو موُسیٰ اور ہارون نے سب بنی اِسرائیل سے کہا ۔ کہ شام کو تم جانو گے۔ کہ خُداوند ہی تمہیں ملک ِمصر سے نکال لایا۔ 7 ۔اور صبح کو تم خُداوند کا جلال دیکھو گے۔ کیونکہ اُس نے تمہارا اُس پر کُڑکُڑانا سُنا۔ کیونکہ ہم کون ہیں ۔جو تم ہم پر کُڑکُڑاتے ہو؟ 8 ۔اور موُسیٰ نے کہا کہ خُداوند شام کے وقت تمہیں گوشت کھانے کو اَو ر صبح روٹی پیٹ بھرنے کو دے گا کیونکہ اُس نے تمہار ا اُس پر کُڑکُڑانا سُنا ۔ کیونکہ ہم کیا ہیں؟ تمہارا کُڑکُڑانا ہم پر نہیں بلکہ خُداوند پر ہے۔ 9 ۔اَور موُسیٰ نے ہارون سےکہا ۔ کہ بنی اِسرائیل ؔ کی ساری جماعت سے کہہ دے کہ خُداوند کے سامنے حاضر ہو۔ کیونکہ اُس نے تمہاری کُڑکُڑاہٹ سُنی۔ 10 ۔جب ہارون نے اِسرائیل کی ساری جماعت سے یہ کہا۔ تو اُنہوں نے بِیابان کی طرف نظر کی ۔ اَور دیکھو خُداوند کا جلال بادل میں ظاہر ہُؤا۔ 11 ۔تب موُسیٰ نے خُداوند سے کلا م کر کے فرمایا۔ 12 ۔میَں نے بنی اِسرائیل کا کُڑکُڑانا سُنا۔ تُو اُن سے کہہ دے ۔ کہ شام کے وقت تم گوشت کھاؤ گے۔ اَور صبح کو روٹی سے سیر ہوگے۔ اَو ر تم جانو گے کہ میں تمہارا خداوند ا خُدا ہُوں۔ 13 ۔اَور جب شام ہُوئی ۔بٹیروں نے اُوپر آکر خَیمہ گاہ کو چھُپا لیِا۔ اَور صُبح کے وقت خَیمہ گاہ کے گرِد اَوس پڑ ی ۔ 14 ۔اَور جب اَوس جاتی رہی ۔ تو دیکھو بیِابان میں ایک چھوٹی گھُٹی ہُوئی برف سی زمین پر پڑی تھی ۔ 15 ۔جب بنی اِسرائیل نے اُسے دیکھا ۔تو ایک دُوسرے سے کہنے لگے ۔ مَنّ ہو؟ جس کے معنی ہیں یہ کیا ہے! کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے ۔ کہ وہ کیا ہے ۔ تب موُسیٰ نے اُن سے کہا ۔ یہ وہ روٹی ہے جو خُداوند نے تمہیں کھانے کو دی ہے۔ 16 ۔یہ وہ بات ہے جو خُداوند نے فرمائی ہر ایک اُس میں سے بقَدر اپنے کھانے کے جمع کرے ۔ فی کس ایک اومر۔ ہر ایک ، جانوں کے شُمار کے مطُابق جو اُس کے خَیمہ میں ہیں ، لے۔ 17 ۔ اور بنی اِسرائیل نے ایسا ہی کیِا۔ اَور اُن میں سے بعض نے زیادہ اور بعض نے تھوڑا جمع کیِا۔ 18 ۔ اور جو اومر سے ناپا جس نے زیادہ جمع کیا تھا اُس کا بڑھا نہیں اور جس نے تھوڑا جمع کیِا تھا اُس کا گھٹا نہیں ۔ مگر ہر ایک نے بَقدر اپنے کھانے کے جمع کیِا تھا۔ 19 ۔اور موُسیٰ نے اُن سے کہا ۔ کہ اُس میں سے کوئی صُبح تک کچھ باقی نہ چھوڑے۔ 20 ۔اَور اُنہوں نے موُسیٰ کی نہ سُنی ۔ اور بعض آدمیوں نے اِ س میں سے کچھ صُبح تک بچا چھوڑا۔ تو اِس میں کیڑے پڑ گئے اور وہ بدبودار ہوگیا اَور موُسیٰ اُن پر ناراض ہُؤا۔ 21 اَور وہ ہرایک ہرصُبح کو بَقدر اپنے کھانے کے جمع کرتے اَور جب دُھوپ تیز ہوتی تو وہ پگھل جاتا تھا۔ 22 ۔اَو ر جب چھٹا دِن ہُؤا۔ تو اُنہوں نے ہر ایک کے واسطے دو دو اومر خوراک کے جمع کئے ۔ اَور جماعت کے سب سرداروں نے آکر موُسیٰ کو خبر دی۔ 23 ۔ تو اُس نے اُن سے کہا ۔ یہ وہی ہے جو خُداوند نے فرمایا۔ کل خاص آرام کا دن یعنی خُداوند کا مقُدس سبت ہے۔ جو تمہیں پکانا ہو پکا لو اَور جو اُبالنا ہو اُبال لو۔اور جو بچ رہے اُسے کل کے لئے رکھ چھوڑو۔ 24 ۔چُنانچہ جیسا موُسیٰ نے کہا تھا اُنہوں نے صُبح تک رکھ چھوڑا۔وہ نہ بَدبودا ر ہُؤا نہ اُس میں کیڑے پڑے۔ 25 ۔ اَور موُسیٰ نے کہا۔ کہ اُسے آج کھاؤ ۔ کیونکہ آج خُداوند کا سبت ہے۔ آج تم اُسے میدان میں نہ پاؤگے۔ 26 ۔چھ دِن تم اُسے جمع کرو ۔ جب کہ ساتواں دِن خُداوند کا سبت ہے۔اُس میں کچھ نہ پاؤ گے۔ 27 ۔اَور جب ساتواں دِن ہُؤا ۔تو لوگوں میں سے بعض آدمی جمع کرنے کے لئے باہر گئے مگر کچھ نہ پایا ۔ 28 ۔اَور خُداوند نے موُسیٰ سے فرمایا ۔ کہ کب تک تم میرے حکموں اور شریعتوں کے ماننے سے اِنکار کرو گے۔ 29 ۔دیکھو خُداوند نے تمہارے لئے سبت بنایا ہے۔ اِس لئے وہ چھٹے دن تمہیں دو دِن کا کھانا دے گا۔ لہذا ہر ایک اپنے مکان کے اندر ٹھہرے ۔ اَور ساتویں دِن کوئی اپنے مکان سے باہر نہ جائے۔ 30 ۔ پس ساتویں دِن لوگوں نے آرام کیِا۔ 31 ۔ اور اِسرائیل کے گھرانے نے اُس کا نام مَنّ رکھا ۔ اَور وہ دھنیے کے بیج کی طرح سفید اور مزہ میں شہد میں پکائے ہُوئےحَلوہ کی طرح تھا۔ 32 ۔اَور موُسیٰ نے کہا ۔خُداوند نے یہ حکم فرمایا ہے ۔ اُس میں سے ایک اومر بھر اپنی پُشتوں کے لئے محفوظ رکھو تاکہ وہ اُس خوراک کو دیکھیں ، جو میں نے تمہیں بیِابان میں کھلائی ۔ جس وقت کہ میَں نے تمہیں ملکِ مصر سے باہر نکالا۔ 33 ۔ اَور موُسیٰ نے ہارون سے کہا ۔ کہ ایک برتن لے ۔ اور ایک ایک اومر بھر مَن اُس میں ڈال ۔ اَور اُسے خُداوند کے سامنے اپنی پُشتوں کے واسطے محفوظ رکھ۔ 34 ۔ چُنانچہ ہارون نے اُسے صندوقِ شہادت کے آگے محفوظ رکھا ۔ جیسا خُداوند نے موُسیٰ سے فرمایا تھا۔ 35 ۔اَور بنی اِسرائیل چالیس برس تک جب تک کہ وہ آباد زمین میں نہ آئے مَنّ کھاتے رہے ۔ اُس وقت تک کہ وہ ملک کِنعان کی سَرحد تک پہنچے اُنہوں نے مَنّ کھایا ۔ 36 ۔ اَور اومر ایفا کا دسواں حِصّہ تھا۔